شیخ رشید کی روضہ رسولﷺپر حاضری، تصویر شیئر کر دی

کراچی : (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عمرے کی سعادت حاصل کر لی۔ روضہ رسولﷺ پر حاضری کی تصویر بھی جاری کر دی گئی۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے ٹوئٹر اکاونٹ سے ان کی روضہ رسول ﷺ پر حاضری کی تصویر جاری کر دی گئی ہے ۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری کی گئی اس تصویر کے ساتھ پیغام میں لکھا گیا ہے کہ شیخ رشید نے عمرہ کی ادائیگی کے بعد روضہ رسول ﷺپر حاضری دی۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید گزشتہ اتوار کی شام جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ کراچی سے جدہ روانہ ہوئے تھے۔

امریکی رکن کانگریس الہان عمر آج پاکستان پہنچیں گی

امریکا: (ویب ڈیسک) امریکی رکن کانگریس الہان عمر آج پاکستان پہنچیں گی،، پاکستان میں وہ اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گی۔
ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی الہان عمر اپنے اس دورے کے دوران آزاد کشمیر کا دورہ بھی کریں گی، الہان عمر امریکی کانگریس کی رکن بننے والی پہلی دو مسلمان خواتین میں سے ایک ہیں۔
امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے مزید قانون ساز بھارت بھی جائیں گے، بھارت جانے والے قانون سازوں میں 4 سینیٹرز شامل ہیں، وفد 9 روزہ دور ے کے دوران پولینڈ، جرمنی اور متحدہ عرب امارات بھی جائےگا۔
الہان عمرکے والدین کا تعلق صومالیہ سے ہے اور سول جنگ کے دوران 4 سال تک کینیا کے پناہ گزین کیمپ میں مقیم رہیں۔
ان کے خاندان نے 1997 میں منی سوٹا میں رہائش اختیار کی، جہاں صومالی افراد کی بڑی تعداد مقیم ہے۔
ڈیمو کریٹ امیدوار راشدہ طلائب اور الہان عمر سےقبل کوئی مسلم خاتون کبھی کانگریس سے منتخب نہیں ہوئی تھی۔ ان دونوں خواتین نے امریکہ کے وسط مدتی انتخابات2018 میں پہلی بار کامیابی حاصل کی تھی۔
سال2018 میں ہونے والے امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں الہان عمر نے منی سوٹا سے 72 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے، جبکہ ان کے مدمقابل ری پبلکن امیدوار نے صرف 22 فیصد ووٹ حاصل کیے۔
امریکی کے صدارتی انتخابات2020 میں الہان عمر نے منی سوٹا سے2 لاکھ51 ہزار820 ووٹ حاصل کیے جو ڈالے گئے ووٹوں کا64.6 فیصد بنتا ہے۔

مظاہرین کی دھمکیاں، جمائما نے ویڈیو شئیر کر کے لندن پولیس کو ٹیگ کر دیا

لندن : (ویب ڈیسک) لندن میں سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ کے جمائما گولڈ اسمتھ کے بار احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
جس کی ویڈیو جمائما نے سوشل میڈیا پر شئیر کرتے ہوئے میٹرو پولیس کو ٹیگ کر کے سوال کیا ہے کہ کیا یہ سب قانون کے دائرے میں آتا ہے۔
جمائما نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ یہ ان لوگوں کی ویڈیو ہے جو میری 88 سالہ ماں کے گھر کے باہر گھنٹوں سے احتجاج کر رہے ہیںِ اور کہہ رہے ہیں کہ اگر جمائما اور ان کے بیٹے یہاں نیچے نہ آئے تو ہم ان کے بیڈ رومز میں گھس جائیں گے۔
جمائما نے سوال کیا کہ کیا اس طرح کہ دھمکی دینا لیگل ہے؟ ویڈیو میں بھی مظاہرے میں موجود شخص کو اس قسم کی نعرے بازی کرتے سنا جا سکتا ہے۔
یاد رہے چار روز قبل ن لیگی کارکن سابق لندن میں وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کے گھر کے باہر احتجاج کرنے پہنچ گئے تھے، احتجاج میں کارکنان نے نعرے بازی کی اور عمران خان اور ان کے بچوں کے خلاف پوسٹرز بھی اٹھا رکھے تھے۔
جس پر جمائما نے لکھا کہ سوشل میڈیا پر نفرت آمیزنعروں سے ایسا لگتا ہے جیسے وہ 90 کی دہائی کے لاہور میں واپس چلی گئی ہوں۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے ٹوئیٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی کی جانب سے اجتجاج کی کال کا حوالہ بھی دیا۔
جس میں عابد شیر علی نے لکھا تھا کہ اتوار کو لندن میں عمران نیازی کی سابقہ اہلیہ کے گھر کے باہر احتجاج ہوگا۔ تا کہ اس کے بچوں کو بھی پتا چلے ان کا باپ کتنا کمینہ ہے۔

میرے ساتھ پنجاب اسمبلی میں جو ہوا پلاننگ پہلے کرلی گئی تھی، ڈپٹی سپیکر دوست مزاری کی چینل۵ سے گفتگو

لاہور (صدف نعیم)ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری نے چینل فائیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 16 اپریل کو اسمبلی میں جو کچھ ہوا اس پر بہت افسوس ہے‘ ہمارے پارلیمنٹ کی بے تو قیری کی گئی ہے میں سمجھتا ہوں کہ اس کی انکوائری high level پر ہونی چاہئے جس میں تمام لوگوں کو درمیان میں بٹھایا جائے تاکہ ہر بات کا پتہ لگے قوم کو یہ بتانا بہت ضروری ہے حقیقت کیا تھی کس نے کیا کیا ۔میرے ساتھ جو کچھ بھی ہوا وہ سب پہلے سے پلان تھا۔ مجھے کسی چیز کا علم نہیں تھا میں سمجھ رہا تھا ہو سکتا ہے کچھ دائرے میں رہ کر میرے خلاف احتجاج ہو لیکن میرے ہی ساتھ بیٹھنے والوں نے تمام حدیں توڑ دیں۔

بجلی صارفین کیلئے بری خبر، قیمت مزید 3.15 روپے بڑھانے کی درخواست دائر

کراچی: (ویب ڈیسک) بجلی صارفین کیلئے بری خبر، فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مزید 3روپے 15پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دائر کر دی گئی۔
نیپرا بجلی مہنگی کرنے سے متعلق فیصلہ 27اپریل کو کرے گا، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مارچ کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔

ڈالر کی پھر اونچی اڑان، روپے کے مقابلے 96 پیسے مہنگا ہو گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) امریکی ڈالر کی پھر اونچی پرواز، ایک ہی روز میں 96 پیسے مہنگا ہو گیا۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستانی روپے کے مقابلے امریکی ڈالر 96 پیسے اضافے سے 183 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ ہوا۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی ڈالر کی قیمت میں خاصا ضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، انٹربینک میں ڈالر 99 پیسے اضافے سے 182 روپے 54 پیسے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپیہ اضافے سے 183 روپے پر فروخت ہوا۔

روسی فوج نے یوکرین میں لڑنے والے دو برطانوی شہریوں کو گرفتار کر لیا

کیف: (ویب ڈیسک) روسی فوج نے یوکرین میں لڑنے والے دو برطانوی شہریوں کو گرفتار کر لیا، زیر حراست برطانوی جنگجوؤں کو روسی ٹی وی پر پیش کیا گیا۔
برطانوی جنگجوؤں نے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم بورس جانسن سے اپیل کی کہ ان کی رہائی کے بدلے یوکرین میں قید صدر پیوٹن کے قریبی ساتھی کو رہا کیا جائے۔ دونوں برطانوی شہری ماریوپول میں یوکرین فوج کے ہمراہ لڑتے ہوئے روسیوں کی قید میں چلے گئے تھے۔
یوکرینی اپوزیشن پارٹی کے سربراہ کو یوکرینی حکام نے غداری کے الزام میں حراست میں لے رکھا ہے۔

شہباز شریف کی 34 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

وزیراعظم شہباز شریف کی اتحادیوں پر مشتمل 34 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا ہے۔

وفاقی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب منگل کو ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں قائم مقام صدر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے نئی کابینہ کے اراکین سے حلف لیا۔

وفاقی کابینہ مجموعی طور پر 34 اراکین پر مشتمل ہے جس میں 30 وفاقی وزرا، چار وزرائے مملکت اور تین مشیر شامل ہیں۔

کابینہ میں شامل وفاقی وزرا میں خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا ثنااللہ، ایاز صادق، مفتاح اسماعیل، میاں جاوید لطیف، ریاض حسین پیرزادہ، خرم دستگیر، رانا تنویر حسین، مریم اورنگزیب، خرم دستگیر، مرتضیٰ جاوید عباسی، خواجہ سعد رفیق شامل ہیں۔

اس کے علاوہ اعظم نذیر تارڑ، خورشید شاہ، نوید قمر، شیری رحمٰن، عبدالقادر پٹیل، شازیہ مری، سید مرتضیٰ محمود، ساجد حسین طوری، احسان الرحمٰن مزاری، عابد حسین بھایو بھی کابینہ کے وفاقی وزرا میں شامل ہیں۔

کابینہ میں شامل دیگر وفاقی وزرا میں اسعد محمود، سید عبدالواسع، مفتی عبدالشکور، محمد طلحہ محمود، سید امین الحق، فیصل سبزواری، اسرار ترین، شاہ زین بگٹی شامل ہیں۔

وزرائے مملکت میں مسلم لیگ(ن) کی عائشہ غوث پاشا اور عبدالرحمٰن کانجو، پیپلز پارٹی کی حنا ربانی کھر اور مصطفیٰ نواز کھوکھر شامل ہیں۔

مشیروں میں مسلم لیگ(ن) کے مفتاح اسماعیل، پیپلز پارٹی کے قمر امان کائزہ اور ترین گروپ کے عون چوہدری شامل ہیں۔

کابینہ کے ارکان کی حلف برداری کی تقریب پیر کو ہونی تھی تاہم صدر عارف علوی نے اراکین اسمبلی سے حلف لینے سے انکار کردیا تھا جس کے باعث حکومت کو تقریب منگل کی صبح 11 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔

حکومت کی ترجمان محترمہ مریم اورنگزیب نے پیر کو پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ کابینہ کے ارکان کی فہرست کو حتمی شکل دینا ابھی باقی ہے اور عندیا دیا کہ حلف برداری کی تقریب سے قبل آخری لمحات میں تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔

حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) کے رہنما خواجہ آصف نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں دعویٰ کیا تھا کہ اتحادی جماعتوں کے تمام تحفظات دور کر دیے گئے ہیں اور تقریب حلف برداری منگل کو ہو گی۔

انہوں نے نئی کابینہ میں وزارتیں حاصل کرنے والے مسلم لیگ(ن) کے کچھ رہنماؤں کے نام بھی افشا کیے تھے جن میں احسن اقبال کو پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ، اعظم نذیر تارڑ قانون، شاہد خاقان عباسی کو توانائی، جبکہ ایاز صادق کو اقتصادی امور کی وزارت ملے گی۔

اس سے قبل حکمراں مسلم لیگ (ن) کے اندر مخالفت کے باوجود مریم اورنگزیب کو وزیر اطلاعات اور رانا ثنااللہ کو وزیر داخلہ کا قلمدان دینے کا غیر رسمی اعلان کیا گیا تھا اور کہا جاتا تھا کہ مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ یا مشیر بنایا جائے گا۔

خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وزارت خارجہ دی جائے گی تاہم پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک رہنما نے ڈان کو بتایا کہ پارٹی چیئرمین منگل کو اعلان کیے جانے والی کابینہ کا پہلے مرحلے میں حصہ نہیں بن رہے اور وہ کچھ دنوں بعد وزارت کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

قبائلی ضلع سنٹرل اورکزئی میں کوئلے کی کان میں پانی بھرنے سے تین مزدور جاں بحق

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع سنٹرل اورکزئی میں کوئلے کی کان میں پانی بھرنے سے تین مزدور جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔
اورکزئی انتظامیہ کے مطابق سنٹرل اورکزئی میں کوئلے کی کان میں پانی بھرنے سے 5 مزدور پھنس گئے، امدادی کارروائیوں کے دوران دو مزدوروں کو نکال لیا گیا جبکہ تین جاں بحق ہوگئے۔
انتظامیہ کے مطابق جاں بحق تینوں مزدورں کا تعلق شانگلہ سے ہے، زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

جہانگیر ترین گروپ کی بھی کابینہ میں انٹری، عون چودھری کو مشیر بنانے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جہانگیر ترین گروپ کو مرکز میں اہم ذمہ داری دینے کا فیصلہ کر لیا گیا، مرکزی رہنما عون چودھری کو وزیراعظم کا مشیر بنانے کے اعلان کے بعد کابینہ ڈویژن نے سمری تیار کرلی۔
تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرنے والے ترین گروپ کو وفاق حکومت میں اہم ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں ترین گروپ کے مرکزی رہنما عون چوہدری کو وزیراعظم کا مشیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس ضمن میں کابینہ ڈویژن نے سمری تیار کرلی ہے۔
جہانگیر ترین کی جانب سے عون چوہدری نے وفاق اور پنجاب کے معاملات میں اہم کردار ادا کیا تھا، انہوں نے پنجاب میں بزدار سرکار کے خلاف حمزہ شہباز سے تعاون کے لئے اہم ملاقاتیں کیں اور ترین گروپ کی جانب سے تمام معاملات کو حتمی شکل دی تھی۔