سابق جنوبی افریقی پیسر ڈیل اسٹین نے بھارتی ٹیم کو ورلڈ کلاس قرار دے دیا

جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بالر ڈیل اسٹین نے بھارتی ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں فتح کو ورلڈ کلاس پرفارمنس قرار دے دیا۔

سامجی رابطے کی ویب سائٹ پر ڈیل اسٹین نے بھارتی کرکٹ ٹیم سینچورین ٹیسٹ میچ میں کامیابی پر ٹیم کو مبارکباد دی۔

ڈیل اسٹین نے کہا کہ بھارت کی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے گزشتہ چند دوروں میں متاثر کن پرفارمنس دے رہے۔

ملک سے باہر فتح میں بھارت کا ریکارڈ مزید بہتر ہو رہا ہے اور اس کامیابی سے ثابت ہو گیا کہ وہ ورلڈ کلاس ٹیم ہے۔

واضح رہے کہ مہمان ٹیم نے سینچورین کے پہلے ٹیسٹ میں میزبان جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری قائم کر لی ہے۔

اس میچ مین محمد شامی اور جسپریت بمرا کی شاندار بالنگ نے بھارتی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

جبکہ نئے کپتان کے ایل راہول نے بھی ٹیم کے لئے کیپٹین اننگ کھیل کر جیت کی راہ ہموار کی ۔

دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹیسٹ پیر سے وانڈرز اسٹیڈیم جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا، جبکہ تیسرا ٹیسٹ نیولینڈ کرکٹ گراؤنڈ کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

مستقبل میں مداخلت نہ ہوئی تو چاروں صوبوں میں مثالی فتح حاصل کریں گے، فضل الرحمان

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مستقبل میں مداخلت نہ ہوئی تو چاروں صوبوں میں مثالی فتح حاصل کریں گے۔

مولانا فضل الرحمن نے پشاور میں جے یو آئی کے مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی نے حکمرانوں کے عزائم خاک میں ملا دئیے.

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تین سالوں سے قوم کو سلیکٹڈ حکومت کے عزائم سے آگاہ کیا، جمعیتِ علماء اسلام عوام کی امیدوں کی کرن بن گئی۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی پالیسیوں نے ملک کی اقتصادی معاشی ترقی کاراستہ روک دیا، 2018 کے الیکشن میں ایک منصوبہ بندی کے تحت تحریک انصاف کو مسلط کیا گیا۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ عوام کے ووٹ چوری کرکے عوامی مینڈیٹ کی توہین کی گئی.

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں مداخلت نہ ہوئی تو چاروں صوبوں میں مثالی فتح حاصل کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پشاورفاٹا انضمام کے دوران پرکشش مراعات کا اعلان کرکے عوام کو دھوکہ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کے وقار اور تقدس کو پامال کرکے آئین سے ماورا بل پاس کئے جارہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 360 ارب کا منی بجٹ صرف آئی ایم ایف کی ایماء پر پیش کیا گیاہے۔

جرمنی، بدترین توانائی بحران کے باوجود مزید 3 ایٹمی بجلی گھر بند

جرمنی میں ملک کو ایٹمی بجلی سے پاک کرنے کے منصوبے کے تحت آخری چھ فعال ایٹمی بجلی گھروں میں سے مزید تین کو بند کر دیا گیا ہے۔

2022 کے آخر تک جرمنی تمام ایٹمی بجلی گھروں کو مکمل طور پر بند کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ جرمنی اب توانائی کے متبادل ذرائع کی طرف پیش قدمی کر رہا ہے۔

2011 میں جاپان کے فوکو شیما ایٹمی ری ایکٹر میں حادثے کے بعد سابق چانسلر اینگلا مرکل کی حکومت نے اپنے تمام ایٹمی بجلی گھروں کو مرحلہ وار بند کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا تھا۔

جاپان کے ساحلی علاقے میں قائم فوکو شیما پاور ایٹمی پاور پلانٹ کو 2011ء میں زلزلے کے نتیجے میں آنے والے سونامی سے شدید نقصان پہنچا تھا۔

جرمنی میں جوہری بجلی گھروں کی بندش ایسے وقت میں کی گئی ہے جب یورپ کو بد ترین بجلی بحران کا سامنا ہے اور ایٹمی بجلی کی پیداوار کو ایک بار پھر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے کیونکہ اِس سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کی انتہائی کم مقدار پیدا ہوتی ہے۔

ورلڈ نیوکلیئر ایسوسی ایشن کے مطابق ایٹمی بجلی کی پیداوار کے دوران ماحول کو نقصان پہنچانے والی گرین ہاؤس گیس کا اِخراج نہیں ہوتا اور یہ اپنی میعاد تک وِنڈ پاور پلانٹ جتنی کم کاربن ہی پیدا کرتے ہیں۔

نئی جرمن حکومت بھی رائے عامہ کے برعکس سابق حکومت کی ایٹمی پالیسی کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ جرمنی کے عوامی سروے کے مطابق نصف سے زائد شہری بجلی کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے باعث ایٹمی بجلی گھروں کی بندش کے فیصلے کو واپس لینے کے حق میں ہیں۔

گزشتہ ماہ یورپی ممالک میں گیس کی قیمتوں میں 10 گُنا اضافہ ہوگیا تھا جس کا اثر بجلی کی قیمتوں پر بھی پڑا ہے۔ روس سے کشیدگی نے بھی اِس معاملے پر گہرا اثر ڈالا ہے جو یورپی ممالک کی ایک تہائی گیس کی ضرورت کو پورا کرتا ہے۔

یورپی یونین کا الزام ہے کہ روس یوکرائن تنازع میں دباؤ ڈالنے کے لیے جان بوجھ کر گیس کی فراہمی کو محدود کر رہا ہے۔ روس جرمنی کو گیس کی زیادہ فراہمی کے لیے متنازع ’’نارڈ اسٹریم 2 پائپ لائن‘‘ منصوبہ بھی شروع کرنا چاہتا ہے۔

پاکستان نیوی نے سی این ایس شوٹنگ چیمپئن شپ کا ٹائیٹل مسلسل چھٹی مرتبہ جیت لیا

تفصیلات کے مطابق  چھٹی  چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن شوٹنگ چیمپئین شپ میں  پاکستان  نیوی نے مسلسل چھٹی مرتبہ ٹائیٹل  اپنے نام کرلیا۔پاکستان نیوی نے مجموعی طور پر 20 طلائی تمغے اپنے نام کیے، پاک بحریہ نے 19 سلور اور 8 برانز میڈلز بھی جیتے۔

پاکستان آرمی دوسرے نمبر پر رہی، پاک  آرمی نے 13گولڈ،13 اور8 برانزمیڈلز حاصل کیے ۔

چیمپئن شپ پاکستان نیوی شوٹنگ رینج ، پی این ایس بہادر پر منعقد ہوئی،  واپڈا نے ایک گولڈ اور ایک برانز میڈل جیتا،  ایچ ای سی نے4 برانز میڈلز اپنے نام کیے،  سندھ  ایک سلور اور 3 برانز میڈل جیتنے میں کامیاب رہا جبکہ  پی اے ایف نے 9 برانز میڈلز  جیتے ہیں۔

چیمپئن شپ  کوویڈ 19 کے سبب ایک برس کے تعطل کے بعد منعقد ہوئی ہے، چیمپئن شپ نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے تعاون سے ہوئی، ایونٹ میں پسٹل اور رائفل شوٹنگ میں مینز، ویمنز اور یوتھ کے  مقابلے ہوئے،  سی این ایس شوٹنگ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب اتوار کو منعقد ہوگی، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی مہمان خصوصی ہوں گے۔

بھارت: مہاراشٹر میں 10 سے زیادہ وزراء، 20 ایم ایل اے کا کوروناٹیسٹ مثبت آگیا

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطا بق مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی اجیت پوار کا کہنا ہے کہ   مہاراشٹر میں اب تک 10 سے زیادہ وزراء اور 20 ایم ایل اے کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے،اگر ریاست میں کوروناکے کیسز میں اضافہ ہوتا رہا تو سخت پابندیاں نافذ کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ  “ہم نے حال ہی میں اسمبلی اجلاس کو مختصر کر دیا ہے۔ اب تک، 10 سے زیادہ وزراء اور 20 سے زیادہ ایم ایل ایز کورونا وائرس  کا شکار ہوگئے ہیں ۔ ہر کوئی نئے سال، سالگرہ اور دیگر مواقع کی تقریبات کا حصہ بننا چاہتا ہے۔ خیال رہے کہ نیا ورژن ( Omicron) تیزی سے پھیلتا ہے اور اس لیے احتیاط کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپیل کی ہے اور کچھ ریاستوں نے رات کے کرفیو کا اعلان کیا ہے۔ مہاراشٹر میں، ممبئی اور پونے میں کیسز بڑھ رہے ہیں،”

مہاراشٹر میں 2021 کے آخری 12 دنوں میں روزانہ نئے کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ممبئی میں جمعہ کو 5,631 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔  جمعرات کو ریکارڈ کیے گئے 3,671 کیسز کے مقابلے میں یہ 53 فیصد کا اضافہ تھا۔

200 کروڑ روپے منی لانڈرنگ کیس کا ملزم جیکلین کا عاشق نکلا

ممبئی: کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ اور فراڈ کیس کے ملزم سکیش چندرا شیکھر نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا اداکارہ جیکلین فرنانڈز سے معاشقہ تھا۔

بالی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق بالی وڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈز پچھلے کئی مہینوں سے سکیش چندرا شیکھر کے خلاف 200 کروڑ ورپے منی لانڈرنگ اور فراڈ کے کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ریڈار پر ہیں۔

جیکلین کو کیس میں تفتیش کے لیے متعدد مرتبہ طلب کیا جا چکا ہے۔ تحقیقاتی ایجنسی کی تیار کردہ چارج شیٹ کے مطابق اداکارہ نے ملزم سکیش چندرا شیکھر سے مہنگے ترین تحائف وصول کیے ہیں جنہیں اب ایجنسی نے ضبط کرلیا ہے۔

شیکش چندرا شیکھر کے وکیل ایڈوکیٹ اننت ملک نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ بالکل غلط ہے کہ میرے موکل کو الزام ثابت ہونے سے قبل ہی مجرم یا دغاباز قرار دیا جائے۔

اپنے بیان میں ایڈوکیٹ اننت ملک نے کہا کہ سکیش چندرا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کا جیکلین فرنانڈز سے معاشقہ تھا اور یہ اس کا ذاتی معاملہ ہے جسے اس کیس میں ہرگز نہیں کھینچنا چاہیے۔

سکیش چندرا شیکھر کے وکیل کا بیان جیکلین فرنانڈز کی جانب سے ای ڈی میں بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی درخواست مسترد کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔

تحقیقاتی ایجنسی نے جیکلین کے خلاف 5 دسمبر کو لک آؤٹ سرکولر (ایل ای سی) جاری کیا۔ اب اداکارہ کسی بھی حوالے سے بیرون ملک سفر نہیں کر سکیں گی۔

2022 میں کووڈ19 کے خاتمے کی توقع ہے،عالمی ادارہ صحت

جینیوا: عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا ہے کہ 2022 میں کورونا کی وبا کا خاتمہ ہونے کی توقع ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ 2022 میں کورونا کی وبا ختم ہونے کی توقع ہے کیونکہ دنیا کے پاس اب وبا پرقابو پانے کے لئے آلات موجود ہیں۔

ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ جب تک عدم مساوات برقراررہے گی اس وقت تک وبا بھی جاری رہے گی۔افریقہ میں طبی عملے کی بھی مکمل ویکسین نہیں ہوئی جبکہ یورپ میں عوام کو بوسٹرخوراک لگائی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عدم مساوات کی وجہ سے ویرینٹ کے پھیلنے کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔ عدم مساوات ختم ہوگی تو وبا بھی ختم ہوجائے گی اوریہ ڈراؤنا خواب بھی جس میں ہم اب جی رہے ہیں۔

ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا کہ دنیا بھر میں ویکسین کی ساڑھے 8ارب خوراکیں لگائی جا چکی ہیں جس سے اموات کی شرح کم کرنے میں مدد ملی ۔لوگوں کی جان بچانے کے لیے علاج کے نئے طریقے بھی دریافت ہو چکے ہیں۔

پشاور، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

پشاور: خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں سمیت اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے آئے ہیں جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے سبب لوگ گھروں اور دکانوں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، پشاور، مینگورہ، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، دیر بالا، صوابی، چترال میں محسوس کیے گئے، فوری طور پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوسکی۔

زلزلہ پیما مرکز سے موصولہ اطلاعات کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہ ہندو کش کے پہاڑی سلسلے کی طرف تھا جب کہ اس کی گہرائی 180 کلومیٹر تھی۔

لاپتہ افراد معاملہ، جسٹس اطہر من اللّٰہ “مین آف دا ائیر” قرار

لاپتہ افراد سے متعلق جرات مندانہ موقف رکھنے پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ “مین آف دا ائیر” قرار دے دئیے گئے ہیں۔

“سینٹر فار گورننس ریسرچ” نامی ادارے نے چیف جسٹس اطہر من اللہ کو میں آف دا ائیر قرار دیا.

سینٹر فار گورنس ریسرچ کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس کو لاپتہ افراد سے متعلق اصولی اور جرات مندانہ موقف اپنانے پر مین آف دا ائیر قرار دیا۔

ادارے کی رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس نے قرار دیا کہ لاپتہ افراد کی ذمہ داری ایگزیکیوٹیو اور وفاقی کابینہ پر ہے۔

مذکورہ ادارے کا کہنا ہے کہ مطالبہ کرتے ہیں جبری گمشدگی سے متعلق فوری قانون سازی کی جائے۔

گورننس ریسرچ سینٹر نے مطالبہ کیا کہ نیشنل سیکیورٹی پارلیمانی کمیٹی ان اداروں سے متعلق ایکشن لے جو خود  کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔

ادارے کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ اچھی گورننس کے لیے ٹاپ ایجنڈا کے طور ایڈریس ہونا چاہیے۔

برطانیہ: نیوایئر کی تقریبات کے دوران گاڑی کی ٹکر سے 14 سالہ لڑکی ہلاک

برطانیہ میں نیو ایئر کی تقریبات کے دوران پہ گاڑی کی ٹکر سے 14 سالہ لڑکی ہلاک ہوگئی۔

مقامی میڈیا  کے مطابق  سال نو کے موقع پر  ایک نوعمر لڑکی  کار کی زد میں آکر ہلاک ہو گئی ہے۔

14 سالہ لڑکی  کو گزشتہ شام راؤلی ریگس ریلوے اسٹیشن سینڈ ویل کے قریب ایک سرمئی  رنگ کی مرسڈیز کار نے ٹکر مار ی جس کا ڈرائیور مبینہ طور پر نشے میں تھا۔

طبی عملے نے  فوری طور پر لڑکی کو اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئی۔

ویسٹ مڈلینڈز پولیس  کے مطابق  نشے میں دھت ہوکر گاڑی چلانے والے 39 سالہ شخص کو جائے وقوعہ سے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔