پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج یوم حق خود ارادیت منارہے ہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کشمیری یوم حق خود ارادیت منارہے ہیں۔

کشمیر کے یوم  حق خودارادیت پر صدر پاکستان عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغامات جاری کیے ہیں۔

صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کشمیریوں سے اقوام متحدہ کے حق خود ارادیت کے وعدے کو 73 سال ہو گئے، اقوام متحدہ کو73 سال قبل کیے گئے وعدے کا پاس رکھنا چاہیے،کشمیری اقوام متحدہ سے کیے گئے وعدے کو عملی شکل دینے کے منتظر ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ  تنازع کشمیر کا اقوام متحدہ کی زیرنگرانی جمہوری طریقے ، آزادانہ اور منصفانہ رائےشماری سے فیصلہ کیا جائے۔

وزیراعظم کا بیان

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ عالمی برادری اور بالخصوص اقوام متحدہ بھارت کے جنگی جرائم اور مقبوضہ کشمیر میں اس کے انسانیات کے خلاف جرائم کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارتی قبضے اور ظلم کے خلاف جارحیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے کشمیریوں کے یومِ حق خود ارادیت کے موقع پر ایک بار پھر کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔

سائبر کرائم کی شرح میں تشویشناک اضافہ، ایک لاکھ مقدمات درج

اسلام آباد ( ملک منظور احمد ) پاکستان میں سائبر کرائم کی شرح میں تشوش ناک حد تک اضافہ ہو گیا ،سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سال 2021میں رجسڑڈ ہونے والے سائبر کرائم کی تعداد 1لاکھ سے تجاوز کر گئیں ہیں ۔ذمہ دا ر ذرائع کے مطابق ملک میں سمارٹ فونز اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ ساتھ سائبر کرائم کی شرح میں کئی گنا تک اضافہ ہو چکا ہے ۔ایف آئی اے ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے ادارے پر عوام کے اعتماد کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں اس حوالے سے آگاہی مہم چلائی گئی ہے اسی لیے عوام کی بڑی تعداد نے اس حوالے سے ایف آئی اے میں اپنی شکایات کا اندراج کروایا ہے ،لیکن خبریں نے جب اس حوالے سے سائبر کرائم کے ماہرین سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ ایف آئی اے نے گزشتہ دو برس کے دوران عوام کو سائبر کرائم کے حوالے سے آگاہی دینے اور عوام کی رسائی آسان بنانے کے لئے کام کیا ہے لیکن اتنی بڑی تعداد میں شکایات کا رجسٹرڈ ہونا بڑھتی ہو ئی عوامی آگاہی کا اثر ہے ۔ایف آئی اے میں ہر شکایت پر فوجداری کاروائی نہیں کی جاتی ہے پہلے شکایت کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے اور اس کے بعد اگر کوئی جرم ہوا ہے تو پھر اس پر فوجداری کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔گزشتہ سال رجسٹر ہونے والی 1لاکھ سے زائد شکایات میں سے 80ہزار کے خلاف انکوائری کروائی گئیں اور ان میں سے بھی 1200کے خلاف کیس درج کیے گئے ہیں ۔1300کی تعداد میں گرفتاریاں بھی عمل میں لا ئیں گئیں ہیں ۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال رجسٹر ہونے والی شکایات میں سے 25فیصد طلباءکی شکایات تھیں جبکہ 25فیصد مالی معاملات کے حوالے سے شکایات کا اندراج کیا گیا ۔فراڈ اور دھوکہ بازی کے کیسز میں 427ایف آئی آر رجسرڈ کی گئیں اور 300سے زائد گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں ہیں ۔اس کے بعد بلیک میلنگ اور بھتہ خوری کے کیسز تھے جن میں 185گرفتاریاں عمل میں آئیں ۔ریپ کے 199،سائبر دہشت گردی کے 76 جبکہ چائلڈ پو رنوگرافی کے بھی 49کیس سامنے آ ئے ہیں ۔ذرائع کے مطا بق ملک میں ماہانہ بنیادوں پر سامنے آنے والے کیسز کی تعداد میں گزشتہ دو سال میں دگنا اضا فہ ہو چکا ہے ۔2018ءمیں ماہانہ بنیادوں پر کیسز کی تعداد 4ہزار ماہانہ کے قریب تھی جبکہ اب یہ تعداد بڑھ کر 8ہزار ماہانہ سے زائد ہو چکی ہے ۔ذرائع کے مطابق کرونا کی صورتحال میں کیسز میں اضافے کا باعث بنی ہے ۔اس حوالے سے ایف آئی اے کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا تھا کہ محدود وسائل کے با وجود عوام کو ریلیف مہیا کرنے کی بھرپور کو شش کی جا رہی ہے ،عام آدمی ہماری پالیسیوں کا محور ہے اور ہم نے عام آدمی کے فائدے کے لیے ای تحقیقات کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے ۔سائبر ونگ کے بجٹ میں اضافی کیا جا رہا ہے ،نئی بھرتیاں کی جا رہی ہے اور ہر ضلع میں ایف آئی اے کا سینٹر کھولا جا رہا ہے ۔انٹر پول کے ذریعے سوشل میڈیا ویب سائٹس تک رسائی حاصل کی جاتی ہے اور اس حوالے سے ہمیں مثبت نتائج مل رہے ہیں ۔عوام کی آسانی کے لیے ویب سائٹ nr3c.gov.pkاور ای میل helpdesk@nr3c.gov.pkکا اجرا کیا گیا ہے جس پر شہری اپنی شکایات کا اندراج کر سکتے ہیں ۔

بالی ووڈ اداکار جان ابراہم اور اہلیہ کورونا وائرس کا شکار

بالی ووڈ کے نامور اداکار جان ابراہم کورانا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جس کے متعلق انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے مطلع کیا ہے۔
اداکار سمیت ان کی اہلیہ پریا کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد دونوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ انسٹاگرام پر سٹوری شیئر کرتے ہوئے اداکار کا نے بتایا کہ ہم دونوں کی ویکسی نیشن مکمل ہے لیکن پھر بھی کورونا کی معمولی علامات ظاہر ہوئیں تھیں جس کے بعد ان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

امریکہ میں اومیکرون سے متاثرہ افراد کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز کر گئی

امریکہ میں نئے ویرئینٹ اومیکرون سے متاثرہ افراد کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق پیر کے روز امریکہ میں 1080211 افراد میں اومیکرون کی تصدیق ہوئی جو پوری دنیا سے زیادہ ہے۔

یونیورسٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اومیکرون کے سب سے زیادہ متاثرین امریکہ کے شہری ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ لاکھوں کی تعداد میں کیسز کا آنا خطرناک صورتحال ہے۔

جونزہاپکنز یونیورسٹی نے مزید خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ابھی ابتداء ہے اومیکرون کے پھیلاؤ میں ابھی مزید تیزی آئے گی۔

امریکہ کے وبائی امراض کے مشیر انتھونی فوسی نے کہا کہ امریکہ اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے۔

مشیر انتھونی فوسی نے جنوبی افریقہ کی مثال دیتے ہوئے امید ظاہر کی جنوبی افریقہ میں یہ ویرئینٹ ظاہرہوا تھا لیکن اب صورتحال کنٹرول میں ہے۔

امریکی اسپتالوں میں نئے مریضوں کی آمد کے حوالے سے مشیر ڈاکٹر انتھونی فوسی نے کہا کہ ابھی اسپتالوں پر دباؤ نہیں ہے۔

ڈاکٹر انتھونی فوسی کا کہنا تھا کہ اب تک کی تحقیقات کے مطابق نیا ویرئینٹ اومیکرون انڈین ڈیلٹا وائرس کے مقابلے میں کم خطرناک ہے، اور اموات کی شرح انتہائی کم ہے۔

جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق گزشتہ ہفتے میں اس وائرس سے 8652 افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔

کیسز کا پچھلا ریکارڈ 590000 ہزار تھا جو چار روز قبل ریکارڈ کیا گیا تھا۔

امریکہ سے باہر مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد انڈین ویرئینٹ ڈیلٹا کے دوران آئی تھی۔

ڈیلٹا وائرس سے مئی 2021 میں 414188 افراد میں اس بیماری کی تشخیص ہوئی تھی۔

حفیظ ریٹائرمنٹ کے بجائے مزید کھیلنا چاہتے تھے، آفریدی کا انکشاف

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ محمد حفیظ ریٹائرمنٹ لینے کے موڈ میں نہیں تھے۔

نجی ٹ وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان کے اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا میں نے ہمیشہ کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان موجود فاصلے کی بات کی ہے اور محمد حفیظ کے کیس میں بھی مجھے ایسا ہی دکھائی دے رہا ہے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس کے دوران محمد حفیظ کے رویے سے واضح طور پر دکھائی دے رہا تھا کہ وہ ریٹائرمنٹ کے موڈ میں نہیں تھے اور مزید پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتے تھے۔

شاہد آفریدی نے کہا میں محمد حفیظ کو شاندار کیریئر پر مبارکباد دیتا ہوں اور مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ انہوں نے خوشدلی سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ لے کر کسی بڑے تنازع کو دعوت نہیں دی۔

خیال رہے قومی ٹیم کے آل راؤنڈر اور سابق کپتان محمد حفیظ نے گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ  18 سال قبل جو سفر شروع کیا آج اس سے ریٹائر ہورہا ہوں لیکن جب تک فٹ ہوں اور پرفارم کررہا ہوں لیگ کھیلتا رہوں گا۔

سابق کپتان نے 392 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 12 ہزار 789 رنز بنائے اور اپنے ملک کے لیے 21 سنچریاں اور 64 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ اس دوران انہوں نے 253 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سمیت دیگر کھلاڑیوں نے محمد حفیظ کو شاندار کریئر پر خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کورونا میں مبتلا ہوگئیں

صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کورونا میں مبتلا ہوگئیں۔

ترجمان کے مطابق کورونا کی تشخیص کے بعد ڈاکٹر یاسمین راشد نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ یاسمین راشد آج ڈینگی سے متعلق اجلاس میں شریک تھیں جس میں چیف سیکرٹری بھی موجود تھے، اجلاس میں شریک تمام افراد کو بھی کورونا ٹیسٹ کرانے کا کہا گیا ہے۔

یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ بیٹے کا امریکا پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تو اپنا بھی ٹیسٹ کرایاجومثبت آیا۔

ہینرچ میلان آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ مقرر

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ ہینرچ میلان کو آئر لینڈ کی سینئیر ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔

میلان کو گراہم فورڈ کی جگہ آئرلینڈ کرکٹ بورڈ نے یہ ذمہ داریاں دی ہیں، گراہم فورڈ گزشتہ چار سے آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے، ان کا معاہدہ دسمبر میں ختم ہو گیا۔

ہینرچ میلا بطور ہیڈ کوچ تین سال تک آئرش کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

میلان اس وقت آکلینڈ ایکسز کرکٹ کلب کی بطور ہیڈ کوچ کوچنگ کر رہے تھے ، اس سے قبل انہوں نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے لئے اسسٹنٹ کوچ کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں ہیں۔

میلان نے آئرش کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں ملنے کو اپنے لئے ایک اعزاز قرار دیا۔

آئرلینڈ میں رہائش کے لئے ورک پرمٹ کی منظوری کے بعد میلان مارچ تک آئرلینڈ ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔

ہینرچ میلان کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ کی ٹیم ایک بہترین اسکواڈ پر مشتمل ہے، اور اسکواڈ میں دنیا کی بہترین ٹیموں سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

نئے کوچ میلان نے کہا کہ یہ میرے لئے ایک چیلنج ہے، میں اور میری فیملی اس امتحان سے گزرنے کے لئے بڑی بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

آنے والی نسلوں کیلئے گلوبل وارمنگ کو روکنے کی ضرورت ہے، وزیراعظم

وزیراعظم  عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کیلئے گلوبل وارمنگ کو روکنے کی ضرورت ہے۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی اور عالمی بینک میں معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں  ماحولیات کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں  کیلئے گلوبل وارمنگ کو روکنے کی ضرورت ہے، گلوبل وارمنگ روکنے کیلئے بہت سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈی آئی خان جیسے علاقوں میں بارشیں کم ہونا شروع ہوگئی ہیں، درجہ حرارت بڑھنے کی وجہ سے جنگلوں میں آگ لگنا شروع ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس کو کنٹرول نہ کیا تو یہ  بہت خطرناک ثابت ہوگا، 10ارب بلین ٹری سونامی ہمارے لیے بہت ضروری ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں اپنے جنگلات کو بچانا ہے، ہمیں نیشنل پارکس کو بچانا ہے، ہم نے اب تک 15نئے نیشنل پارک ڈکلیئر کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان کے بنجر علاقوں میں درخت لگائے جس سے وہاں وائلڈ لائف آگئی۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے اپنے نیشنل پارکس اور جنگلات کی حفاظت کرنی ہے، شہر پھیلتے  جارہے ہیں، اسلام آباد میں نیشنل پارکس میں انکروچمنٹ شروع ہوگئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ لاہور میں درخت کاٹنے کی و جہ سے  آلودگی بہت زیادہ ہوگئی ہے، مختلف ممالک نے ماحولیاتی آلودگی کو تاخیر سے سنجیدہ لیا۔

کراچی: موسم کی خرابی، پی آئی اے کی پروازیں متاثر

کراچی میں موسم کی خرابی کے باعث پی آئی اے کی پروازیں متاثر ہو گئی ہیں۔

پی آئی اے ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے کراچی سے تربت جانے والی پرواز منسوخ کردی ہیں ، تربت میں موسم خرابی کے باعث پی آئی اے نے پرواز منسوخ کردی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے پشاور جانے والی  ایئر سیال کی صبح 10 بجے پرواز تاحال روانہ نہ ہوسکی ، پشاور میں موسم خرابی کے باعث پرواز کو رات 9 بجے شیڈول کردیا گیا۔

پاکستان سے پہلی مال بردار ٹرین 13 روز بعد ترکی پہنچ گئی

تہران کے ذریعے استبول اور اسلام آباد کے درمیان ایک دہائی بعد چلنے والی ٹرین لاہور، تفتان، اور زاہدان سے ہوتی ہوئی انقرہ پہنچ گئی، مال بردار ٹرین نے اپنے 17 روز کا سفر 13 روز میں مکمل کیا جبکہ دوسری ٹرین بھی ترکی کے راستے پر رواں ہیں۔

 پاکستان ریلوے ڈائریکٹر (آپریشنز) امتیاز احمد نے ڈان کو بتایا کہ ’21 دسمبر کو اسلام آباد سے پہلے مال بردار ٹرین روانہ ہوئی، جو پیر کی شام انقرہ (ترکی) پہنچی، جس میں دیگر سازو سامان کے ساتھ بڑی تعداد میں پنک نمک بھی بڑی تعداد میں موجود تھا۔

انہوں نے بتایا کہ منزل پر پہنچنے سے قبل ٹرین میں موجود سامان کو ایرانی، ترک ریل گیج سسٹم کے ذریعے دوسری بوگیوں میں منتقل کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹرین 8 ویگنز پر مشتمل ہے جس میں 150 ٹنز پنک نمک موجود ہے۔

امتیاز احمد نے مزید بتایا کہ دوسری ٹرین 28 دسمبر کو بندرگاہ پہنچی جس میں 525 ٹن صابن کے پتھر موجود تھے، یہ ٹرین ایران میں داخل ہوچکی ہے اور جلد ہی زاہدان پہنچ جائے گی، جہاں ترسیل سے متعلق دیگر کام مکمل کیا جائےگا۔

ایک سوال کے جواب میں استنبول، تہران، اسلام آباد (آئی ٹی آئی) کے ترجمان امتیاز احمد نے بتایا کہ پاکستان ریلوے نے پہلی ٹرین سے 8 لاکھ اور دوسری ٹرین سے 22 لاکھ روپے کمائے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران صرف راستہ فراہم کرنے والے ملک کےطور پر استعمال ہوگا اور پاکستان سےلوڈ کیے جانے والے تمام سازو سامان کی ترسیل ترکی میں ہی کی جائے گی۔

پنک سالٹ سرگودھا سے ٹرک میں لوڈ کرکے اسلام آباد میں آئی ٹی آئی ٹرین تک منتقل کیا گیا جبکہ صابن کے پتھر جلال آباد (افغانستان)سے خریدے گئے اور فریٹ بھیجنے والوں نے اسے خریداروں کےمطالبے کے مطابق آئی ٹی آئی پر بُک کیا۔

امتیاز احمد نے مزید کہا کہ تیسری ٹرین بھی جلد ہی ترکی کے لیے روانہ ہوگی، اسے مال بردار ٹرین بھیجنے والوں کی جانب سے لوڈ کیا جارہا ہے۔