وقار یونس کی سرجری، دعاؤں کے طلبگار

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر اور باؤلنگ کوچ وقار یونس نے اپنی سرجری کی کامیابی کے لئے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کردی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے وقار یونس نے چاہنے والوں کو بتایا کہ وہ معمولی کی آنکھ کی سرجری کے لئے جارہے ہیں جس کے لئے مداحوں کی دعاؤں کا طلبگار ہوں۔
خیال رہے کہ بوریوالا ایکسپریس کے نام سے کرکٹ کی دنیا میں اپنی دھاک بٹھانے والے سابق فاسٹ باؤلر وقار یونس نے گزشتہ سال ستمبر میں قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا ۔

سانحہ مری، وزیراعظم مستعفی ہوں اور جوڈیشل کمیشن بنایا جائے: شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مری سانحہ پر وزیراعظم عمران خان استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، واقعہ پر کمیٹی نہیں جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا، اجلاس کے دوران سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی اس دوران اسد قیصر نے لیگی صدر کو پہلے بات کرنے کی دعوت دی۔ اس موقع پر قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ 23افراد کی موت کی سوفیصد حکومت ذمہ دارہے، قوم انہیں معاف نہیں کرے گی جب بھی موقع آیا حساب لے گی۔ محکمہ موسمیات نے شدید برف باری پرالرٹ کردیا تھا، حکومت نے بندوبست کیوں نہیں کیے، ایکسپریس وے پرلوگوں کو روکنے کے لیے کیا انتظامات کیے؟، کیا حکومت نے ریڈ الرٹ جاری کیا جس کی شدید ضرورت تھی۔ برف ہٹانے والی مشینری موجود نہیں تھی، لوگ بیچارے آسمان کی طرف دیکھتے رہے، مری میں کوئی پرسان حال نہیں تھا، یقیننا موت اللہ کی طرف سے ہے، یہ ایک بدترین نااہلی، نالائقی، بدانتظامی تھی۔ لیگی صدر کا کہنا تھا کہ ہزاروں لوگ پھنسے رہے، کوئی پوچھنے والا نہیں تھا، 20 گھنٹے تک کوئی مدد کونہ پہنچا، کیا یہ کوئی قدرتی حادثہ تھا یا انسانی غلطی تھی۔ مری میں کوئی انتطام نہیں تھا۔ ایک وزیرنے کہا کیا شانداراکانومی چل رہی ہے، وزیرنے کہا لاکھوں لوگ مری جارہے ہیں ہوٹلوں میں جگہ نہیں مل رہی، جب حادثہ ہوا تو ’’ایک نیرو اسلام آباد میں سویا ہوا تھا، دوسرا نیرو پنجاب کے بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی کرنے میں مصروف تھا۔ شہباز شریف نے کہا کہ خود نمائی کے لیے بات نہیں کرنا چاہتا، مری جیسے علاقوں میں ہرسال ایشوزہوتے ہیں جنہیں حل کیا جاتا ہے، مری میں (ن) لیگ کی حکومت میں اربوں کی مشینری منگوائی، ہماری حکومت نے مری کے حوالے سے ایس او پیز بنائے تھے۔ پورے ایوان کی طرف سے مری میں دلخراش واقعے کی مذمت کرتا ہوں، مری میں20گھنٹے ہزاروں لوگ گاڑیوں میں پھنسے رہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا ہے کہ مری سانحہ پر وزیراعظم عمران خان استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، ساڑھے تین سالوں میں انہوں نے اپوزیشن کو دیوارسے لگایا، اپوزیشن نے ان کی چیرہ دستیوں کا حوصلے سے مقابلہ کیا، سانحہ مری، سرکاری افسران پرمشتمل کمیٹی بنانا ایک اورسنگین مذاق ہے، قصورواقعے پر تو یہ سارے وہاں پہنچے تھے کہتے تھے، جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، سرکاری افسران کی کمیٹی ایسا نہیں ہو گا، وہ جوکل کہتے تھے لمبے بوٹ پہن کرشوبازی کرتے تھے آج آئینہ ان کو چہرہ دکھا رہا ہے، بڑا بول نہیں بولنا چاہیے، قوم کی خدمت سچے دل سے کی جاتی ہے

سعودی عرب کی اسلامی دنیا میں منفرد حیثیت ہے: آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی اسلامی دنیا میں منفرد حیثیت ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سعودی وزیر دفاع کے ملٹری مشیرمیجر جنرل طلال عبداللہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ افغانستان کی صورتحال،باہمی تعاون پر بھی بات کی گئی۔ سعودی مشیر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی صورتحال، سرحدی انتظام اور خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے بارے میں جلد حکمت عملی سے انسانی المیہ سے بچا جا سکے گا۔ہمسایہ ملک میں انسانی المیہ سے بچنے کے لیے اداراہ جاتی بنیاد پر جلد حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب سے تاریخی اور برادرانہ تعلق کو بڑی اہمیت دیتا ہے، سعودی عرب کی اسلامی دنیا میں منفرد حیثیت ہے۔

آنگ سان سوچی کو کورونا پابندیوں کی خلاف ورزی پر 4 سال قید

میانمار کی ملٹری کورٹ نے فوجی بغاوت کے بعد معزول کی گئیں حکمراں آنگ سان سوچی کو دو الزامات پر مزید 4 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میانمار میں فوجی عدالت نے معزول حکمراں نوبل انعام یافتہ 72 سالہ آنگ سان سوچی کو 4 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
فوجی عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ میانمار کی حکمراں نے اپنے لیے واکی ٹاکی برآمد کیا اور غیر قانونی طور پر استعمال کیا جب کہ وہ کورونا پابندیوں کی خلاف ورزی کی بھی مرتکب پائی گئیں۔
یہ واکی ٹاکی یکم فروری کو فوج بغاوت میں آنگ سان سوچی کی گرفتاری کے وقت ان کے گھر سے برآمد ہوا تھا۔ اقتدار پر قبضہ کرنے والے آرمی چیف نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔
میانمار میں فوجی بغاوت کے بعد سے کئی شہروں میں تاحال مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جسے طاقت سے کچلنے کے حکم کے بعد سیکڑوں مظاہرین کو قتل کیا جا چکا ہے۔
حال ہی میں ایک ایسی جلی ہوئی گاڑی بھی برآمد ہوئی ہے جس میں بچوں اور خواتین سمیت 30 سے زائد مسخ شدہ لاشیں موجود تھیں۔

اومیکرون کی لہر جلد ختم ہوجائے گی، ماہرین کو امید

امریکی ماہرین نے امید ظاہر کی ہے کہ کورونا وائرس کے اومیکرون ویریئنٹ سے پیدا ہونے والی نئی وبائی لہر جلد ہی ختم ہوجائے گی۔
یہ بات انہوں نے جنوبی افریقہ اور برطانیہ کے اعداد و شمار کی بنیاد پر کہی ہے جہاں اومیکرون سے متاثرہ افراد کی تعداد میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا تھا لیکن حالیہ چند دنوں میں وہاں اس ویریئنٹ کے متاثرین کی تعداد میں نمایاں طور پر کمی واقع ہوچکی ہے۔
میری لینڈ، میساچیوسٹس کے جان ہاپکنز اسکول آف میڈیسن میں وبائی امراض کے پروفیسر ڈاکٹر رابرٹ سی بولنگر نے ان اعداد و شمار کی روشنی میں پیش گوئی کی ہے کہ امریکا کی شمالی ریاستوں میں آئندہ چار ہفتوں کے دوران اومیکرون ویریئنٹ کی وجہ سے کورونا وبا کی لہر اپنے عروج کو پہنچے گی لیکن بہت تیزی سے ختم بھی ہوجائے گی۔
طبّی ویب سائٹ ’’ہیلتھ لائن‘‘ پر حالیہ دنوں میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کا تعلق اگرچہ امریکا سے ہے لیکن کووِڈ 19 وبا کے عالمی رجحانات تقریباً ساری دنیا میں یکساں ہیں۔
لہذا امید کی جاسکتی ہے کہ دیگر ممالک میں بھی کورونا وبا کا تیز رفتار پھیلاؤ دیکھنے میں آئے گا جو صرف چند ہفتوں میں کم ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ ڈیلٹا کے مقابلے میں اومیکرون ویریئنٹ کئی گنا تیزی سے پھیلتا ہے لیکن اس کے اثرات کی شدت خاصی کم ہوتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اب تک اومیکرون ویریئنٹ کے باعث اسپتال میں داخل ہونے اور مرنے والوں کی شرح بہت کم ہے۔
اومیکرون ویریئنٹ کا ایک اور فائدہ یہ بھی ہے کہ اگر کوئی شخص اسے شکست دینے میں کامیاب ہوجائے تو وہ ڈیلٹا ویریئنٹ سے بھی قدرتی طور پر محفوظ ہوجاتا ہے۔
البتہ ان معلومات کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ احتیاطی تدابیر ترک کردی جائیں اور خود کو اومیکرون ویریئنٹ سے متاثر ہونے دیا جائے؛ کیونکہ وائرس جتنے زیادہ لوگوں کو متاثر کرے گا، اس کے تبدیل ہوکر نئے ویریئنٹس بننے کا امکان بھی اتنا ہی زیادہ ہوگا، جو موجودہ ویریئنٹس سے زیادہ خطرناک اور ہلاکت خیز بھی ہوسکتے ہیں۔

افغانستان؛ مارٹر شیل دھماکے میں 9 بچے جاں بحق اور 4 شدید زخمی

افغانستان کے مشرقی علاقے میں ایک زور دار دھماکے میں 9 بچے جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ننگرہار میں پھل فروش کا ٹھیلا اچانک دھماکے سے تباہ ہوگیا۔ درجن سے زائد بچے ٹھیلے والے سے پھل خرید رہے تھے۔
دھماکے میں 9 بچے جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں دو زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
ننگرہار کے گورنر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکا ریڑھی کے زمین میں دبے مارٹر شیل سے ٹکرانے کی وجہ سے ہوا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ آس پاس کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
دو دہائیوں سے جاری جنگ کے دوران افغانستان میں مختلف گروپوں نے بارودی سرنگوں کا جال بچھا دیا ہے جب کہ تباہ ہونے سے بچ جانے والے کئی مارٹر شیلز جگہ جگہ زمین تلے دبے ہوئے ہیں۔
ایسی بارودی سرنگوں اور مارٹر شیل کا زیادہ شکار بچے ہوتے ہیں جو انھیں کھلونا سمجھ کر کھیلنے لگتے ہیں اور حادثے کا شکار ہوجاتے ہیں۔

سانحہ مری ، تحقیقاتی کمیٹی جلد از جلد حقائق سامنے لائے: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سانحہ مری پر بننے والی تحقیقاتی کمیٹی جلد از جلد حقائق سامنے لائے۔ ریسکیو آپریشن میں فوج کی کاوشیں قابل تعریف تعریف ہیں۔
وزیراعظم کی صدارت میں حکومتی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال، سانحہ مری پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران فارن فنڈنگ کیس سے متعلق گفتگو ہوئی۔ مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان اور وزیر مملکت فرخ حبیب کی طرف سے فارن فنڈنگ کیس پر بریفنگ دی گئی جبکہ وزیرخزانہ شوکت ترین نے معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔
مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا کہ ہم نے اپنے ڈونرز کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کیں، الیکشن کمیشن دوسری جماعتوں کے فنڈنگ ذرائع بھی سامنے لائے، فنانس سپلیمنٹری بل اسی ہفتے اسمبلی سے منظوری کروائیں گے۔ پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے سانحہ مری پر بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران سول ملٹری تعلقات پر بھی بات چیت کی گئی، اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے چند روز قبل کی جانے والی پریس کانفرسن کے بعد سول ملٹری تعلقات سے متعلق اپوزیشن کا بیانیہ دم توڑ گیا۔
وزیرخزانہ نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ ہونے والے معاہدے سے ترجمانوں کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مہنگائی میں مسلسل کمی آرہی ہے،
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ سانحہ مری پر تفصیلی بریفنگ ایک لاکھ 64 ہزار گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں۔وزیراعظم نے استفسار کیا کہ کیا بروقت اقدامات سے سانحہ مری کو روکا جا سکتا تھا؟
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزراء ضلعی انتظامیہ کے حق میں بول پڑے، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پوری صورتحال کے دوران انتظامیہ اور پولیس نے بہترین کام کیا، شام پانچ بجے ہی مری جانے والے راستے بند کردیے تھے، حالات پولیس کے کنٹرول سے باہر تھے، رینجرز طلب کرنا پڑی۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں سیاحت ایک نئی حقیقت ہے، سیاحت بڑھ گئی ہے، انفراسٹرکچر کئی دہائیاں پیچھے ہے، نئے ہوٹلز کی تعمیر کے ساتھ پرانے سٹرکچر کو بہتر کرنا لازمی ہے، بڑھتے ہوئے سیاحوں کو معیاری رہائش کی فراہمی ایک چیلنج ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ریسکیو آپریشن میں سول اداروں اور فوج کی کاوشوں کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کمیٹی جلد از جلد سانحہ مری کے حقائق سامنے لائے، سیاحتی مقامات پر ساری چیزوں کو ریگولیٹ کرنے کی ضرورت ہے، مری میں انفراسٹرکچر کی کمی کو دور کرنے پر زور دیا جائے، جدید طریقے سے سارے معاملے کو ہینڈل کیا جائے۔

پاکستان کے امن کا دشمن اور مطلوب دہشت گرد محمد خراسانی افغانستان میں مارا گیا

پاکستان کے امن کا دُشمن اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا ایک انتہائی مطلوب دہشتگرد محمد خراسانی افغان صوبے ننگر ہار میں مارا گیا۔
پاکستان کو انتہائی مطلوب کالعدم ٹی ٹی پی کا دہشتگرد محمد خراسانی آخر کار اپنے انجام کو پہنچ گیا ہے، دہشتگرد محمد خراسانی تحریک طالبان پاکستان کا ترجمان تھا جس کا اصل نام خالد بلتی تھا۔
ہلاک ہونے والا خراسانی میرانشاہ میں دہشتگردی کا مرکز چلا رہا تھا اور آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی کے بعد افغانستان بھاگ گیا تھا جبکہ وہ شاہد اللہ شاہد کے بعد کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا ترجمان بنا۔
دہشتگردمحمد خراسانی پاکستان کے معصوم عوام اور سکیورٹی فورسز پر حملوں اور کارروائیوں میں ملوث تھا، کالعدم ٹی ٹی پی کے مختلف دھڑوں کومتحد کرنے میں مصروف تھا اور وہ کالعدم ٹی ٹی پی کے سربراہ مفتی نور ولی محسود کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔
محمد خراسانی نے حال ہی میں پاکستان کے اندر مختلف کارروائیوں کا بھی اشارہ دیا تھا۔

رانا شمیم بیان حلفی کیس؛ فواد چوہدری کیخلاف نااہلی کی درخواست سماعت کیلئے منظور

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کی بہو، پوتے اور پوتی کی جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سمیت 4 پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف نااہلی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کل (11 جنوری) کو درخواست پر سماعت کریں گے۔
فراہم کردہ معلومات کے مطابق درخواست میں استدعا کی گئی کہ فواد چوہدری، وفاقی وزیر آبی امور فیصل واڈا ،صداقت عباسی، وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کو 62 ون-ایف کے تحت نااہل کیاجائے۔
علاوہ ازیں درخواست میں میڈیا کو توہین عدالت کیس کے فیصلے تک رانا شمیم کی ’کردار کشی‘ روکنے کی بھی استدعا کی گئی۔
درخواست میں دواینکر اورایک نجی چینل سمیت رجسٹرار گلگت بلتستان سپریم کواپیلیٹ کورٹ، رجسٹرارشہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔
دائر کردہ درخواست میں راناشمیم کی ’کردار کشی‘ کرنے پر فرخ حبیب کو قومی نشریاتی چینل پر معافی مانگنے اور دواینکر اورایک نجی چینل کو پیمرا کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر سزا دینے کی استدعا کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا کہ رانا شمیم کے بطور وائس چانسلر شہید ذوالفقارعلی بھٹو یونیورسٹی تعیناتی سے متعلق ایڈمنسٹریٹوریکارڈ طلب کیاجائے۔
سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کی بہو، پوتے اور پوتی نے اپنی درخواست میں کہا کہ بطور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد حسن رانا کی اے سی آر کی 26مئی 2018سے لیکر یکم دسمبر 2018تک اے سی آر طلب کی جائے۔
رانا شمیم کی بہو، پوتے اور پوتی کی جانب سے راناشمیم کے بیٹے احمد حسن رانا نے درخواست دائر کی تھی۔

الیکشن کمیشن نے سینیٹر اسحٰق ڈار کی رکنیت بحال کر دی

الیکشن کمیشن نے لندن میں علاج کی غرض سے گئے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر اسحٰق ڈار کی رکنیت بحال کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے اسحٰق ڈار کی رکنیت بحالی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر اسحٰق ڈار کی رکنیت بحال کی۔
الیکشن کمیشن 29 جون 2018ء میں جاری کردہ نوٹیفیکشن واپس لے لیا، جون 2018 سے جنوری 2022 تک اسحٰق ڈار کی رکنیت معطل رہی۔
الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسحٰق ڈار کی رکنیت 9 مارچ 2018 سے بحالی کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ‏سپریم کورٹ نے اسحٰق ڈار کی نااہلی کیلئے دائر درخواست عدم پیروی پر خارج کر دی تھی، انکی بطور سینیٹر ممبرشپ کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم امتناع ختم ہوگیا تھا۔ ‏
نئے آرڈیننس کے تحت 2 ماہ حلف نہ اٹھانے والے کی نشست خالی تصور ہوگی، ان کی جیت کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہوا اس لئے اطلاق نہیں ہو رہا تھا، ڈار نے پاکستان آ کر حلف نہ اٹھایا تو نشست سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔