یقین ہے عمران خان دوسری مدت کیلئے بھی منتخب ہوں گے: عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی

لاہور: (ڈیلی خبریں) پاکستان کے معروف گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خان خیلوی نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے اور ایمان ہے کہ عمران خان دوسری مدت کے لیے بھی منتخب ہو جائیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ اگرچہ وہ زائدالعمری کی وجہ سے کمزور ہوچکے ہیں، تاہم ان سے متعلق پھیلنے والی زیادہ تر خبریں غلط ہوتی ہیں۔ وہ لاہور چھوڑ کر آبائی شہر میاں والی منتقل ہو گئے ہیں، کیوںکہ بڑا شہر ہونے کی وجہ سے لاہور میں کورونا اور ڈینگی جیسے امراض پھیل رہے تھے۔
عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کے مطابق وہ میاں والی میں زیادہ تر دریائے سندھ کے کنارے وقت گزارتے ہیں، جہاں ان کی جوانی زیرو میٹر ہوجاتی ہے اور انہیں سکون و فرحت محسوس ہوتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں گلوکار نے بتایا کہ انہوں نے دو شادیاں کیں اور ان کے بڑے صاحبزادے سانول امریکا میں ہیں جب کہ ان کی بیٹی لاریب بھی امریکا میں ہیں اور وہ ہولی وڈ فلموں میں اینیمیشن اور ایفیکٹس ایڈیٹر کے طور پر خدمات سر انجام دیتی ہیں جب کہ ان کے ایک بیٹے بی بی سی میں ملازمت کرتے ہیں۔
سیاست پر بات کرتے ہوئے عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پاکستان میں تبدیلی آکر رہے گی، ابھی عمران خان کو محض تین سال ہوئے ہیں اور اتنی کم مدت میں تو کوئی درخت بھی پھل نہیں دیتا۔ تبدیلی کے لیے عمران خان کو مزید کچھ وقت دیا جانا چاہیے اور انہیں یقین ہے کہ ملک میں تبدیلی آکر رہے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے اور ان کا ایمان ہے کہ وزیراعظم عمران خان دوسری مدت کے لیے بھی منتخب ہوگا، کیوں کہ وہ انہیں اچھی طرح جانتے ہیں، وہ اچھے شخص ہیں۔
انہوں نے عمران خان کے ساتھ اختلافات کی افواہوں کو بھی مسترد کیا اور کہا وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ کو اپنا دل دے چکے ہیں۔ ان کا جب بھی دل چاہتا ہے وہ عمران خان سے ملنے چلے جایا کرتے ہیں اور جب بھی وزیر اعظم کا دل گانے سننے کے لیے بیتاب ہوتا ہے تو انہیں بلالیتے ہیں۔

امریکی ڈالر ایک مرتبہ پھر سستا

کراچی: (ڈیلی خبریں) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 5 پیسےکی کمی ریکارڈ کی گئی اور قیمت 176 روپے 68 پیسے سے کم ہو کر 176 روپے 63 پیسے ہو گئی ہے۔

قصور میں فراڈ کا مقدمہ، 6 ماہ کا بچہ بھی نامزد، گرفتاری کے لئے ماں باپ پر دباؤ

قصور: تھانہ الہ آباد کا انوکھا کارنامہ، چھوٹے ڈون کے خلاف مقدمہ درج کر لیا

قصور پولیس تھانہ الہ آباد نے چھ ماہ چاند کو بھی فراڈ کے مقدمہ میں نامزد کر دیا

قصور : اندھی تلقید یا پیسے کی حوس بغیر ڈی پی او کی منظوری کے 420 کی ایف آئی آر درج کی گئی

قصور 420 کی ایف آئی آر کے اندراج سے پہلے ڈی ایس پی لیول لے افیسر کا پارٹیوں کو سننا لازم ہے

قصور: تھانہ الہ آباد پولیس نے پیسے کے لالچ میں 6 ماہ بچے کے خلاف مقدمہ درج کر کے کاروائی شروع کی

قصور : بچے کی گرفتاری کے لئے کئی بار والدین کو ہراساں کیا گیا

قصور: بچے کی گرفتاری کے ڈر سے والدین نے سیشن جج چونیاں سے رجوع کر لیا

قصور ۔ 6 ماہ بچے کے خلاف مقدمہ درج کرنے پر جج صاحب نے ایس ایچ او کو طلب کرلیا

سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد مندی

کراچی: (ڈیلی خبریں) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 6.50 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 45881.13 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.01 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 1 کروڑ 22 لاکھ 84 ہزار 383 شیئرز کا لین دین ہوا۔

ایل این جی ٹرمینل معاہدے میں قطر کا پاکستان کیلئے اہم اعلان

قطری وزیر نے پورٹ قاسم میں بننے والے نجی ایل این جی ٹرمینل میں شیئر ہولڈر بننے کا اعلان کردیا۔ وزارت بحری امور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان ایل این جی ٹرمینل کے معاہدے کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور قطر کے وزیر مملکت برائے توانائی و سی ای او قطر انرجی سعد شیریدہ الکعبی کی ویڈیو کانفرنس ہوئی۔ وفاقی سیکرٹری بحری امور، سیکرٹری پٹرولیم، چیئرمین اوگرا اور دیگر بھی ویڈیو کانفرنس میں شریک تھے۔ قطری وزیر نے پورٹ قاسم میں بننے والے نجی ایل این جی ٹرمینل میں شیئر ہولڈر بننے کا اعلان کیا۔ ایل این جی ٹرمینل بنانے کے لیے جنوری کے آخر میں حتمی معاہدہ ہو گا اور قطر انرجی پورٹ قاسم پر قائم کیے جانے والے نجی شعبے کے ایل این جی ٹرمینل میں شیئر ہولڈر ہو گا۔ پورٹ قاسم میں ایل این جی ٹرمینل بنانے کے لیے جنوری کے آخر میں حتمی معاہدہ ہو گا اور قطری وزیر الکعبی دورہ پاکستان میں معاہدے پر دستخط کریں گے۔ وزارت بحری امور کا کہنا ہے کہ ایل این جی سیکٹر میں قطر نے پاکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

سابق صدر آصف زرداری ان ہاؤس تبدیلی کیلئے پرامید

سابق صدر آصف زرداری ان ہاؤس تبدیلی کیلئے پرامید، ان ہاؤس تبدیلی کے بارے میں اُنہوں نے کہا کہ انشااللہ بہتر ہوگا۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے دن ہی کہا تھا ان سے حکومت نہیں چلے گی، وقت نے ثابت کر دیا یہ نااہل لوگ ہیں، عوام تنگ ہیں اور حکمرانوں سے کچھ نہیں ہو رہا۔ آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کے پی ڈی ایم کا حصہ بننے یا نہ بننے کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیویارک پراپرٹیز کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔ عدالت نے نیب کی درخواست خارج کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ سماعت کے دوران آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے موقف اپنایا کہ عدالت آصف زرداری کی مستقل ضمانت منظور کرے۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیب نے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کئے، درخواست مسترد کی جائے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے آصف زرداری کی ضمانت قبل ازگرفتاری منظور کرلی۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ نیب نیو یارک اپارٹمنٹس کیس میں آصف زرداری کو گرفتار نہیں کرسکے گا، گرفتاری کیلئے نیب کو احتساب عدالت سے رجوع کرنا ہوگا۔

پی ایس ایل 7 کیلئے ٹکٹوں کی آج سے آن لائن فروخت، کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار

پی ایس ایل 7 کیلئے ٹکٹوں کی آج سے آن لائن فروخت شروع، ٹکٹ خریدتے وقت شائقین کو کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق افتتاحی میچ کیلئے جنرل سٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمت 500 روپے ، فرسٹ کلاس انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 1500 روپے مقرر کی گئی ہے۔ پریمیم انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 2 ہزار روپے ہو گی۔ وی آئی پی انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت ڈھائی ہزار روپے مقرر ہے۔ پلے آف میچز کیلئے جنرل اسٹینڈزکے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزارروپے، فرسٹ کلاس انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 2 ہزار ، پریمیم انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت ڈھائی ہزار روپے ،وی آئی پی انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 3 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

مکہ مکرمہ میں روبوٹ کے ذریعے آب زم زم کی بوتلوں کی تقسیم

مکہ مکرمہ میں اب روبوٹ آب زم زم کی بوتلیں تقسیم کریں گے۔ عرب میڈیا کے مطابق حرمین شریفین میں اسمارٹ روبوٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے پانی تقسیم کرنا عالمی وبا سے بچنے کا محفوظ طریقہ قرار دیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارکنان اور زائرین وائرس لگنے سے محفوظ رہیں گے۔ مکہ مکرمہ کی انتظامیہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ حاصل کر رہی ہے اور روبوٹ کے ذریعے آب زم زم کی تقسیم کا اقدام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ سیکرٹری ادارہ آب زم زم بدر اللقمانی نے کہا ہے کہ اسمارٹ روبوٹ ٹیکنالوجی کورونا وائرس کے ماحول میں بے حد اہم اور محفوظ طریقہ کار ہے اور انسانی مداخلت کے بغیر آب زم زم کی تقسیم محفوظ طریقے سے ہو رہی ہے۔ بدر اللقمانی نے کہا کہ روبوٹ 10 منٹ میں ایک چکر پورا کرتا ہے اور اس دوران 30 بوتلیں زائرین کی خدمت میں پیش کر دیتا ہے۔ جدید روبوٹ 8 گھنٹے کی مسلسل ڈیوٹی دیتا ہے اور آب زم زم کی بوتل لینے کے لیے 20 سیکنڈ انتظار کرتا ہے۔ یہ روبوٹ نہ تو زائرین سے الجھتا ہے اور نہ ہی نقل و حرکت میں تعطل پیدا کرتا ہے۔ یہ اسمارٹ روبوٹ متعدد سرٹیفکیٹ یافتہ ہے اور یورپ سے سی ایس بھی حاصل کیے ہوئے ہے۔ اللقمانی نے کہا کہ مسجد الحرام میں اسمارٹ روبوٹ سے بڑے پیمانے پر فائدہ اٹھانے کا پروگرام بنایا جا رہا ہے۔ بدر اللقمانی نے توجہ دلائی کہ جدید ٹیکنالوجی کی دنیا میں جو کچھ بھی نیا آ رہا ہے ہم اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں- ہماری کوشش ہے کہ جدید ترین ٹیکنالوجی سے مسجد الحرام اور اس کے زائرین کی خدمت کی جائے۔

پاکستان میں 10 کروڑ ڈالر کے آن لائن فراڈ کے معاملے پر بڑا بریک تھرو

پاکستان میں 10 کروڑ ڈالر کے آن لائن فراڈ کے معاملے پر بڑا بریک تھرو، بائنانس کا ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ سے رابطہ، تفتیش میں معاونت کے لیے 2 رکنی ٹیم بھی تشکیل دے دی، جعلسازی میں ملوث 11 مختلف کمپنیز بائنانس بلاک چین استعمال کر رہی تھیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ عمران ریاض کے مطابق جعلسازی میں ملوث 11 مختلف کمپنیز بائنانس بلاک چین استعمال کر رہی تھیں۔ ایف آئی اے سے رابطے کے لیے بائنانس نے 2 رکنی ماہر تفتیشی ٹیم بھی تشکیل دے دی۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ رابطہ ہونے کے بعد بائنانس سے ای میلز پر بات چیت بھی کی گئی۔ ایف آئی اے کو آن لائن کرپٹو کرنسی میں فراڈ کی شکایت ملیں تھیں، ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ رقم کرپٹو کرنسی کے ذریعے منی لانڈرنگ اور دیگر مقاصد میں استعمال ہو رہی ہے، جس پر ایف آئی اے نے چند روز قبل تفتیش شروع کی تھی۔ متاثرہ افراد نے 100 ڈالر سے 80 ہزار ڈالر تک سرمایہ کاری کی تھی۔ اب تک ایف آئی اے درجنوں متاثرین کے بیانات ریکارڈ کر چکا ہے۔

سانحہ مری میں ہوٹلوں کو بدنام کرنا سازش ہے، ہوٹل ایسوسی ایشن

ہوٹل ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ سانحہ مری میں ہوٹلوں کو بدنام کرنا سازش ہے۔ مری ہوٹل ایسوسی ایشنز کے رہنماؤں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مری میں انسانی جانوں کا ضیاع انتظامیہ کی نا اہلی ہے اور مری ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کے پاس ڈیزل ہی نہیں تھا۔ مری ہوٹل ایسوسی ایشن نے سانحہ مری پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ 72 گھنٹے بعد بھی مری کو آفت زدہ علاقہ قرار دینے کا نوٹیفکیشن واپس نہیں لیا گیا جبکہ مری میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی اعداد و شمار بھی غلط بتائے گئے۔ ہوٹل ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا کہ ہم نے 50 یا 70 ہزار کرایہ لیا نہ لوگوں کے زیورات گروی رکھے۔ ہوٹل کے کمرے کا 70 ہزار کرایہ دینے والے ہوٹل سے پکی رسید کیوں نہیں مانگتے ؟ چھوٹے موٹے واقعات اہلیان مری کے ساتھ نہ جوڑے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلیان مری نے اپنی روایات کو زندہ رکھا اور سیاحوں کی مدد کے لیے پہنچے۔ مقامی افراد نے سیاحوں کو گھروں میں رکھا اور ہوٹلز میں کمرے فری کر دیئے گئے تھے جبکہ مری میں تمام سیاسی و مذہبی تنظیموں نے کام کیا۔ ایسوسی ایشن رہنماؤں نے کہا کہ ایک خاتون نے کہا میرے زیور گروی رکھے گئے اور تب کمرہ دیا گیا۔ ثبوتوں کے ساتھ آئیں اور اگر کسی ہوٹل نے 70 ہزار روپے کرایہ ایک دن کا چارج کیا ہو گا یا زیور گروی رکھوائے گئے ہوں گے تو ہم اس کی رکنیت ختم کریں گے لیکن کسی غلط کام کو سپورٹ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مری پاکستان میں ہے اور ہماری بھی کچھ روایات ہیں، اس برفباری میں کوئی ایک آدمی نہیں کہہ سکتا کہ میرا زیور یا پرس چوری ہو گیا۔ مری کے لوگوں کا مثبت چہرہ دیکھنا چاہئے۔