عمران خان کی زیر صدارت سینئر قیادت کا اجلاس، اسمبلیوں کی تحلیل پر تبادلہ خیال

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت سینئر قیادت اور سینیٹرز کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو سینیٹ کی کارروائی پر بریف کیا گیا اور آئندہ آنے والے سیشنز کے حوالے سے بھی رہنمائی لی گئی ہے۔
زمان پارک میں ہونے والے اجلاس کے دوران سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے استعفوں کی منظوری کی حکمت عملی اور میڈیا میں ہونے والی ٹیکنو کریٹ سیٹ اپ کی بازگشت کے حوالے سے بھی تفصیلی طور پرغور کیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما شبلی فراز نے کہا کہ حکومت الیکشن سے بھاگ رہی ہے اس کی تازہ مثال اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ہیں، الیکشن سے وہی سیاسی جماعت بھاگتی ہے جس کے پیچھے عوام کی سپورٹ نہ ہو۔

دہشت گردوں کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پمز ہسپتال کا دورہ کیا اس دوران انہوں نے اسلام آباد آئی ٹین بم دھماکے میں زخمی پولیس اہلکار محمد حنیف کی عیادت کی، زخمی پولیس اہلکار کو پھولوں کا گلدستہ اور چیک بھی پیش کیا۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پولیس اہلکار کو پیشہ وارانہ ڈیوٹی سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس جوانوں کی حاضر دماغی اور پیشہ وارانہ مہارت نے اسلام آباد کو بڑے حادثے سے بچایا، پوری قوم پیشہ وارانہ خدمت پراسلام آباد پولیس کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید عدیل حسین کو تمغہ شجاعت بھی دیا جائے گا، زخمی جوانوں کی مزید کفالت جاری رکھی جائے گی، دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے، بزدلانہ کارروائیوں سے سکیورٹی فورسز کے حوصلے کبھی پست نہیں ہوں گے۔

زرمبادلہ کے ذخائر میں تشویشناک حد تک کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور تاریخ میں پہلی بار مرکزی بینک کے ذخائر تشویشناک حد تک کم ہوگئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے ذخائر 29 کروڑ چالیس لاکھ ڈالرز کی کمی سے 6 ارب ڈالرز سے بھی نیچے آکر 5 ارب 82 کروڑ 19 لاکھ ڈالرز کی تشویشناک سطح پر پہنچ گئے۔
کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 88 کروڑ 53 لاکھ ڈالرز موجود ہیں ۔۔یوں مرکزی بینک کے ذخائر کی سطح کمرشل بینکوں سے بھی کم ہوگئے ہیں۔
ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب 70 کروڑ ڈالر کی سطح پر ہیں۔

ہیلی کاپٹر لینڈنگ روکنے کی کوشش کی تو گورنر ہاؤس کو تالا لگا دیں گے: بیرسٹر سیف

پشاور: (ویب ڈیسک) معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ گورنر نے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کو روکنے کی کوشش کی تو ہم گورنر ہاؤس کو تالا لگا دیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق گورنر کو لیٹر بھیجا گیا شاید گورنر کو ترجمہ کرنا نہیں آتا، ایک ہیلی کاپٹر میں سروس اور دوسرے کے پائلٹ کی چھٹی تھی، گورنر ہاؤس کسی کی ذاتی جاگیر نہیں جہاں وہ کسی کی ہیلی کاپٹرکی لینڈنگ روک سکے۔
معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ گورنر غلام علی کو مشورہ ہے چند دنوں کا مہمان ہے، چائے پیئے، حلوہ اور کھجوریں کھائیں، الیکشن کے بعد موجودہ گورنر کو ہٹا کر ویسے ہی اپنا گورنر لانا ہے۔

ملک معاشی سیاسی و اخلاقی لحاظ سے ڈیفالٹ ہوگیا ہے، سراج الحق

لاہور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ قوم کی بدقسمتی ہے اس وقت ملک معاشی سیاسی و اخلاقی لحاظ سے ڈیفالٹ ہوگیا ہے، ملک میں شدید بدامنی ہے یہاں معیشت ٹھیک نہیں ہو سکتی۔
منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ مرکز میں 12 پارٹیوں کی حکومت ہے جو ڈالر کو پکڑنے، روپیہ کو ترقی دینے اور مہنگائی کم کرنے آئی لیکن اپریل کے بعد ہر گزرتا لمحہ بدتر ہوتا گیا۔ زرمبادلہ چھ اعشاریہ سات بلین ڈالر ہوگیا، ڈار نے کہا تھا کہ ڈالر 200 روپے کا کریں گے لیکن آج 227 روپے سے زائد ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا، پنجاب اور گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے جبکہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، جماعت اسلامی کے علاوہ سب جماعتوں نے قوم کو یرغمال بنا لیا ہے۔ راولپنڈی کے گیٹ نمبر4 کی طرف دیکھنے والے آج بھی ان کے اشارے کے منتظر ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ مفادات کی جنگ ہے جس میں پورا ملک جل رہا ہے، کچھ مشیر و وزراء اور کچھ وزرائے مملکت بن گئے۔ مہنگائی، بدامنی اور بے روزگاری کا حکومت نے عوام کو تحفہ دیا، آٹا بھی سونا کی طرح ہوگیا ہے، 135 روپے کا ایک کلو آٹا ہے، دوائی کی قیمتیں آسمان پر ہیں کوئی رحم کرنے والی حکومت نہیں ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ کہہ چکے ملک ڈیفالٹ ہو چکا ہے، پہلے غریب دال روٹی چلا سکتا تھا اب وہ بھی بند ہوگیا، حکمرانوں کے پروٹوکول اور عیش و عشرت میں کوئی کمی نہیں، حکمران جب گزرتا ہے تو لگتا ہے کوئی بادشاہ گزر رہا ہو۔
انہوں نے کہا کہ کرپٹ مافیا نے قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا ہے، معاشی بربادی سے ملک دنیا میں تماشا بن گیا ہے، اوورسیز نے اگر پیسے دینا بند کر دیا تو سانس لینا مشکل ہو جائے گا۔
سراج الحق نے کہا کہ آڈیو ویڈیو سامنے آ رہی ہے جن کی نہیں آئی وہ بھی کہہ رہے ان کی بھی آنے والی ہے، مغرب کی تو بہت باتیں بتاتے ہیں لیکن وہاں لیڈر کے بارے میں اتنی چیزیں آ جائے تو گناہوں کا اعتراف کرتا ہے، اس حمام میں سب بے لباس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گوادر میں مقامی لوگوں نے دھرنا دیا، پانی ان کا حق ہے، اپنے سمندر میں روزگار بارڈر ٹریڈ مانگتا ہے، اب تک مرکزی و صوبائی حکومتوں نے گوادر کے لوگوں سے کوئی بات نہیں کی بلکہ خیمہ چھین کر لوگوں کو گرفتار کرلیا۔
سراج الحق نے کہا کہ تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں، سب کو نصیحت کرتا ہوں تشدد سے حقوق نہیں مل سکتے، پر امن جدوجہد سے سب حاصل ہوتا ہے، گوادر کے لوگوں کو ہر قیمت پر پرامن ہونا چاہیے، حکومت سے مطالبہ ہے کہ گوادر کے احتجاج کرنے والے لوگوں سے ڈائیلاگ کرے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ گوادر میں ہر طرح کے مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں، گوادر و حکومت میں جو مذاکرات ہوئے جماعت اسلامی نے سہولت کاری دی تھی۔

ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ کی آئین میں کوئی شق نہیں ہے، علی زیدی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ کی آئین میں کوئی شق نہیں ہے، واحد حل صاف شفاف انتخابات اور 5 سالہ حکومت کو اقتدار کی منتقلی ہے۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی زیدی نے کہا کہ ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ کی بہت سی فضول باتیں ہو رہی ہیں، اس کی آئین میں کوئی شق نہیں، اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں کہ اگلی حکومت پالیسیوں پر عمل کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ جانتے ہوئے کوئی سرمایہ کار نہیں آئے گا کہ نگراں حکومت محدود ہوگی، واحد حل صاف شفاف انتخابات اور 5 سالہ حکومت کو اقتدار کی منتقلی ہے۔

تیل کی خریداری کا معاملہ، روسی وفد کا آئندہ ماہ دورہ پاکستان متوقع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اور روس کے درمیان تیل کی خریداری کے حوالے سے پیشرفت ہوئی ہے جس کے تحت روسی وفد کا 19 اور 20 جنوری کو دورہ پاکستان متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات کی خریداری سے متعلق پاک روس وڈیو لنک اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک اور سیکرٹری پٹرولیم شریک ہوئے، اجلاس میں روسی وزارت توانائی کے حکام نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ویڈیو لنک اجلاس میں دونوں ملکوں کے درمیان آئندہ ہونے والے انٹر گورنمنٹل کمیشن کے اجلاس کے ایجنڈے پر بھی بات چیت ہوئی، اس ضمن میں روسی وزیر توانائی کی سربراہی میں وفد 19 اور20 جنوری کو پاکستان آئے گا۔

جنوبی کوریا؛ سرنگ میں حادثے کے بعد آگ لگنے سے 6 افراد زندہ جل گئے

سئیول: (ویب ڈیسک) جنوبی کوریا میں ایکسپریس وے پر سرنگ میں حادثے کے نتیجے میں 6 افراد زندہ جل گئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت سیول کے نواحی علاقے میں واقع ایکسپریس وے کی ٹنل میں ایک گاڑی اور ٹرک میں ٹکر ہونے کے بعد آگ لگ گئی جو تیزی سے پھیل گئی۔آتشزدگی کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے اور متعدد زخمی ہوئے۔ سیکڑوں فائر فائٹرز نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ بھجنے کے بعد سرنگ کے اندر سرچ آپریشن جاری ہے۔ آگ کے شدید شعلوں کے باعث اٹھنے والے دھوئیں سے متاثر20 افراد کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

سعودی عرب میں سیکورٹی ایجنسی کےسابق سربراہ کو25 سال قید کی سزا

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں سرکاری سیکورٹی ایجنسی کے سابق سربراہ کو 25 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
سعودی عرب میں قیدیوں کے حقوق سے متعلق کام کرنے والی تنظیم کے مطابق سرکاری سیکورٹی ایجنسی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل خالد بن قرار کو کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر25 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
خالد بن قرار نے دسمبر2018 تک سرکاری سیکورٹی ایجنسی میں ڈائرکٹر کے فرائض انجام دئیے تھے۔ انہیں ریٹائرمنٹ لینے کو کہا گیا تھا جس کے بعد خالد بن قرار کیخلاف ستمبر2021 میں کرپشن کے الزامات پر تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اینٹی کرپشن اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کیس ملوث تمام افراد کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی مکمل کی جائے گی۔

پڑوسی کے ساتھ مل کر سیٹی بجانے کا گینیز ورلڈ ریکارڈ

آئیڈاہو: (ویب ڈیسک) تواتر کے ساتھ گینیز ورلڈ ریکارڈ بنانے والے ڈیوڈ رش نے اس بار اپنی ساتھی کے ساتھ ٹیم بنا کر ایک منٹ میں سب سے زیادہ سیٹی بجا کر ایک اور ورلڈ ریکارڈ بنا دیا۔
امریکی ریاست آئیڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش نے ریکارڈ کے لیے کی جانے والی حتمی کوشش سے قبل آندرے اورٹولف اور جوناتھن ہینن کے ساتھ ٹیم بنا کر دو علیحدہ مواقع پر ریکارڈ بنانے کی کوشش کی لیکن ہر بار متعدد وجوہات کی بنا پر کوشش کو نااہل قرار دیا۔
بعد ازاں ڈیوڈ رش نے ہینن کی بیٹی ایرِن کے ساتھ کوشش کر کے 86 بار سیٹی بجا کر ریکارڈ بنایا۔ اس سے قبل 2018 میں برطانوی جوڑی نے 78 بار سیٹی بجا کر یہ ریکارڈ بنایا تھا۔
واضح رہے ڈیوڈ رش اسٹیم ایجوکیشن کے فروغ کے لیے 250 سے زیادہ گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔