کراچی: امن ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل ڈی ایم سی ایسٹ نے اپنے نام کر لیا

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں کھیلے گئے امن ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل ڈی ایم سی ایسٹ نے اپنے نام کرلیا، صوبائی وزیر سعید غنی نے انعامات تقسیم کئے۔
کراچی امن ٹیپ بال نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ڈی ایم سی ایسٹ ٹیم سندھ پولیس کو فائنل میں شکست دے کر چمپئین بن گئی۔ پاکستان رینجرز سندھ، پولیس اور ڈی ایم سی ایسٹ کے اشتراک سے ٹورنامنٹ میں 12ٹیموں نے شرکت کی، صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ رمضان کے بعد کھیل کے میدانوں کو خالی کرانے کا آپریشن شروع کریں گے۔
سابق کپتان سرفراز احمد نے ایونٹ کے انعقاد کو سراہا جبکہ ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ نے نوجوانوں کو کھیل کے مواقع فراہم کرنے کی ٹھان لی۔ اختتامی تقریب میں صوبائی وزیر سعید غنی نے کامیاب ٹیموں میں انعامات اور ٹرافی تقسیم کی۔

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد کمی آنے لگی

لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کئی روز سے جاری اضافے کے بعد کمی آنے لگی۔
امریکی کروڈ آئل کی قیمت ایک اعشاریہ ایک پانچ فیصد کمی کے ساتھ ایک سو دو اعشاریہ چھ ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔ برطانوی آئل کی فی بیرل قیمت میں ایک اعشاریہ ایک ایک فیصد کمی ہوئی جس کے بعد اس کی نئی قیمت ایک سو سات اعشاریہ دو ڈالرز فی بیرل پر پہنچ گئی۔

عمران خان نے خود اسمبلی توڑ کر امریکی سازش کو کامیاب بنایا: فیصل سبزواری

کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے خود اسمبلی توڑ کر امریکی سازش کو کامیاب بنایا، ہمیں کسی امریکی سفیر نے نہیں کہا کہ ہم سازش کر رہے ہیں، آپ عمران خان کے خلاف ووٹ دیں۔
ایم کیو ایم پاکستان نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کے زیر اہتمام دعوت افطار کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کے رکن و وفاقی وزیر برائے بحری امور فیصل سبزواری نے سابقہ حکمران جماعت پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان صاحب نے کہا کہ ہم اٹھارویں ترمیم کی وجہ سے سندھ میں کام نہ کرسکے، ملک کا وزیر اعظم اور صدر مملکت سمیت پوری وفاقی کابینہ ہونے کے باوجود اگر عمران خان شہر کے لئے کچھ نہ کر پائے تو اس پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔
فیصل سبزواری نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کا تو نہیں معلوم لیکن امپورٹڈ قیادت شہر کے مسائل حل نہیں کرسکتی، شہر کے مقامی لوگ ہی مقامی لوگوں کے مسائل حل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے آئین توڑا تھا، اس لئے رات بارہ بجے عدالت کی بتی جلی، ہمارے بد ترین مخالف بھی کہہ رہے ہیں کہ اس پورے سیاسی عمل میں سب سے زیادہ بردباری کا مظاہرہ ایم کیو ایم نے کیا، ہمیں اس شہر میں نفرت کی سیاست کو ختم کرنا ہے، ہم نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنے کی کوشش کی ہے، 30 برسوں بعد بیلنس شیٹ بنانے کی ضرورت ہے تاکہ غلطیوں کو محاسبہ کیا جاسکے۔
ایک سوال کے جواب میں فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ویگو چھوڑیں ان میں سے بہت سارے لوگ ویسپا کی بھی مار نہیں ہیں۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے احتساب عدالت سے بیرون ملک سفر کی اجازت مانگ لی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے احتساب عدالت سے بیرون ملک سفر کی اجازت مانگ لی۔
ذوالفقار عباس نقوی ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست میں کہا گیا کہ نارووال سپورٹس سٹی ریفرنس کی سماعت 26 اپریل کو مقرر ہے، رمضان کے آخری عشرے میں عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جانا چاہتا ہوں،ایک بار سفر کی اجازت دی جائے، ایک ہفتے میں واپس آ جاؤں گا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب سے وطن واپسی پر عدالت کے سامنے پیش ہونے کی یقین دہانی کراتا ہوں۔

بلوچستان: سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں جھڑپ، میجر شہید، سپاہی زخمی

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان میں آواران کے قریب کاہان میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں جھڑپ کے دوران میجر شاہد بشیر بہادری سے لڑتے ہوئے شہید جبکہ ایک سپاہی زخمی ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کی چوکی کو نشانہ بنایا، سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے دہشتگرد پسپا ہوکر فرار ہوگئے۔ دہشتگردوں اور سکیورٹی فورسز میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، سکیورٹی فورسز قوم کے تعاون سے بلوچستان کا امن و استحکام سبوتاژ کرنے کی کوشش ناکام بنانے کیلئے پر عزم ہے۔

کراچی: گڈاپ میں سرکاری زمینوں پر قبضہ کر کے غیرقانونی گوٹھ بنانے کا انکشاف

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے ضلع ملیر تعلقہ گڈاپ میں سرکاری زمینوں پر قبضہ کر کے غیرقانونی گوٹھ بنانے کا انکشاف ہوا ہے، ضلع ملیر انتظامیہ نے تعلقہ گڈاپ کے 14 گوٹھ غیر قانونی قرار دے کر عوام کو پلاٹس کی خریداری سے روک دیا۔
کراچی کے ضلع ملیر میں سرکاری زمینوں پر قبضہ کر کے جعلی گوٹھ آباد سکیم کے نام پر پلاٹس فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے، ضلعی ڈپٹی کمشنر عرفان سلام کے مطابق نان کلاس سرکاری زمینوں پر جعلی کھاتے ظاہر کر کے جعلی گوٹھ آباد سکیم نام پر سادہ لوح شہریوں کو لوٹا جارہا ہے، انتظامیہ نے گڈاپ کی حدود میں واقعہ چودہ گوٹھوں کو جعلی قرار دے دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ملیر عرفان سلام میروانی کا کہنا ہے شہری ان سکیموں میں زمین کی خریدوفروخت نہ کریں، زمین غیرقانونی طور پر حاصل کی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق صالح جمانی، سلطان جوکھیو، داﺅد خاصخیلی گوٹھ ، لعل محمد، دریا خان گبول، امام بخش، علی داد، حنا کوآپریٹو سوسائٹی، عمرگبول، خیرمحمد، مری گوٹھ اور دیپار گوندل گوٹھ کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا نوٹیفکیشن لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا نوٹیفکیشن لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
چیف جسٹس نے بلدیاتی انتخابات کیخلاف درخواست پر دو رکنی بنچ تشکیل دے دیا۔ جسٹس شجاعت علی خان اور جسٹس شاہد جمیل پر مشتمل بنچ 25 اپریل کو سماعت کرے گا۔ صدر لاہور ہائیکورٹ بار نے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا نوٹیفکیشن چیلنج کیا۔

‘بلاول اور نواز کی سیاسی مقبولیت کا عالم یہ ہے گارڈز کے بغیر باہر نہیں نکل سکتے’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فواد چودھری نے بلاول اور نواز شریف کی ملاقات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کی سیاسی مقبولیت کا عالم یہ ہے کہ پاکستان تو بھول جائیں لندن میں بھی گارڈز کے بغیر باہر نہیں نکل سکتے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ریسٹورینٹس ٹیبلز پر گارڈ بٹھانے پڑتے ہیں کہ کوئی پاکستانی ہوا تو وہ جوتا نہ مار دے اور یہ لندن میں پاکستان کا اگلا سیٹ آپ ڈسکس کر رہے ہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ چوں چوں کا مربع حکومت نے عمران خان پر سب سے بڑے دو الزام عائد کئے ہیں، انھوں نے گھڑی خریدی اسے بیچ کر بنی گالہ کی سڑک بنوائی اور دوسرا ہیلی کاپٹر سے روز دفتر آتے تھے، ان دو الزامات سے اندازہ لگا لیں عمران خان نے کس قدر شفاف اور جوابدہ حکومت کی بنیاد رکھی۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ الزام لگانے والوں میں ذرا سی بھی شرم ہوتی وہ ایسی باتیں نہ کرتے، بہرحال اب عمران آپ کے گٹے گوڈوں میں بیٹھ گیا ہے الیکش کراؤ اور گھر جاؤ۔

امریکہ کی یوکرین کیلئے مزید 80 کروڑ ڈالر فوجی امداد کا اعلان

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ نے یوکرین کے دفاع کے لیے 80 کروڑ ڈالر کی اضافی فوجی امداد دینے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی حملے کے خلاف یوکرین کو مزید فوجی امداد دینے کا اعلان امریکی صدر جو بائیڈن نے کیا۔ نئی فوجی امدد میں بھاری آرٹلری کے لیے گولہ بارود کے ایک لاکھ 44 ہزار راؤنڈ اور مشرقی یوکرین ڈونباس کے علاقے میں بڑھتی ہوئی لڑائی میں یوکرینی فورسز کی امدد کے لیے ڈرونز طیارے بھی شامل ہیں۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ گزشتہ ماہ کانگریس نے یوکرین کے لیے 13.6 ارب ڈالر کی امداد کی منظوری دی تھی۔ یہ امداد براہ راست،”آزادی کی اولین صفوں” کو مہیا کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ روسی صدر پوٹن انتظار میں ہیں کہ یوکرین کے معاملے میں ہماری دلچسپی کم ہو جائے اور روسی صدر کو یقین ہے کہ مغرب کے اتحاد میں دراڑ آجائے گی لیکن یہ ان کی غلط فہمی ہے۔
جو بائیڈن نے مزید کہا کہ روس سے تعلق رکھنے والے تمام بحری جہازوں کے امریکی بندرگاہوں میں داخلے پر پابندی ہو گی۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس المناک اور تباہ کن جنگ کا انتخاب روس نے کیا ہے اور امریکہ اور اس کے اتحادی، یوکرین کی عوام اور ان کے ملک کے دفاع میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

جوناتھن 190 برس کا ہو گیا

لاہور : (ویب ڈیسک) دنیا کا سب سے عمر رسیدہ کچھوا جوناتھن 190 برس کا ہو گیا ہے۔
جوناتھن 1832 میں پیدا ہوا تھا اور اس خاص نسل کے کچھوے زیادہ سے زیادہ 150 سال تک زندہ رہ سکتے ہیں لیکن اس کچھوے نے زندہ رہنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں جوناتھن کو دنیا میں سب سے لمبی عمر پانے والے کچھوے کاخطاب دیا گیا ہے۔
یہ کچھوا 39 امریکی صدور، دو عالمی جنگیں کا دور دیکھ چکا ہے، جبکہ زندگی کی دوسری صدی پوری ہونے کرنے میں 10 سال پیچھے ہے۔
جوناتھن کو تقریباً 50 سال کی عمر میں تین دیگر کچھووں سمیت 1882 میں بحر ہند کے سیشیلز سے سینٹ ہیلینا لایا گیا تھا۔
بڑھاپے کی وجہ سے جوناتھن کی دونوں آنکھوں میں موتیا آگیا ہے جبکہ وہ سونگھنے کی حس بھی کھوچکا ہے۔
اس سے پہلے سب سے لمبی عمر پانے والے کچھوے ٹوئی مالیا کی عمر 188 برس تھی۔