وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کیلئے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس کل طلب

صدر آزاد جموں و کشمیر نے قانون ساز اسمبلی کے قائد کے انتخاب کے لیے اجلاس 18 اپریل کو صبح ساڑھے 10 بجے طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق وزارت عظمیٰ کا انتخابی عمل مکمل کرائیں گے۔

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیر اعظم کے انتخاب میں 53 اراکین اسمبلی ووٹ ڈالیں گے جبکہ کامیابی کے لیے 27 ووٹ درکار ہیں۔

آزاد کشمیر اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 32، پپیپلز پارٹی کے 12، مسلم لیگ 7، جے کے پی پی اور مسلم کانفرنس کا ایک ایک ووٹ ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سردار تنویر الیاس کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کر دیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی آزاد کشمیر اور مسلم لیگ ن کے مشترکہ امیدوار چوہدری یاسین ہوں گے۔

آزاد کشمیر کے آئین کے مطابق وزارت عظمیٰ کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے ہو گا جبکہ وزارت عظمیٰ کی کامیابی کے لیے دونوں اطراف سےکامیابی کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔

‏وزیراعظم شہبازشریف کا دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیراتی سائیٹ کا دورہ

‏وزیراعظم شہبازشریف کا دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیراتی سائیٹ کا دورہ۔چلاس کے شہریوں کے لئے معیاری علاج اور دوائی کی فراہمی کے لئے ہسپتال کی تعمیر کی ہدایت تاکہ علاقے کے عوام کو علاج کے لئے اسلام آباد کا دور دراز سفر نہ کرنا پڑے دروازے کی دہلیز پر علاج کی بہترین سہولیات میسر آئیں
‏تمام سال ٹریفک کو رواں رکھنے کے لئے بابوسر ٹاپ ٹنل کے لئے احکامات جاری۔ اسی ہفتے میں فیزیبیلیٹی تیار کرنے کی ہدایت .دیامیر بھاشا ڈیم منصوبے کو 2029 کے بجائے 3 سال پہلے 2026 میں مکمل کرنے کی ہدایت –

شنگھائی میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد چین کے دیگر شہروں میں پابندیاں عائد

شنگھائی میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے بعد چین کے دیگر علاقوں میں بھی پابندیاں عائد کردیں، ملک نے ’ڈائنیمک کلیئرنس‘ کے نقطہ نظر کو برقرار رکھا ہوا ہے جس کا مقصد تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے ویرینٹ اومیکرون کو روکنا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق وبا کی صورتحال کے پیش نظر چین کے مرکزی مینوفیکچرنگ علاقے ژینگ ژو ائیرپورٹ زون نےجمعے سے 14 روز کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے۔

شمالی مغربی چین کے شہر ژیان میں شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر کمپاؤنڈ سے باہر نہ جائیں، اور ایسی کمپنیاں جو ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کر رہی ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔

ملک میں رواں ماہ کورونا وائرس کے درجنوں کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ژیان کے سرکاری عہدیدار نے خوراک سمیت شہریوں کے دیگر خدشات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کا اعلان نہیں کیا گیا ہے نہ ہی شہر پر کسی قسم کی پابندی کا اطلاق کیا گیا ہے۔

حال ہی چین کے مرکزی شہر شنگھائی میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے، 15 اپریل کو یہاں 3 ہزار 590 ایسے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں بیماری کی علامات موجود تھیں جبکہ 19 ہزار 923 کیسز غیر علامتی تھے، اس سے ایک روز قبل 19 ہزار 872 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

پورے ملک کے مقابلے شنگھائی میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد سب سے زیادہ ہے، ڈھائی کروڑ آبادی والے شہر میں لاک ڈاؤن کا نفاذ جاری ہے۔

بڑے پیمانے پر پابندیوں کی وجہ سے سپلائی چین میں مشکلات پیدا ہوئی ہیں، جس سے ایپل سمیت دیگر کمپنیوں کی ترسیلات میں تاخیر کا امکان ہے، اقتصادی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ رواں سال پابندیوں کے سبب ملک کی اقتصادی ترقی کی شرح متاثر ہونے کا امکان ہے۔

امپورٹڈ حکومت کے خاتمے کی کال آنے والی ہے،فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کے خاتمے کی کال آنے والی ہے۔
فواد چودھری نے پشاور اورکراچی میں پی ٹی آئی کے کامیاب جلسے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر پیغام میں کہا ہے کہ پشاور اور کراچی نے بتا دیا ہے کہ ملک نرم انقلاب کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ پاکستان کا ہر شہر تحریر اسکوائر بنے گا۔امپورٹڈ حکومت کے خاتمے کی کال آنے والی ہے تیار رہو۔عمران خان کے اعلان کا انتظار کرو۔

مہنگا ترین تربوز، قیمت 10 لاکھ روپے

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) دنیا کا سب سے مہنگا ترین تربون جاپان میں پایا جاتا ہے جس کی قیمت 10 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دنیا بھر میں تربوز کی لگ بھگ 1200 اقسام ہیں لیکن ڈینسیوک تربوز دنیا کا سب سے مہنگا ترین تربوز ہے جو جاپان میں پایا جاتا ہے۔
تربوز کے نایاب ہونے کی کئی وجوہات ہیں۔ اول یہ بالکل گول اور سیاہ ہوتا ہے۔ اندر سے گودا قدرے سرخ اور مزیدار ہوتا ہے۔ یہ تربوز جتنا میٹھا ہوگا اس کی قیمت بھی اتنی ہی ہوگی۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ یہ بہت کم تعداد میں پیدا ہوتا ہے اور مشکل سے ایک سال میں 100 پھل ہی اگائے جاتے ہیں جو اسے دنیا کا نایاب ترین تربوز بناتے ہیں۔
جاپان میں بعض اشیا کو امرا کی مرغوب غذا کا درجہ حاصل ہے جن میں وھیل کا گوشت، سوشی اور دیگر اقسام کے پھل انتہائی مہنگے ہیں اور ہر غذا ایک نیا ریکارڈ بناتی ہے۔ ان میں ڈینسیوک تربوز بھی شامل ہے جس کی قیمت 5 سے 6 ہزار ڈالر تک ہے۔
پوری دنیا میں یہ جاپان کے ایک چھوٹے سے جزیرے ہوکائیڈو میں کاشت کیا جاتا ہے۔ اسے بہت احتیاط سے پیک کرکے مرکزی بازار میں پہنچایا جاتا ہے اور وہاں اس کی بولی لگائی جاتی ہے۔ سینکڑوں ڈالر سے شروع ہونے والی بولی ہزاروں ڈالر تک جاپہنچتی ہے۔

بھارت میں ناشتہ دیر سے دینے پر بہو قتل

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں ناشتے تاخیر سے دینے پر 76 سالہ سسر نے بہو کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سسر کے ہاتھوں بہو کو قتل کرنے کا واقعہ ریاست مہاراشٹر میں پیش آیا۔ جہاں گھریلو جھگڑے میں 42 سال بہو سیما راجندر کو سسر نے صرف اس بات پر قتل کر دیا کہ اس نے ناشتہ بنانے میں تاخیر کی۔
مقتولہ کو زخمی حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کر دی۔ مقتولہ کو گولیاں پیٹ میں لگیں اور زیادہ خون بہہ جانے کے باعث دم توڑ گئیں۔
پولیس کے مطابق 76 سالہ ملزم نے اپنے لائسنس یافتہ پستول سے گولی چلائی تھی۔ پستول کو تحویل میں لے لیا گیا ہے تاہم ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں گھریلو تشدد کے واقعات عام ہیں اور جہیز کم لانے کے باعث بہوؤں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

نومنتخب وزیراعلیٰ کی آج حلف برداری، حمزہ شہباز اقتدار سنبھالیں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب کی حلف برداری آج ہو گی، حمزہ شہباز گورنر ہاؤس میں حلف اٹھائیں گے۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز کی شرکت بھی متوقع ہے۔
حلف برداری کی تقریب رات آٹھ بجے گورنر ہاوس میں ہو گی۔ تاحال واضح نہیں ہو سکا کہ سپیکر یا گورنر میں سے حلف کون لے گا،گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے تاحال حلف لینے یا نہ لینے کا فیصلہ نہیں کیا۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے متعلقہ اداروں کو انتخابی نتائج سے متعلق مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ گورنر ہاؤس کو بھی وزیراعلیٰ کے انتخابی نتائج سے آگاہ کر دیا گیا ۔
یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی میں گذشتہ روز وزیراعلی پنجاب کے الیکشن کے دوران شدید ہنگامہ آرائی ہوئی اورچودھری پرویز الٰہی زخمی ہوگئے تھے۔

گورنر پنجاب کی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کی سخت مذمت، رپورٹ طلب کر لی

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں وزیراعلی کے الیکشن کے دوران ہنگامہ آرائی کی سخت مذمت کرتے ہیں، انہوں نے سیکرٹری پنجاب اسمبلی سے الیکشن کارروائی کی رپورٹ طلب کر لی۔
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ ‏پارلیمان کا تقدس اور آئین کا تحفظ اسمبلی ممبران کی ذمہ داری ہے‏۔ یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی میں گذشتہ روز ہنگامہ آرائی کے دوران چودھری پرویز الٰہی زخمی ہوگئے تھے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ میری طبیعت بہت خراب ہے، مجھے مارنے کی کوشش کی گئی، یہ مجھے اپنی طرف سے ختم کرکے گئے ، شہباز شریف کے فون پر یہ کارروائی ہوئی، میں ابھی بھی سپیکر ہوں، یہ سپیکر کے ساتھ ہو رہا ہے، میرا بازو توڑ دیا ہے، یہ شریفوں کی جمہوریت ہے۔

حمزہ شہباز کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب کامیابی کا نوٹیفکیشن گورنر ہاؤس کو موصول

لاہور: (ویب ڈیسک) حمزہ شہباز کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب کامیابی کا مراسلہ جاری کر دیا گیا، نوٹیفکیشن گورنر ہاؤس کو موصول ہو گیا ہے۔
ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے متعلقہ اداروں کو انتخابی نتائج سے متعلق مراسلہ جاری کر دیا۔ گورنر ہاؤس کو بھی وزیراعلیٰ کے انتخابی نتائج سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری آج ہو گی۔ نو منتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز گورنرہاؤس میں حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب رات آٹھ بجے گورنر ہاؤس میں ہو گی۔
حلف کون لے گا، سپیکر یا گورنر تاحال فیصلہ نہ ہو سکا، گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے تاحال حلف لینے یا نہ لینے کا فیصلہ نہیں کیا۔

جنگ میں اب تک ڈھائی سے3ہزار یوکرینی فوجی ہلاک ہو چکے، یوکرینی صدر

یوکرین: (ویب ڈیسک) یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ جنگ میں اب تک ڈھائی سے تین ہزار یوکرینی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرین پر روسی حملے کے آغاز سے اب تک ڈھائی سے تین ہزار یوکرینی فوجی مارے جا چکے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے ساتھ انٹرویو میں زیلنسکی نے کہا کہ روسی جنگ میں زخمی ہونے والے یوکرینی فوجیوں کی تعداد دس ہزار سے زائد ہے۔
جبکہ مغربی ممالک کے دعووں کے مطابق روس یوکرین جنگ میں ہلاک ہونے والے روسی فوجیوں کی تعداد بھی ہزاروں میں پہنچ گئی ہے۔
زیلنسکی نے اس سے قبل روسی حملے کے پچاس روز مکمل ہونے پر اپنی فوج اور عوام کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ یوکرین اپنی آزادی اور بقا کی لڑائی جاری رکھے گا۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس لڑائی کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر چار اعشاریہ سات ملین افراد یوکرین سے ہجرت کر کے ہمسایہ ممالک میں پناہ لے چکے ہیں۔