برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن ایک اور سکینڈل کی زد میں آگئے

لندن: (ڈیلی خبریں) برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن ایک اور سکینڈل کی زد میں آگئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال جب پوری قوم کورونا ایس او پیز کے تحت تقریبات پر پابندیوں سے دوچار تھی تو ایسے میں ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ میں آؤٹ ڈور پارٹی منعقد کی گئی جس کی سکاٹ لینڈ یارڈ مبینہ غیر قانونی تقریب کی تحقیقات کر سکتا ہے۔
برطانوی میڈیا پر ایک ای میل منظر عام پر آئی ہے جس کے مطابق گزشتہ سال مئی میں وزیر اعظم ہاؤس کے باغ میں پارٹی کا اہتمام کیا گیا ، پارٹی میں بورس جانسن ، ان کی اہلیہ اور 40 سے زائد دیگر افراد شریک ہوئے جبکہ اُس وقت برطانیہ میں 2 سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی عائد تھی ۔
یہ خبر سامنے آنے کے بعد برطانوی میڈیا میں ہلچل مچ گئی اورعوام پر عائد پابندیوں کی خود پیروی نہ کرنے پر برطانوی وزیر اعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ مبینہ غیر قانونی پارٹی کی تحقیقات پر غور کر رہا ہے

امریکا کا افغانستان کو 308 ملین ڈالر کی امداد دینے کا اعلان

واشنگٹن: (ڈیلی خبریں) امریکا نے رواں سال افغانستان کو 308 ملین ڈالر انسانی امداد دینے کا اعلان کردیا ہے ۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی کی جانب سے افغانستان کو دی جانے والی امدادی رقم اشیائے خورونوش، صحت اور دیگر ضروریات مہیا کرنے کے لئے استعمال ہوگی ۔
واضح رہے کہ امریکا نے اقوام متحدہ کی اپیل کے بعد امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے ۔

فوجی اتحاد نے مشن مکمل کرلیا ہے: قازق صدر قاسم جومارت

نورسلطان: (ڈیلی خبریں) قازقستان کے صدر کا کہناہے کہ روسی فوجی اتحاد نے مشن مکمل کرلیا ہے اور2 روز میں فوجیوں کے انخلا کا آغاز ہوجائے گا ۔
قازقستان کے صدر قاسم جومارت نے قوم سے خطاب میں بتایا ہے کہ روسی فوجی اتحاد سی ایس ٹی او 2روز میں فوجی انخلا کا آغازکرے گا اور 10 روز میں تمام غیر ملکی افواج ملک سے چلی جائیں گی۔
صدر نے علی خان اسماعیلوف کو نیا وزیر اعظم بھی تعینات کردیا ہے جبکہ گزشتہ ہفتے ہونے والے پر تشدد احتجاج کو قازق حکومت نے بغاوت قرار دے کر روس سے فوج بھیجنے کا مطالبہ کیا تھا۔

نیویارک اپارٹمنٹ میں آتشزدگی سے زیادہ تر مسلمان جاں بحق ہوئے

نیویارک: (ڈیلی خبریں) امریکا کی ایک رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی میں 9 بچوں سمیت 19 افراد ہلاک اور 63 سے زائد زخمی ہوئے تھے جن کے بارے مین اب انکشاف ہوا ہے کہ یہ زیادہ تر مسلم تارکین وطن تھے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے بتایا کہ گزشتہ روز ہیٹر کے باعث عمارت میں لگنے والی خوفناک آگ سے جاں بحق ہونے والوں میں اکثریت گیمبیا سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کی تھی۔
نیویارک کے علاقے برونکس کے رہائشی اپارٹمنٹ میں آگ لگنے سے 9 بچوں سمیت 19 افراد کے زندگی کے چراغ گُل ہوگئے تھے جب کہ 63 سے زائد زخمی ہوئے تھے تاہم میئر ایرک ایڈمنز نے یہ نہیں بتایا کہ ان میں سے کتنے مسلمان تھے۔
دوسری جانب اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا کے نمائندے کا دعویٰ ہے کہ تقریباً تمام ہی متاثرین مسلمان تھے اور شہر کے میئر کے ساتھ مل ان کے جنازے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
آتشزدگی میں زخمی ہونے یا زندہ بچ جانے والے حکومت سے امداد لینے سے گریز کر رہے ہیں کیوں نہ یہ سب تارکین وطن ہیں اور امداد لینے سے حکومت کی نظر میں آجانے سے ملک بدر کیے جانے کے خوف میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
اس خوف کو مدنظر رکھتے ہوئے نیویارک کے میئر نے متاثرین کو یقین دلایا ہے کہ سرکاری مدد لینے والوں کے نام امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کو فراہم نہیں کیے جائیں گے اور نہ کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے کو دیں گے۔

عثمان مرزا ویڈیو کیس، متاثرہ لڑکے اور لڑکی کا ملزمان کو پہچاننے سے انکار

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) عثمان مرزا ویڈیو زیادتی اور بلیک میلنگ کیس میں متاثرہ لڑکے اور لڑکی نے ملزمان کو پہچاننے سے انکار کردیا ہے۔
ٹرائل کورٹ میں عثمان مرزا کے خلاف ویڈیو اور بلیک میلنگ کیس میں مدعی لڑکے اور لڑکی اپنے بیان سے مکر گئے اورعدالت میں بیان دے دیا ہے ۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں اسلام آباد میں لڑکے اور لڑکی پر تشدد کے کیس میں گرفتار مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت تین ملزمان کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ کیس کی تفتیش میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے تھے کہ عثمان مرزا گینگ نے متاثرہ لڑکی اور لڑکے کو بلیک میل کرکے 13 لاکھ روپے بھی وصول کیے۔

ترکی کے انٹرنیشنل فٹبالر احمت چالک کار حادثے میں جاں بحق

انقرہ: (ڈیلی خبریں) ترکی کے انٹرنیشنل فٹبالر احمت چالک کار حادثے میں جاں بحق ہو گئے ۔
27 سالہ ترک ڈیفنڈر کار حادثے کا شکار ہو گئے ، تیز رفتاری کے باعث ان کی کار قلابازیاں کھاتی مرکزی شاہراہ سے اتر کر کھلے میدان میں جا گری جس کے باعث وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے ۔
ترکش فٹبال ایسوسی ایشن ، ان کی کلب گیلاٹاسارے انتظامیہ اور اہل خانہ سمیت پرستاروں نے اس غم کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ۔

300 وکٹیں، ٹرینٹ بولٹ چوتھے کیوی بولر بن گئے

کرائسٹ چرچ: (ڈیلی خبریں)  ٹرینٹ بولٹ ٹیسٹ وکٹوں کی ٹرپل سنچری مکمل کرنے والے چوتھے کیوی بولر بن گئے۔
ٹرینٹ بولٹ نے وکٹوں کی ٹرپل سنچری کا سنگ میل گزشتہ روز بنگلادیش سے جاری کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے دوسرے دن عبور کیا، لیفٹ آرم سیمر نے کیریئر کے 75 ویں ٹیسٹ میں 300 شکار مکمل کیے۔
ان سے قبل سر رچرڈ ہیڈلی، ڈینئیل ویٹوری اور ٹیم ساؤدی بھی 300 وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں، سیمر نے مہدی حسن کو اپنا 300 واں شکار بنایا۔

پی ایس ایل 7 کی افتتاحی تقریب میں میوزک اور رقص نہیں ہوگا

لاہور: (ڈیلی خبریں) پاکستان سپرلیگ 7 کی افتتاحی تقریب میں اس بار میوزک اوررقص نہیں ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے ذرائع کے مطابق پاکستان سپرلیگ(پی ایس ایل) میں اس بارروایتی رنگا رنگ تقریب کے بجائے افتتاحی تقریب سادگی سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کی افتتاحی تقریب میں میوزک اوررقص نہیں ہوگا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق کووڈ کی صورتحال اورلاجسٹک مسائل کے باعث گزشتہ ایڈیشنز کے برعکس 27 جنوری کوکراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میچز کے آغاز سے قبل کلچرل سرگرمیاں نہیں ہوں گی۔
مختصر افتتاحی تقریب میں چئیرمین پی سی بی رمیز راجا خطاب کریں گے جس کے بعد میچز کا آغاز ہوجائے گا۔
پی ایس ایل 7 کا ترانہ 20 یا 21 جنوری تک ریلیز کردیا جائے گا۔پی سی بی حکام اس حوالے سے پروگرام کوحتمی شکل دے رہے ہیں

شاعر و مزاح نگار ابن انشاء کو بچھڑے 44 برس بیت گئے

کراچی: (ڈیلی خبریں) اردو ادب کے معروف شاعر، مزاح اور سفر نامہ نگار ابن انشاء کو بچھڑے 44 برس بیت گئے۔
اردو کی دوسری جداگانہ تحریروں سے پہچان حاصل کرنے والے ابن انشاء کا اصل نام شیر محمد خان تھا، وہ 15 جون 1927ء کو ہندوستان کے شہر جالندھر میں پیدا ہوئے۔
ابن انشاء نے ابتدائی تعلیم ہندوستان میں حاصل کی اور تقسیم برصغیر کے بعد وہ پاکستان آگئے، جہاں کراچی یونیورسٹی سے انہوں نے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔
ان کی شاعری کے حوالے سے سامنے آنے والی تصانیف میں ’اس بستی کے ایک کوچے میں، چاند نگر، دل وحشی، بلو کا بستہ‘ شامل ہیں۔
علاوہ ازیں ’آوارہ گرد کی ڈائری، ابن بطوطہ کے تعاقب میں، چلتے ہو تو چین کو چلیے، دنیا گول ہے اور نگری نگری پھرا مسافر‘ جیسے سفرنامے مزاحیہ انداز تحریر کیے۔
آپ نے چینی نظموں کے اردو میں تراجم کیے، مختلف اخبارات میں کالم لکھے اور وہ پاکستان ریڈیو اور ثقافتی اداروں سے بھی وابستہ رہے۔
ابن انشاء کی کئی غزلوں کو مختلف گلوکاروں نے ترنم کے ساتھ گا کر ایک نئی پہچان دی، ان کی ایک غزل ’’انشا جی اٹھو اب کوچ کرو‘‘ کو عالمگیر شہرت حاصل ہوئی جسے لیجنڈ گلوکار امانت علی خان نے اپنی مدھر آواز سے چار چاند لگا دیے۔ حکومت پاکستان نے ابن انشا کو تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا۔
ابن انشاء نے زندگی کے آخری ایام برطانیہ میں گزارے اور 11 جنوری 1978ء کو لندن میں ہی اُن کا انتقال ہوا۔

بجرنگی بھائی جان کی منی نے اپنا ایوارڈسلمان خان کے نام کردیا

ممبئی: (ڈیلی خبریں) فلم بجرنگی بھائی جان میں منی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ ہرشالی ملہوترہ نے اپنا ایوارڈ سلمان خان کے نام کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بجرنگی بھائی جان میں غلطی سے سرحد پارکرنے والی پاکستانی بچی کے کردار عمدگی سے ادا کرنے پراداکارہ ہرشالی ملہوترہ کو بھارت رتن ڈاکٹرامبیدکرایوارڈ 2022 سے نوازا گیا۔
ہرشالی ملہوترہ نے سوشل میڈیا پرایوارڈ کے ساتھ تصویرشئیرکرتے ہوئے اپنا ایوارڈ بجرنگی بھائی جان یعنی سلمان خان کے نام کردیا۔ انہوں نے فلم کے ڈائرکٹرکبیر خان سمیت فلم کی ٹیم کے تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔
سلمان خان نے ہرشالی ملہوترہ کو بجرنگی بھائی جان میں منی کے کردار کے لئے چانس دیا تھا۔
ہرشالی ملہوترہ کا پوسٹ میں کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ ملنا ان کے لئے اعزاز ہے۔
2015 میں ریلیزہوئی فلم بجرنگی بھائی جان میں ہرشالی ملہوترہ نے قوت گویائی سے محروم پاکستانی بچی کا کردار عمدگی سے ادا کرکے شہرت حاصل کی تھی۔
بجرنگی بھائی جان کوپاکستان میں بہت پسند کیا گیا تھا۔ فلم میں سلمان خان نے بجرنگی بھائی جان کا مرکزی کردارادا کیا تھا۔