ماہرہ خان پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسڈر مقرر

لاہور: (ڈیلی خبریں) معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسڈر مقرر کردیا گیا ہے ۔
پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے لئے ماہرہ خان کو برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا گیا ہے جبکہ مسلسل پانچواں سال ہے جب اداکارہ پشاور زلمی کا حصہ ہیں ۔
ماہرہ خان اس سے قبل ہی ایس ایل 3 ، 4 ، 5 اور سیزن 6 میں بھی زلمی سے منسلک رہیں ۔
پشاور زلمی کے چیرمین جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ ماہرہ خان کو ایک بار پھر زلمی فیملی میں خوش آمدید کہتے ہیں ۔
اداکارہ نے اس موقع پر کہا کہ پشاور زلمی فیملی کاحصہ بن کر پرجوش ہوں اور ٹیم زلمی کو پی ایس ایل سیون کے لیے گڈ لک کا پیغام دیتی ہوں ۔
خیال رہے کہ ماہرہ خان پشاور زلمی کے ہٹ اینتھمز ہم زلمی، زلمی کنگڈم میں بھی جلوہ گر ہوچکی ہیں ۔

خضدار: سی ٹی ڈی کی کارروائی، 3 مبینہ دہشتگرد گرفتار

خضدار: (ڈیلی خبریں) ادارہ برائے انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے خضدار میں اہم کارروائی کرتے ہوئے 3 مبینہ دہشت گرد کو گرفتارکرکے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرلیا ہے ۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خضدارمیں سی ٹی ڈی کے عملے نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئےکالعدم تنظیم کے اہم تخریب کار سمیت 3 مبینہ دہشت گرد گرفتارکرکے انکے قبضہ سے اسلحہ اوردھماکہ خیز مواد برآمد کرلیاہے جو تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
گرفتار دہشت گرد حب میں سیاسی رہنمااکرم ساجدی کے قتل میں ملوث ہیں ۔

اولمپکس تیراک محمد مصطفیٰ قتل، وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے لیا

لاہور: (ڈیلی خبریں)  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے راولپنڈی میں اولمپکس تیراک محمد مصطفیٰ کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔
وزیراعلیٰ نے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے قتل میں ملوث ملزمان کی فی الفور گرفتاری کا حکم دے دیا ہے ۔
سردار عثمان بزدار نے غمزدہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے گی اور لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا ۔

منی بجٹ، حکومت نیا بل لائے ساتھ دیں گے ورنہ مزاحمت ہوگی: شہباز شریف

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکسوں میں اضافہ نہیں ہونے دیں گے، حکومت نیا بل لائے ساتھ دیں گے ورنہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مزاحمت ہوگی۔
قومی اسبلی میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہمنی بجٹ سے ہمارے پاؤں بیڑیوں میں جکڑے جائیں گے، ایک ہاتھ میں کشکول دوسرے میں ایٹمی طاقت کیا ساتھ چل سکتے ہیں، ہمیں بہت سجھ کر فیصلے کرنا ہونگے۔ وزیرخزانہ نے کہا تھا عمران نیازی آئی ایم ایف کے سامنے ڈٹ جائے گا، وزیرخزانہ نے کہا تھا منی بجٹ نہیں آئے گا ٹیکس فری بجٹ ہوگا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج 7 ماہ بعد منی بجٹ آ رہا ہے اور ٹیکس بڑھائے جا رہے ہیں، پی ٹی آئی حکومت نے ایک چیزمیں مہارت حاصل کی وہ ہے یوٹرن، پی ٹی آئی نے عین روایات کے مطابق یوٹرن لیا ہے، مہنگائی سے ستائے عوام پر 350 ارب کا ٹیکس لگایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسد عمر جب وزیرخزانہ تھے تو منی بجٹ میں 400 ارب کے ٹیکس لگائے، شبرزیدی، حفیظ شیخ کی جوڑی نے 700 ارب کے ٹیکس لگائے، اب شوکت ترین مزید 350 ارب کا ٹیکس لگانے کا منی بجٹ لے آئے، اعدادوشماربتارہے ہیں کہ امسال امپورٹ سب سے زیادہ ہونگی۔
لیگی صدر کا کہنا تھا کہ اس ماہ میں بھی سب سے بڑا تجارتی خسارہ ہوا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ دن رات بڑھ رہا ہے، یہ غربت، مہنگائی، خسارے اور مری کا حادثہ کنٹرول نہ کر سکے، آج پاکستان کا سرکلر ڈیٹ 2700 ارب روپے پرپہنچ چکا ہے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکسوں میں اضافہ نہیں ہونے دیں گے، حکومت نیا بل لائے ساتھ دیں گے ورنہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مزاحمت ہوگی، ایک ارب ڈالر کی خاطر گھٹنے ٹیکے جارہے ہیں،ہم یا تو کشکول رکھیں گے یا ایٹمی قوت پر سمجھوتہ کرلیں گے،تبدیلی سرکارنااہل،انہوں نے یوٹر ن میں مہارت کے سوا کچھ بھی نہیں کیا۔

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کا اجلاس طلب

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کا اجلاس 13 جنوری کو طلب کر لیا گیا۔
وفاقی وزیر شفقت محمود اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں کورونا کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں نصابی کتب کی بروقت دستیابی اور ترسیل سے متعلق مشاورت ہوگی اورنصابی کتب کے لئے این او سی کی بروقت فراہمی کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔
گزشتہ دنوں اپنی پریس کانفرنس میں وزیر تعلیم شفقت محمود نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ تعلیمی ادارے بند نہ کریں اور انہیں چلاتے رہیں تاہم اگر حالات زیادہ خراب ہوئے تو ہمیں تعلیمی ادارے بند کرنے پڑیں گے ۔
انہوں نے کہا تھا کہ کورونا وبا میں تعلیم سے متعلق سارے فیصلے صوبائی وزرائے تعلیم کی مشاورت سے کئے گئے ہیں۔

پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ میں شرکت کیلئے سیاسی جماعتوں کو دعوت دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) پیپلزپارٹی نے لانگ مارچ میں شرکت کے لیے سیاسی جماعتوں کو دعوت دینے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع پیپلزپارٹی کے مطابق لانگ مارچ میں شرکت کیلئےعوامی نیشنل پارٹی، عوامی تحریک کو دعوت دی گئی ہے جب کہ لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کیلئے دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کیے جائیں گے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے ن لیگ کو لانگ مارچ میں شرکت کیلئے پہلے ہی دعوت دی جا چکی ہے۔
ذرائع پیپلزپارٹی کے مطابق لانگ مارچ کا مقصد عوامی مسائل کو اجاگر کرنا اور حکومتی نااہلی کو سامنے لانا ہے۔

آصف زرداری نے تحریک انصاف کی بڑی وکٹ اڑا دی

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) سابق صدر آصف علی زردری نے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بڑی وکٹ گرادی۔
سرگودھا سے پی ٹی آئی کے این اے 92 سے ٹکٹ ہولڈر نعیم الدین سیالوی نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ انہوں نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان سا بق صدر سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے وفد کے ہمراہ آصف زرداری سے ملاقات کی اور پی پی میں شمولیت اختیار کی۔
ملاقات کے موقع پر پی پی پی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف ،جنرل سیکریٹری حسن مرتضیٰ، پی پی پی سرگودھا کے ڈویژنل صدر تسنیم قریشی، ضلعی صدر نعمان موہوٹہ، سٹی جنرل سیکریٹری میاں جاوید امجد اور حمید درانی بھی موجود تھے۔

ہمارا اپنا اصلی آئی ایم ایف اوورسیز پاکستانی ہیں: چودھری شجاعت حسین

لاہور: (ڈیلی خبریں) سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے 1 ارب ڈالر کیلئے اتنی تگ و دو کر رہے ہیں ، ہمارا اپنا اصلی آئی ایم ایف اوورسیز پاکستانی ہیں ۔
اوورسیز پاکستانیوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(ق) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے 2021 میں ریکارڈ 33 ارب ڈالر پاکستان کو بھیجے، بطور وزیر اعظم بیرون ملک انتقال کر جانے والے پاکستانیوں کی میتیں پی آئی اے کے ذریعے مفت وطن لانے کا قانون بنایا ، میں نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے انشورنس پالیسی شروع کرنے کی کوشش کی تھی ، لیکن پرائیویٹ انشورنس کمپنیاں اس میں شامل نہیں ہونا چاہتی تھیں ۔
انہوں نے مزید کہا عمران خان نے کہا کہ یہ بڑی اچھی پالیسی ہے، اگر پرائیویٹ انشورنس کمپنیاں یہ نہیں کرتیں تو حکومت کی اپنی انشورنس کمپنی موجود ہے جو یہ کر سکتی ہے، مجھے امید ہے کہ عمران خان کو میری یہ بات یاد ہوگی۔
چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ آج دنیا بھر میں تقریباً 90 لاکھ پاکستانی ہماری معیشت کا اہم ترین ستون ہیں اور یہ لوگ پاکستان کی خدمت اپنی ماں کی طرح کرتے ہیں ۔

اسحاق ڈار کی بطورِ سینیٹر نااہلی کے لیے دوبارہ درخواست دائر

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) الیکشن کمیشن میں اسحاق ڈار کی بطور سینیٹرنااہلی کے لیے دوبارہ درخواست دائر کردی گئی۔
الیکشن کمیشن میں درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں موقف اختیار کیاگیا کہ عطاالحق قاسمی کیس میں چار کروڑ روپے اسحاق ڈار کی طرف واجب الادا ہیں اسحاق ڈار نے ابھی تک عدالتی حکم کی تعمیل نہیں کی لہذا اسحاق ڈار کو نااہل کیا جائے۔

منی بجٹ کا عام آدمی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اب بھی سستا ملک ہے، مہنگائی عالمی مسئلہ ہے، منی بجٹ کا عام آدمی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
14 ویں انٹرنیشنل چیمبرز کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انڈسٹری لگانے کے لیے زمین بہت مہنگی ہوتی ہے، ہم انڈسٹری لگانے کے لیے زمین لیزپرفراہم کریں گے، صنعتیں لگانے کے لیے سرکاری اراضی لیزپردینے کا فیصلہ کیا ہے، کوشش کر رہا ہوں مدینہ کی ریاست لوگوں کی زندگیوں میں آجائے، مدینہ کی ریاست دنیا کا سب سے بڑا انقلاب آیا تھا، مدینہ کی ریاست دنیا کی تاریخ سب سے کامیاب ماڈل تھا، جب معاشرے میں قانون کی بالادستی نہ ہو تو کرپشن بڑھتی ہے، ہماری جنگ پاکستان میں قانون کی بالادستی قائم کرنا ہے، یہ پاکستان کی مستقبل کی جنگ ہے، بنانا ری پبلک میں انصاف نہیں ہوتا۔ کرپشن کی وجہ سے رنگ روڈ منصوبہ تاخیرکا شکارہوا۔
مہنگائی سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی وجہ سے لوگ تکلیف میں ہیں، اس وقت پوری دنیا کا یہ مسئلہ ہے، برطانوی پارلیمنٹ میں بورس جانسن پر گیس کی قیمتیں بڑھنے پر تنقید ہو رہی ہے، ملک میں آئل، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھی، لوگ تکلیف میں ہیں، پاکستان میں ابھی پٹرول کی قیمتیں بھارت،بنگلادیش سے سستی ہیں، کسی بھی حکومت کو اتنا بڑا خسارہ نہیں ملا تھا، سعودی عرب، چین مدد نہ کرتے تو پاکستان دیوالیہ ہو چکا ہوتا، معاشی حالات بہتر ہوئے تو صدی کا بڑا کرائسز کورونا آ گیا تھا، پاکستان نے کورونا کے دوران بہترین پالیسی اپنائی اور مشکل فیصلے کئے، جو ہم نے مشکل فیصلے کیے آج وہی برطانیہ میں بورس جانسن کر رہا ہے، کورونا کے دوران مجھ پربڑی تنقید کی گئی تھی۔ کورونا کے بعد پھرافغانستان کا کرائسزآگیا، پاکستان سے ڈالرافغانستان جانا شروع ہوگیا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پیاز، ٹماٹر بیچ کر خوشحال نہیں ہوسکتے، کورونا کے باوجود لارج سکیل مینو فیکچرنگ میں 15 فیصد اضافہ ہوا، ہماری حکومت کو نااہل کہا جاتا ہے، حکومت نے ملک کو کورونا،بے روزگاری سے بچایا، کنسٹرکشن سیکٹراس وقت بوم کررہا ہے، ایگری کلچر میں 1100 ارب کسانوں نے کمائے، موٹرسایئکل کی ریکارڈ فروخت ہورہی ہے۔ اس بارریکارڈ ٹیکس اکٹھا ہوا ہے، ایک سال میں1300ارب اضافی ٹیکس اکٹھا کیا ہے، کورونا کے باوجود پاکستان کی گروتھ ،ٹیکس ریونیوبڑھا ہے۔
کرپشن کے بارے میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ جنگ صرف میں نے نہیں پورے معاشرے نے جنگ لڑنی ہے، میں تواسے جہاد سمجھتا ہوں، میں ہر روز یہ جنگ لڑتا ہوں، مافیازنے افراتفری پھیلائی ہوئی ہے یہ ہو گیا، وہ ہو گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ایکسپورٹ بڑھانے والوں کو ہرقسم کی سہولت اور انہیں ایوارڈ دینے کی ضرورت ہے۔ ایکسپورٹ، ٹیکس ریونیو اکٹھا کرنا پاکستان کے لیے بہت اہم چیزہے، پاکستان میں کبھی ایکسپورٹ بڑھانے پر توجہ نہیں دی گئی، ایشین ٹائیگربننے والے ملک ایکسپورٹ بڑھانے کی وجہ سے بنے، ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے ہرممکن مدد کریں گے۔ اگرایکسپورٹ نہیں بڑھے گی تو پھرآئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا، پاکستان دنیا میں تقریبا سب سے کم ٹیکس دیا جاتا ہے، پاکستان میں ٹیکس کلچرپروان نہ چڑھانے پر ایف بی آر سمیت سب شامل ہیں، برطانیہ کے حکمران ٹیکس کا پیسہ دیکھ بھال کر استعمال کرتے ہیں، برطانوی لوگ اس لیے ٹیکس دیتے ہیں، بدقسمتی سے پاکستان میں ٹیکس دینے کا کلچرپروان نہیں چڑھا، ہمارے حکمرانوں کا شاہانہ اندازتھا، ٹیکس کلچر کو پروان چڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ امیرملکوں نے بھی کبھی یونیورسل ہیلتھ کی کوشش نہیں کی، سندھ کے علاوہ ہر خاندان کو10لاکھ کی انشورنس دے رہے ہیں۔