اقوام متحدہ کی افغانستان کے لیے 4.4 ارب ڈالر کی امداد کی اپیل

لاہور: (ڈیلی خبریں) اقوام متحدہ کے اداروں نے 2022میں افغانستان کے لیے انسانی امداد کے تحت چارارب 40 کروڑڈالر کی امداد کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اپیل کردہ رقم ملک کے جی ڈی پی کا قریباً ایک چوتھائی ہے اور یہ کسی ایک ملک کے لیے اب تک کی سب سے بڑی اپیل ہے۔
اقوام متحدہ کی اپیل کے جواب میں، امریکہ نے اس سال افغانستان کے لیے ابتدائی امدادی پیکج میں 308 ملین ڈالر سے زیادہ کا وعدہ کیا ہے۔
ریاستہائے متحدہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی یو ایس ایڈ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ رقم کمزور لوگوں کے لیے خوراک اور غذائیت، صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات، موسم سرما کے پروگراموں اور لاجسٹک سپورٹ کے لیے فراہم کی جائے گی۔
العربیہ کے مطابق یہ رقم 2021 میں امریکا کی حمایت یافتہ حکومت کے خاتمے کے وقت موصول ہونے والے اعداد وشمار سے تین گنا زیادہ ہے۔
اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے سربراہ مارٹن گریفیتھس نے جنیوا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم عالمی برادری کے سامنے ایک صورتحال کو رکھ رہے ہیں، جس کے بغیر جنگ زدہ ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے منصوبے پیش کیے گئے ہیں، جس سے یہ یقینی بنایا جائے گا کہ امداد براہ راست ضرورت مند لوگوں کو ملے اور حکام کے ہاتھ نہ لگے۔
یاد رہے گذشتہ سال اگست میں 20 سالوں بعد امریکا اور غیر ملکی افواج نے افغانستان سے انخلا کر لیا، افغانستان کی معیشت کو تباہی کے دہانے پرپہنچا دیا۔
امریکا اوراس کے اتحادی ممالک نے افغانستان کے مرکزی بینک کے اثاثے روک رکھے ہیں اور عالمی امدادی اداروں نے امداد بھی روک لی ہے جس کے نتیجے میں جنگ زدہ ملک مزید معاشی بحران سے دوچار ہوگیا ہے، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہواہے اور وسیع پیمانے پر بھوک پھیل گئی ہے۔

انجکشن کا خوف، شہری کورونا سے ہلاک

برطانیہ : (ڈیلی خبریں) برطانیہ میں ایک کمپیوٹر گیمز ڈویلپر کا ماہر انجیکشن سے اس قدر خوف زدہ تھا کہ وہ ویکسین نہ لگوا سکا اور کورونا سے ہلاک ہو گیا۔
برطانوی اخبار کے مطابق 51 سالہ سٹیورٹ گلِیرے نامی شہری کو 20 دسمبر کو اسپتال لایا گیا جہاں وہ ایک دن بعد ہی دم توڑ گیا۔
موت سے پہلے اسپتال سے سٹیورٹ نے ایک پوسٹ کی تھی، جس میں انہوں نے بتایا کہ میری حالت اچھی نہیں مجھے95 فیصد آکسیجن لگائی جا رہی ہے۔لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔
ہلاک ہونے والے شہری کی اہلیہ نے اپیل کی ہے کہ کورونا ویکسین لگوانا لازمی ہے، اگر آپ کو اس کا خوف بھی ہے پھر بھی اپنی جان کی حفاظت کے لیے ویکسین لازمی لگوائیں۔
ڈیویلپمنٹ کمپنی جسٹ ایڈ واٹر کے سی ای او کی حیثیت سے سٹیورٹ گلِیرے گیمنگ انڈسٹری کی ایک نمایاں شخصیت تھے۔ ان کے دو بچے تھے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ان کے پھپھڑے شدید حد تک خراب ہو چکے تھے، جس نے انہیں سانس لینے کے قابل تک نہ چھوڑا تھا۔

کورونا کیسز: بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کل طلب، اہم فیصلوں کا امکان

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کل طلب کرلی۔ تعلیمی اداروں کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 13 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 987 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 9 ہزار 248 ہوگئی۔

امیر ترین اداکارہ بننے پر ایشوریا رائے ٹیکس چور قرار

ممبئی: (ڈیلی خبریں) بالی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے کو بھارتی عوام نے فلم انڈسٹری کی سب سے امیر اداکارہ بننے پر ٹیکس چور قرار دے دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایشوریا پچھلی 2 دہائیوں سے بھارتی فلم انڈسٹری کا حصہ ہیں، 100 ملین ڈالرز کی مجموعی مالیت کے ساتھ اس وقت بالی وڈ کی سب سے امیر اداکارہ ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایشوریا بچن کی مجموعی مالی حیثیت بڑی سکرین سے دور رہنے کے باوجود زیادہ رہنا ایک دہائی سے زائد عرصے سے برانڈ لوریئل کا عالمی سطح پر برانڈ ایمبیسڈر رہنا ہے۔
رپورٹ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ٹیکس چور قرار دیا ہے، اتنا سخت ردعمل سامنے آنے کی وجہ یہ ہے کہ ایشوریا کا نام ان 500 بھارتیوں میں شامل ہے جن کے نام پانامہ پیپرز میں آئے ہیں۔

فرانس میں کورونا کیسز کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، مزید تین لاکھ پچاس ہزار افراد وبا کا شکار

پیرس: (ڈیلی خبریں) فرانس میں کورونا کیسز کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، 24 گھنٹے میں تین لاکھ پچاس ہزار نئے کورونا کیسز سامنے آ گئے جبکہ تین سو اکتالیس اموات ہوئی ہیں۔
فرانس میں پانچ جنوری کو بھی تین لاکھ بتیس ہزار کورونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے، یورپ میں اومی کرون ویرینٹ کے پھیلاؤ کے بعد فرانس میں کورونا کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
فرانس میں رواں ماہ کے وسط تک ویکسین پاس رکھنے والے ہی انڈور تقریبات میں شریک ہوسکیں گے۔

ملتان: جنرل بس سٹینڈ کے سی سی ٹی وی کیمرے ٹھیک نہ ہو سکے، چوری وارداتوں میں اضافہ

ملتان: (ڈیلی خبریں) ملتان میں ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث جنرل بس سٹینڈ کے خراب سی سی ٹی وی کیمرے تبدیل نہیں ہو سکے جس کی وجہ سے چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں بڑھنے پر مسافروں کی اکثریت پریشان ہے۔

ملتان میں جنرل بس سٹینڈ کے تمام سی سی ٹی وی کیمرے گزشتہ چھے ماہ سے خراب پڑے ہیں جس کی وجہ سے رواں ماہ اب تک چوری اور ڈکیتی کی 13 وارداتیں ہو چکی ہیں جس سے مسافروں کی اکثریت عدم تحفظ کا شکار ہوچکی ہے جس پر مسافروں نے حکومت سے بس سٹینڈ کی صو رتحال کا نوٹس لے کر سی سی ٹی وی کیمرے فوری تبدیل کرانے کا مطالبہ ہے۔

میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے نئے کیمروں کا تخمینہ دو کروڑ روپے لگایا لیکن ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث کیمروں کا مسئلہ حل نہیں ہو سکا جس کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کاموقف ہے کہ نئےسی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ترجیح ہے جس کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

جنرل بس سٹینڈ کی چھتیں مختلف جگہوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں اور سہولیات کا بھی فقدان ہے جبکہ رہی سہی کسر گندگی کے ڈھیر نے پوری کر دی ہے۔

وزیراعلی بزدار کی گورنر پنجاب سے ملاقات، عوامی ترقی کے اقدامات تیز کرنے پر اتفاق

لاہور: (ڈیلی خبریں) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے گورنر پنجاب چوہدری سرور سے ملاقات کی جس کے دوران صوبے میں عوامی ترقی و خوشحالی کے لیے اقدامات کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار آج گورنر ہاوس پہنچے، ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے صوبے میں انصاف کارڈ کی فراہمی پر وزیر اعلی پنجاب کی کاوشوں کو سراہا، ملکی معاشی ترقی میں اپوزیشن کی رکاوٹوں کو غیر جمہوری اور غیر اخلاقی قرار دے دیا۔ حکومت اور وزیر اعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے، گورنر و وزیراعلی نے اپوزیشن پر واضح کر دیا۔
چودھری سرور کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین ہر معاملے پر پواٸنٹ سکورنگ نہ کریں، مارچ 2022 اور مارچ 2023 بھی گزر جاٸے گا مگر حکومت قائم رہے گی۔ اپوزیشن کو بھی سب سے پہلے ملکی و عوامی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے، صحت انصاف کارڈ سمیت ہر منصوبے کا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے۔

پنجاب میں اومی کرون کیسز میں اضافہ، لاہور میں 18 افراد میں وائرس کی تصدیق

لاہور: (ڈیلی خبریں) پنجاب میں اومی کرون کیسز میں اضافہ ہونے لگا۔ لاہور میں 18 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ صوبائی دارالحکومت میں متاثرہ افراد کی تعداد 345 اور صوبے میں 361 تک پہنچ گئی۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 13 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 987 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 9 ہزار 248 ہوگئی۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو ہزار 74 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 48 ہزار 924، سندھ میں 4 لاکھ 90 ہزار 10، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 81 ہزار 842، بلوچستان میں 33 ہزار 664، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 433، اسلام آباد میں ایک لاکھ 9 ہزار 660 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 715 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 39 لاکھ 35 ہزار 232 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 120 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 59 ہزار 699 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 628 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 13 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 28 ہزار 974 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 83، سندھ میں 7 ہزار 691، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 945، اسلام آباد میں 967، بلوچستان میں 367، گلگت بلتستان میں 186 اور آزاد کشمیر میں 748 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

قومی کرکٹر یاسر شاہ مبینہ زیادتی کیس میں بے گناہ قرار

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) قومی کرکٹر یاسر شاہ کو مبینہ زیادتی کیس میں بے گناہ قرار دے دیا گیا، اسلام آباد کے تھانہ شالیمار نے یاسر شاہ کا نام ایف آئی آر سے خارج کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ کا نام غلط بیانی کے باعث ایف آئی آر میں شامل ہوا ۔ متعلقہ ایس ایچ او نے موقف دیا کہ یاسر شاہ کا کیس سے کوئی تعلق نہیں ، مدعیہ نے بھی یاسر شاہ کانام کیس سے نکالنے کا کہا۔ ایف آئی آر کی ضمنی رپورٹ جاری کر دی گئی۔

محکمہ موسمیات کی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی

لاہور: (ڈیلی خبریں) موسم کا حال بتانے والوں نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں موسم خشک رہے گا۔ گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے، ملک کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان میں کوئٹہ اور قلات میں موسم شدید سرد رہنے کی پیشگوئی ہے۔