نجی شاپنگ مالز اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کے کیمرے بھی سیف سٹی پراجیکٹ میں شامل

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی روک تھام کیلئے پرائیویٹ شاپنگ مالز اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کے کیمروں کو بھی سیف سٹی پراجیکٹ میں شامل کرلیا گیا۔ پولیس کنٹرول روم بھی سیف سٹی کی عمارت میں منتقل کر دیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت کا سیف سٹی منصوبہ، پرائیویٹ شاپنگ مالز اور ہاوسنگ سوسائٹیوں کے کیمرے بھی سیف سٹی پراجیکٹ میں شامل ہو گئے جس کے بعد کیمروں کی تعداد 1995 ہو گئی۔ آئی جی اسلام آباد کی ہدایت پر پولیس کنٹرول روم بھی سیف سٹی کی عمارت میں منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ کو آرڈی نیشن کو بہتر بنایا جا سکے۔ سیف سٹی کے اندر سوشل میڈیا اور ٹی وی مانیٹرنگ ڈیسک بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اقدام سے جرم کی تحقیقات کیساتھ روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ نئے نظام کے تحت پولیس کے رسپانس ٹائم میں بھی واضع کمی ہوئی ہے اور اب یہ 2 منٹ ہو چکا ہے۔

امریکی شہر فلاڈیلفیا میں میڈیکل ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

واشنگٹن: (ڈیلی خبریں) امریکی شہر فلاڈیلفیا میں میڈیکل ہیلی کاپٹر کریش کر گیا، پائلٹ کی حاضر دماغی کی وجہ سے شیرخوار بچہ اورعملے کے ارکان محفوظ رہے۔ ہیلی کاپٹر میں سوار چاروں افراد کو شدید چوٹیں نہیں آئیں، امریکی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر فضا میں فنی خرابی کا شکار ہو گیا تھا تاہم پائلٹ اسے زمین تک لانےمیں کامیاب رہا۔ پائلٹ کی مہارت کی وجہ سے ہیلی کاپٹر زمین سے زور سے نہیں ٹکرایا جس کے باعث چاروں جانیں بچ گئیں، ہیلی کاپٹر میں بیمار شیر خوار بچے کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا۔

خیبرپختونخوا: رواں مالی سال ترقیاتی بجٹ کا صرف چوتھائی حصہ خرچ ہو سکا

پشاور: (ڈیلی خبریں) خیبرپختونخوا میں رواں مالی سال کے بجٹ میں سو فیصد ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کے باوجود نصف سال میں ترقیاتی بجٹ کا صرف چوتھائی حصہ ہی خرچ ہوسکا، صوبے میں متعدد محکمے ایک پائی بھی خرچ نہ کرسکے۔ خیبرپختونخوا میں جاری مالی سال 2021-22 کے نصف سال کے دوران 371 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سے صرف 89 ارب 23 کروڑ سے زائد روپے خرچ ہوسکے۔ محکمہ خزانہ کی دستاویزکے مطابق حکومت کی جانب سے بندوبستی اضلاع کے 270 ارب میں سے 162 ارب 82 کروڑ روپےجاری ہوئے جس میں سے صرف 70 ارب 23 کروڑ روپے خرچ ہوئے، ضم اضلاع کے لیے مختص 100 ارب 41 کروڑ میں سے 45 ارب سے زائد جاری ہوئے جبکہ صرف 19 ارب روپے ہی خرچ کیے جاسکے۔ ضم شدہ اضلاع میں قومی مالیاتی ایوارڈ کے تین فیصد کے مطابق ملنے والی 34 ارب 65 کروڑ کی رقم میں سے کچھ بھی خرچ نہیں کیا جاسکا، ضلعی اے ڈی پی، ماحولیات، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور دیگر محکمے ایک پائی بھی خرچ نہ کرسکے۔

پشاور: مکان کی بوسیدہ چھت گرگئی، ملبے تلے دب کر 5 خواتین جاں بحق

پشاور: (ڈیلی خبریں) پشاور کی انقلاب کالونی میں مکان کی بوسیدہ چھت گرگئی، ملبے تلے دب کر پانچ خواتین جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو کے مطابق پشاور کے علاقے ارباب روڈ انقلاب کالونی تہکال میں رات گئے مکان کی چھت اچانک منہدم ہوگئی، 7 افراد ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو نے جائے حادثہ سے ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا۔ حادثے میں 5 خواتین جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں ماں اور بیٹیاں شامل ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق مکان کی چھت بارشوں کے باعث خستہ حال تھی۔

کورونا وائرس مزید 13 افراد کی جان لے گیا، 24 گھنٹے کے دوران 2074 نئے مریض

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) کورونا وائرس سے 13 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 987 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 9 ہزار 248 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو ہزار 74 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 48 ہزار 924، سندھ میں 4 لاکھ 90 ہزار 10، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 81 ہزار 842، بلوچستان میں 33 ہزار 664، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 433، اسلام آباد میں ایک لاکھ 9 ہزار 660 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 715 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 39 لاکھ 35 ہزار 232 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 120 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 59 ہزار 699 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 628 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 13 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 28 ہزار 974 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 83، سندھ میں 7 ہزار 691، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 945، اسلام آباد میں 967، بلوچستان میں 367، گلگت بلتستان میں 186 اور آزاد کشمیر میں 748 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

امریکی ریاست نیو جرسی کی سینیٹ میں بھارت کیخلاف مذمتی قرارداد متفقہ منظور

نیو یارک: (ڈیلی خبریں) امریکا کی شمال مشرقی ریاست نیو جرسی کی سینیٹ نے متفقہ طور پر مذمتی قرارداد میں بھارت کی طرف سے 1984ء میں سکھوں کے قتل عام کو نسل کشیُ قرار دیتے ہوئے امریکی صدر اور دیگر حکام سے اس سلسلے میں آواز بلند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سینیٹر سٹیفن ایم سوینی کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد امریکی صدر جوزف بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس، امریکی سینیٹ کے اکثریتی اور اقلیتی لیڈروں ،امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر اور اقلیتی لیڈر اور کانگریس کے ہر رکن کو بھجوائی جائیگی۔
قرارداد میں کہاگیا ہے کہ بھارتی پنجاب کی سکھ برادری نے جس کے ارکان سو برس قبل ہجرت کر کے امریکا آگئے امریکا اور نیو جرسی کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔سکھوں کی نسل کشی یکم نومبر 1984کو نئی دلی میں بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل کے بعد جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، ہریانہ، اتراکھنڈ، بہار، اتر پردیش، مغربی بنگال، ہماچل پردیش، راجستھان، اڑیسہ، جموں و کشمیر، چھتیس گڑھ، تریپورہ، تامل ناڈو، گجرات، آندھرا پردیش، کیرالہ، اور مہاراشٹرریاستوں میں شروع ہو ئی۔
قرارداد میں سکھ مذہب کو دنیا کا پانچواں بڑا مذہب قرار دیا گیا ہے جس کے دنیا بھر میں تقریبا تیس کروڑ نوے لاکھ ماننے والے ہیں جن میں سے دس لاکھ امریکا میں مقیم ہیں۔
قرارداد کے مطابق تین دن تک جاری رہنے والی سکھوں کی نسل کشی میں تیس ہزار سے زائد سکھوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا۔ قرارداد میں16اپریل 2015کو کیلیفورنیا کی ریاستی اسمبلی کی طرف سے متفقہ طور پر منظور کی گئی ایک قراردادکا حوالہ دیاگیا ہے جس میں بھارتی حکومت کی طرف سے سکھوں کے منظم قتل عام کا اعتراف کیا گیاہے۔ قرارداد میں 1984کے سکھ نسل کشی کے دوران اپنی جانیں گنوائیں۔17اکتوبر 2018کو پنسلوانیا کی دولت مشترکہ کی جنرل اسمبلی نے متفقہ طور پر قرارداد HR-1160منظور کی جس میں نومبر 1984میں سکھوں پر ظلم و تشدد کو نسل کشی قرار دیا گیا۔
قرارداد میں کہاگیا ہے کہ عینی شاہدین، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی طرف سے اکٹھے کئے گئے شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارتی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار براہ راست اور بالواسطہ طریقوں سے سکھوں کے قتل عام میں ملوث تھے اور وہ یہ سلسلہ بند کرانے میں ناکام رہے۔2011میںبھارتی ریاست ہریانہ کے علاقوں ہوند چلر اور پٹودی کے دیہات میں اجتماعی قبریںدریافت ہوئی ہیں۔نئی دہلی کے تلک وہار محلے کی “بیوہ کالونی” میں آ بھی ہزاروں سکھ خواتین انصاف کی منتظر ہیں جن کی اجتماعی عصمت دری کی گئی اور ان کے شوہر، والد اور بیٹوں کو قتل کردیا۔سکھوں کے قتل عام میں زندہ بچ جانیوالی آخر کار ہجرت کر کے امریکا چلے گئے اور انہوں نے فریسنو، یوبا سٹی، سٹاکٹن، فریمونٹ، گلینروک، پائن ہل، کارٹریٹ، نیو یارک سٹی اور فلاڈیلفیا میں سکونت اختیار کی اور بڑی سکھ برادریاں قائم کیں۔ 1984میں پورے بھارت میں ریاستی سرپرستی میں سکھوں پر وحشیانہ ظلم و تشدد اور انکے قتل عام کا اعتراف ، انصاف اور احتساب کی جانب ایک اہم اور تاریخی قدم ہے، جودیگر ممالک کی حکومتوں کیلئے ایک مثال بھی ہے۔
ریاست نیو جرسی کی سینیٹ کی طرف سے منظور کی گئی قرارداد امریکی صدر اور نائب صدر، امریکی سینیٹ کے اکثریتی اور اقلیتی لیڈروں ،امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر اور اقلیتی لیڈر اور کانگریس کے ہر رکن کو بھجوائی جائیگی ۔

باکسر عامر خان اور کیل بروک کی فائٹنگ کے 23 ہزار ٹکٹس صرف 6 منٹ میں فروخت

مانچسٹر: (ڈیلی خبریں) انگلینڈ میں ہونے والے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اور کیل بروک کے درمیان مقابلے کے ہزاروں ٹکٹس منٹوں میں فروخت ہوگئے۔
انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں عامر خان اور کیل بروک 19 فروری کو باکسنگ کے رنگ میں مدمقابل ہوں گے۔
اس فائٹ کو دیکھنے کے لیے باکسنگ کے شوقین افراد اس قدر بے تاب ہیں کہ انہوں نے ٹکٹ کی تیزی سے خریداری کر کے کھیلوں کی تاریخ کا منفرد ریکارڈ قائم کردیا۔
کھیلوں کی تاریخ میں پہلی بار اتنی تیزی سے فروخت کے بعد یہ کھیل کی تاریخ میں تیزی سے فروخت ہونے والا ایونٹ بن گیا۔
قبل ازیں اسکائی اسپورٹس سے فائٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے بروک نے کہا کہ وہ عامر خان کی کمزوریوں سے بخوبی واقف ہیں۔ کیل کا کہنا تھا کہ ’میں خان کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ باکسنگ شائقین اس لڑائی کو دیکھنے کے لیے سالوں سے بے تاب ہیں‘۔
انہوں نے ہر صورت عامر خان کا مقابلہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر میرے دونوں ہاتھ ٹوٹ بھی گئے تب بھی میں عامر خان سے فائٹ کروں گا‘۔
گزشتہ ہفتے عامر خان نے اسکائی اسپورٹس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’کھیلوں سے وابستہ تمام ہی کھلاڑی انجریز کا سامنا کرچکے ہیں، میرے لیے بھی چوٹ کوئی نئی بات نہیں، ہاں درد ہے مگر یقین ہے کہ مقابلے سے قبل اس سے چھٹکارا حاصل کرلوں گا‘۔

عمان میں 4 ہزار سال پرانا بورڈ گیم دریافت

مسقط / عمان: (ڈیلی خبریں) ماہرینِ آثارِ قدیمہ کی ایک ٹیم نے عمان میں 4000 سال پرانا ایک بورڈ گیم دریافت کیا ہے۔
بورڈ گیم عمان میں کانسی کے دور (bronze age) سے تعلق رکھتا ہے۔ یہ دریافت پولینڈ میں وارسا کی یونیورسٹی کے سینٹر آف میڈیٹرینین آرکیالوجی اورعمان کی وزارت برائے ورثہ و سیاحت نے کی ہے۔
عمان اور پولینڈ کے اس مشترکہ پروجیکٹ کا مقصد شمالی عمان میں الحجر نامی پہاڑی سلسلوں میں قدیم انسانی آبادکاری کی چھان بین کرنا ہے۔ ماہرین 2015 سے اس خِطے کا تجزیہ کررہے ہیں اور اب تک متعدد دریافتیں ہوچکی ہیں جن میں سے اکثر دریافتیں قبل مسیح سے تعلق رکھتی ہیں۔
وارسا کی یونیورسٹی کی پریس ریلیز کے مطابق ابھی ٹیموں کی توجہ کانسی کے دور کی باقیات پر ہے جس میں سے حالیہ دریافت مذکورہ بالا بورڈ گیم کی ہوئی ہے۔

اینڈرائیڈ کے لیے واٹس ایپ کا ایک اور منفرد فیچر

لاہور: (ڈیلی خبریں) دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ گوگل بیٹا پروگرام کے ذریعے ایک اور نئی اپ ڈیٹ پر کام کر رہی ہے اور وائس نوٹ پلیئر نامی اس اپ ڈیٹ کو عام صارفین کے لیے آنے والی اپ ڈیٹ میں شامل کرے گا۔
واٹس ایپ میں تبدیلیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ واٹس ایپ بیٹا انفو کے مطابق ٹھیک تین ماہ قبل ایپلی کیشن نے آئی او ایس کے لیے واٹس ایپ میں مستقبل کی اپ ڈیٹس کے لیے ایک خصوصیت شامل کی تھی ، صارفین مختلف چیٹس میں جاتے ہوئے وائس نوٹس سننے کے قابل تھے۔
واٹس ایپ اب اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اسی فیچر کو متعارف کرانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ تاہم یہ فیچر ابھی ترقی کے مراحل میں ہے اور جلد ہی صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کاروباری اکاؤنٹس کے لیے اپ ڈیٹس کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے واٹس ایپ ایڈوانسڈ سرچ فلٹر نے ایک نئے فیچر کا اعلان کیا تھا ، اس نئے آپشن کو استعمال کرتے ہوئے کاروباری اکاؤنٹس والے صارفین تلاش کے نتائج کو فلٹر کر سکیں گے۔

درآمدی گیس کو مقامی گیس میں شامل کرکے نئی قیمت مقرر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) حکومت نے درآمدی گیس کو مقامی گیس میں شامل کرکے اوسط قیمت مقرر کرنے کا نظام متعارف کروانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے، گیس کی اوسط قیمت متعین کرنے کا قانون منظوری کے لیے جلد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔
یہ بات وفاقی وزرا اور معاونین خصوصی نے سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز کو بریفنگ میں بتائی۔ بریفنگ میں وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر توانائی حماد اظہر، گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان موجود تھے۔
بریفنگ میں وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا کہ گیس کی اوسط قیمت کا قانون لانے کے بعد فوری طور پر گیس کی اوسط قیمت مقرر کرنے سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ ابھی عوام کو منتقل نہیں کیا جائے گا اور گیس کی قیمتوں کی موجودہ سلیبز برقرار رہیں گی مگر بعد میں بتدریج گیس کی اوسط قیمت کے نظام کے تحت گیس کے اضافے کا بوجھ عوام پر منتقل کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ اگر گورنر اسٹیٹ بینک ان سے مشاورت نہیں کریں گے تو وہ گورنر اسٹیٹ بینک کو نوکری سے فارغ کردیں گے لیکن ایسی نوبت نہیں آئے گی اگر قانون میں کچھ ترمیم کرنا پڑی تو وہ پارلیمنٹ میں جائیں گے اور قانون میں ترامیم کروائیں گے، پاکستان کی پارلیمان سپریم ہے اور تمام فیصلے پارلیمان کو ہی کرنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی خود مختاری آئی ایم ایف کا دیرینہ تقاضا ہے، اسٹیٹ بینک کی خودمختاری کے بل سے حکومت کا کنٹرول ختم ہونے کا تاثر درست نہیں کیونکہ گورنر، ڈپٹی گورنرز اور بورڈ ارکان کا تقرر حکومت کرے گی، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہر ادارے کو خودمختار بنانا چاہتی ہے اور اس حکمت عملی کے تحت اسٹیٹ بنک کی خودمختاری کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اسٹیٹ بینک پر حکومتی کنٹرول کے خاتمے کا تاثر درست نہیں، ضمنی مالیاتی بل سے عام آدمی پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا، جن شعبوں کے لیے ٹیکس چھوٹ ختم کی گئی ہے ان میں سے بیشتر ری فنڈ اور ایڈجسٹ ہو سکتے ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ شرح سود کا تعین زری و مالیاتی مانیٹری پالیسی کمیٹی کرتی ہے، پہلی بار ایکس چینج ریٹ کو مارکیٹ کی حرکیات کے مطابق کیا گیا جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، ایکس چینج ریٹ کو مارکیٹ کی حرکیات کے مطابق کرنے سے حسابات جاریہ کے کھاتوں پر دباؤ کم ہوا ہے۔