اسٹیٹ بینک قانون کے بعد پاکستان غلام ملک بن جائے گا: احسن اقبال

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے پاس سوائے تقریروں کے کچھ نہیں، سانحہ مری کے دوران انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لیتی رہی، آئی ایم ایف پاکستان میں سخت ترین شرائط نافذ کر رہا ہے، اسٹیٹ بینک قانون کے بعد پاکستان غلام ملک بن جائے گا۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دیوالیہ پن کا شکار ہے، وزیراعظم خوشحالی کی جانب جا رہے ہیں، عمران خان جب سے وزیراعظم بنے ان کی آمدن میں کئی گنا اضافہ ہوگیا، حکومت اپنی نالائقی اور نااہلی پردہ ڈالنے کیلئے پاکستان کی مالیاتی خود مختاری کا سودا کر رہی ہے، قائداعظم نے ہمیں انگریز سے آزادی دلائی، عمران نیازی ہمیں انگریز کا غلام بنانے جا رہا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج قوم خاموش رہی تو اس کی سزا آنیوالے سالوں میں غلامی کی صورت میں ادا کرنی پڑے گی، قائداعظم نے اسٹیٹ بینک کو مالیاتی خود مختاری کی علامت قرار دیا تھا، آئی ایم ایف کا وائسرائے کراچی میں بٹھانے کی تیاری ہو رہی ہے، پاکستان کیساتھ جو تباہی ہونے جا رہی ہے اس کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی نااہلی ہے، حکومتی نااہلی سے آئی ایم ایف کو پاکستان پر سخت ترین شرائط لاگو کرنے کا موقع ملا، بیرونی سرمایہ کار پاکستان سے مزید پیچھے ہٹ جائیں گے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان میں نوجوان بیروزگاری کے ہاتھوں خود کشیاں کر رہے ہیں، دنیا کوویڈ 19 کا مقابلہ کر رہی ہے، پاکستان میں نوجوان بیروزگاری کے ہاتھوں خودکشیاں کر رہے ہیں، پاکستان میں مہنگائی ڈبل ڈیجٹس میں ہے، بھارت اور بنگلہ دیشں میں افراط زر سنگل ڈیجیٹ میں ہے، پاکستان میں مس گورننس کا روز نیا واقعہ ہوتا ہے۔

حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا مشن: شہباز شریف آج فضل الرحمان سے ملاقات کرینگے

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان اہم ملاقات آج ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر ہوگی، جس میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد، پی ڈی ایم کی تحریک، لانگ مارچ کو کامیاب بنانے پر مشاورت کی جائے گی۔ ملاقات میں منی بل کو ناکام بنانے کی حکمت عملی اور سانحہ مری میں حکومتی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

امریکہ میں خون کا بحران پیدا ہو گیا

واشنگٹن: (ڈیلی خبریں) امریکہ میں اومیکرون کے پھیلاؤ کے بعد خون کا بحران پیدا ہو گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ریڈ کراس کی جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عوامی اجتماعات پر پابندی اور تعلیمی اداروں میں بندش کی وجہ سے خون کا بحران پیدا ہوا ہے کیونکہ خون کے عطیات میں بڑی تعداد میں کمی واقع ہو گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ سے اسکولوں سے ملنے والے سب سے زیادہ خون کے عطیات کی شرح 62 فیصد تک گر چکی ہے اور اس بڑی کمی کے بعد امریکہ میں خون کا بحران پیدا ہو گیا۔
کورونا وائرس کے باعث پروگرام ملتوی ہونے اور طبی عملے کی کمی کی وجہ سے بھی خون کے عطیات کی کمی کا سامنا ہے اور اس کی وجہ سے 10 فیصد تک خون کے عطیات میں کمی ہوئی۔
امریکہ میں خون کی قلت نے تھیلیسمیا اور اس جیسی دیگر ایسی بیماریاں جن میں خون کی منتقلی ضروری ہوتی ہے ان کے مریضوں کی زندگی موت کے خطرات سے دوچار ہو گئی ہے۔
ریڈ کراس کا کہنا ہے پہلے سے جمع کیے گئے خون کو محض ایک یا ڈیڑھ ماہ ماہ تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے اور اس کے بعد خون کی فراہمی بری طرح متاثر ہو جائے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ کورونا کے دوران جس طرح دوسرے ادارے اور کاروبار متاثر ہو رہے ہیں تو ریڈ کراس کو بھی اس سے بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی سستی کرنے کی منظوری

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی سستی کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
کے الیکٹرک صارفین کے لیے حکومتی رعایتی پیکج کا فیصلہ کر لیا گیا۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے موسم سرما میں کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی سستی کرنے کی منظوری دی۔
نیپرا فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کے گھریلو، کمرشل اور جنرل صارفین کے لیے ریٹ 12.96 روپے فی یونٹ ہو گا اور رعایتی پیکج کا اطلاق گزشتہ سال کی نسبت زائد یونٹس کے استعمال پر ہو گا۔
نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے رعایتی پیکج کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا۔ رعایتی پیکج کا اطلاق یکم نومبر 2021 سے 28 فروری 2022 تک ہو گا۔

سعودی عرب میں اونٹوں کا پہلا فائیو اسٹار ہوٹل

ریاض : (ڈیلی خبریں) سعودی عرب میں دنیا کا پہلا اونٹوں کا اوپن ائیر ہوٹل کھول دیا گیا ہے، ہوٹل عبدالعزیز اونٹ فیسٹیول کے دوران اونٹوں کی خدمت اور انہیں تیار کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ‘ٹیٹا مین’ کے نام سے کھولے جانے والے ہوٹل میں 120 کمرے شامل ہیں جبکہ 50 سے زیادہ خادمین اونٹوں کی دیکھ بھال، گرومنگ اور تحفظ کی خدمات فراہم کریں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہوٹل اپنے مہمان اونٹوں کے لیے فائیو سٹار سروس مہیا کرتا ہے، جس میں کھانا، گرم دودھ، اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اصطبل صاف اور گرم ہو۔
ہوٹل کی جانب سے ابھی تک ایک رات کا کرایہ 18 ہزار مختص کیا گیا ہے۔
اونٹ کے مالکان کا کہنا تھا کہ یہ مالکان اور کلب کے عہدیداروں کے لیے شاندار اور آرام دہ ہے۔ جہاں اونٹوں کو ان کے کمروں میں داخل ہونے سے پہلے جانچا جاتا ہے۔
اونٹوں کا میلہ، جو 40 دن تک جاری رہے گا، یکم دسمبر کو ریاض میں شروع ہوا، جس میں خلیج، امریکا، آسٹریلیا، فرانس اور روس سے اونٹوں کے مالکان اور شوقین افراد کو شامل ہیں۔ یہ تہوار دنیا بھر سے ایک دن میں ایک لاکھ سے زائد زائرین کو راغب کرتا ہے، جس سے سعودی عرب کی روایات کو برقرار رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

عدالت نے دانش کنیریا کی درخواست مسترد کر دی

کراچی : (ڈیلی خبریں) سندھ ہائی کورٹ نے سابق کرکٹر دانش کنیریا کی لیگ کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت سے متعلق درخواست مسترد کر دی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بالر دانش کنیریا کی سندھ ہائی کورٹ میں ڈومیسٹک اور لیگ کرکٹ کھیلنے کی اجازت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سابق کرکٹر دانش کنیریا کی درخواست مسترد کر دی۔
چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔
اسد افتخار ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ دانش کنیریا کی پاکستان کرکٹ بورٹ (پی سی بی) بحالی پروگرام میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے۔
پی سی بی کے وکیل نے کہا کہ دانش کنیریا پر انگلش کاؤنٹی کلب نے عمر بھر کے لیے پابندی لگائی ہے اور دانش کنیریا کی برطانوی عدالت نے بھی اپیل مسترد کی تھی کیونکہ ان پر اسپاٹ فکسنگ کا الزام ہے۔
واضح رہے کہ سابق بالر دانش کنیریا نے گزشتہ برس دسمبر میں پی سی بی کے بحالی پروگرام میں شمولیت کی اجازت دینے کی استدعا کی تھی۔
عدالت میں دائر درخواست میں دانش کنیریا نے موقف اپنایا تھا کہ کرکٹ ہی میرا سب کچھ ہے کوئی دوسرا روزگار نہیں، کرپٹ ترین دیگر کھلاڑیوں کو بحالی پروگرام کا حصہ بنایا جا رہا ہے دیگر کو دوسرا موقع جبکہ مجھے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

وسیم اکرم کی صفائی مہم ۔۔۔ ایک بار پھر شہریوں سے صفائی کی اپیل

کراچی : (ڈیلی خبریں) کراچی میں کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کی جانب سے تین روزہ صفائی مہم جاری ہے، سوئنگ کے سلطان اور سابق عظیم کرکٹر وسیم اکرم نے شہریوں سے ساحل کو صاف رکھنے اور کوڑا کرکٹ نہ پھینکے کی اپیل کی ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ آپ سب لوگوں سے ایک درخواست ہے کہ آپ پورا ملک تو صاف نہیں کر سکتے لیکن کم از کم یہ کوشش تو کریں کہ آپ جہاں رہتے ہیں وہاں ارد گرد صفائی رکھیں ، جیسے قطرے قطرے سے دریا بنتا ہے اسی طرح ایک دن پورا پاکستان صاف ہو گا۔
یاد رہے گزشتہ سال فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کراچی کے ساحلِ سمندر سی ویو پر گندگی کے ڈھیر دیکھ کر اداس ہوگئی تھیں، جس کا اظہار انہوں نے ٹوئٹر پر کیا، انہوں نے کہا کہ گندگی کو دیکھ کر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سی ویو کی گندگی صاف کرنے کے لیے جدوجہد کرنے کے بعد بھی پلاسٹک کا یہ کچرا دیکھ کر دل دُکھ رہا ہے۔
وسیم اکرم کی اہلیہ نے پاکستان عوام سے مخاطب ہوکر کہا کہ آئیے! ہم سب ملکر ایک عہد کرتے ہیں، ہم اس سال اپنے ماحول کی حفاظت کریں گے اور پلاسٹک کو دوبارہ استعمال کریں گے۔

نایاب پرندوں کے گیت نے ٹیلر سوئفٹ کو پیچھے چھوڑ دیا

آسٹریلیا : (ڈیلی خبریں) نایاب پرندوں کے گیت نے مقبولیت میں ٹیلر سوئفٹ کو پیچھے چھوڑ دیا، پرندوں کی چہچہاہٹ پر مبنی البم “آسٹیریلین برڈ کالز” اسٹریلین ٹاپ 50 آڈیو البم کی فہرست میں تیسری جگہ بنالی۔
البم میں مجموعی طور پر 53 پرندوں کی آوازیں شامل ہیں جو ناپید ہونے کے قریب پہنچ چکے ہیں، چارٹ میں “سونگ آف ڈسپیئرنس” نامی گانا ٹیلر سوئفٹ کے گانے سے آگے ہے۔ البم کی ساری آمدنی برڈلائف آسٹریلیا نامی تنطیم کو دی جائے گی۔
چارلس ڈارون یونیورسٹی اور برڈ لائف آسٹریلیا کی رپورٹ خطرے سے دوچار پرندوں کے تحفظ میں کامیابیوں کی دستاویز رپورٹ کرتی ہیں، انہیں امید یہ ہے کہ ان سب کے بعد مزید انواع کو بچایا جا سکے گا۔

کورونا لاک ڈاون کی خلاف ورزی، برطانوی وزیراعظم کو نئے سکینڈل کا سامنا

برطانیہ: (ڈیلی خبریں) کرسمس پارٹی کے تنازعہ کے بعد برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو کورونا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر ایک اور سکینڈل کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کورونا قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وزیراعظم ہاؤس میں تقریب منعقد کی گئی جس میں درجنوں اعلیٰ حکام شریک ہوئے، جس کی تحقیق پولیس کر رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تقریب مئی 2020 میں منعقد ہوئی جب حکومت کی جانب سے اجتماع پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
اس سے پہلے گزشتہ ماہ 10 ڈاؤننگ سٹریٹ میں کرسمس 2020 کی پارٹی کا اسکینڈل بھی منظر عام پر آیا تھا۔ تاہم وزیراعظم بورس جانسن نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی وبا کے دوران 10 ڈاؤننگ سٹریٹ نے کسی قسم کے قواعد کی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔
اس پارٹی سے متعلق بھیجی گئی ای میل میں حکومتی عہدیدار مارٹن رینولڈز نے لکھا تھا کہ انتہائی مصروف عرصے کے بعد اس خوبصورت موسم میں 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے لان میں سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے مشروبات کا اہتمام کریں۔

لاہور: ہاوسنگ سوسائٹی کے باہر دھماکا، 8 افراد زخمی

لاہور: (ڈیلی خبریں) لاہور کے علاقے ملتان روڈ پر واقع ہاوسنگ سوسائٹی کے باہر ہوٹل میں سلنڈر دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں آٹھ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکا ملتان روڈ پر واقع نجی سوسائٹی کے باہر ہوٹل میں پیش آیا، دھماکے کے باعث آٹھ افراد جھلس گئے، ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
ترجمان ریسکیو نے مزید بتایا کہ تمام افراد کو طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔