عمران خان نے ترقی کرتے ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فارن ایجنٹ چور ملکی تاریخ کا بد ترین اور ناکام ترین تجربہ تھا، ترقی کرتے خوشحال ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا، سیاسی بے روزگاروں، نالائق کی سلیکٹڈ حکومت 2018 سے لے کر 2022 اپریل تک مسلط تھی۔
عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ امپورٹڈ ٹولہ اور فارن ایجنٹ کو پارلیمان سے اُٹھا کر باہر پھینک دیا ہے، استعفیٰ دیں خطوں کا بہانہ کیوں بنا رہے ہیں، کرائیں الیکشن پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کیا تکلف ہے، عمران خان نے ملک میں تاریخی مہنگائی اور بے روزگاری کی، فارن ایجنٹ نے ملک کے مفادات بیچے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے کشمیر کا سودا کیا، اداروں کی تضحیک کی، شہدا کے خلاف غلیظ مہم چلائی، آج عوام کو لگا ہر زخم فارن ایجنٹ کی دین ہے، آج عوام کی ہر تکلیف کی وجہ عمران خان ہے، وہ جن پہ الزام لگا رہا ہے 6.3 فیصد پر ترقی کرتا ملک چھوڑ کر گئے تھے۔

بلاول اپنے سہولت کاروں کے ذریعے والدہ کے قاتلوں کا ہی پتہ کرلیں:حلیم عادل شیخ

کراچی: (ویب ڈیسک) بلاول زرداری کے بیان پررہنما تحریک انصاف و قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے شدید رد عمل کا اظہار کیا۔
قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بلاول اپنے سہولتکاروں کے ذریعے اپنی والدہ کے قاتلوں کا ہی پتہ کرلیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت میں ادارے وزیروں کی طرح ناکارہ نکمے بن چکے ہیں، بلاول والدہ کی وجہ سے لاڑکانہ میں چھٹیوں پر ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ بیساکھیوں کا تحفہ بلاول کو نانا سے ورثے میں ملاہے،جعلی وصیت پر بنائے گئے لیڈر ہمیشہ قد سے بڑی باتیں کرتے ہیں۔

نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان کے 21 رکنی ابتدائی اسکواڈ کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان کے 21 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے میچز 9, 11 اور 13 جنوری کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
اعلان کردہ ابتدائی اسکواڈ میں بابر اعظم ، عبداللہ شفیق ، ابرار احمد ، عامر جمال اور حارث رؤف شامل ہیں۔
اس کے علاوہ حسن علی، احسان اللہ، امام الحق ، کامران غلام ، محمد حارث ، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، قاسم اکرم اور سلمان علی آغا بھی اعلان کردہ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
شاداب خان، شاہنواز دھانی، شان مسعود ، شرجیل خان، طیب طاہر بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
فخر زمان، خوشدل شاہ ، شاہین آفریدی (انجرڈ) اور زاہد محمود جو نیدرلینڈز کیخلاف ون ڈے سیریز میں شامل تھے ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہیں۔
عبوری سلیکشن کمیٹی 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان پاکستان کپ کے اختتام پر دوسرے ٹیسٹ کے دوران کریں گے۔

ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا کیساتھ سیریز فائدہ مند ثابت ہوگی، بسمہ معروف

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا کہ ورلڈکپ سے قبل آسٹریلیا کے ساتھ سیریز سے فائدہ پہنچے گا۔
بسمہ معروف نے کہا کہ کوشش کریں گے وہاں جیسا باؤنس ہے اس کے مطابق تیاری کریں، کراچی جاکر مزید تیاری کرنے کا موقع ملے گا۔
کپتان قومی ویمن ٹیم نے کہا کہ سال 2022 میں غلطیاں بھی ہوئی اور کرکٹ میں بہتری بھی آئی، پچھلے کئی ماہ سے مثبت نتائج آرہے ہیں۔

نئی فلور ملز کو گندم کی سپلائی پر پابندی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے نئی قائم ہونے والی آٹے کی ملوں کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت پر فیصلہ سناتے ہوئے نئی ملوں کو گندم کی سپلائی پر پابندی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیدیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد حسین چٹھہ نے عبدالباسط ودیگر کی درخواست پر 8 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
جسٹس عابد حسین چٹھہ نے پنجاب حکومت کے 19 مئی 2022 کے نئی فعال ہونے والی فلور ملز کو گندم کی سپلائی پر پابندی کے نوٹیفکیشن کی شق نمبر 7 کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک سے لائسنس یافتہ فلور ملز پر پابندی بلا جواز ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوٹیفیکیشن کا مقصد گندم کی ملز کو بلا تعطل سپلائی اور قیمتوں کو مستحکم رکھنا تھا۔ نوٹیفیکیشن کی شق 7 سے فلور ملز نئی اور پرانی میں تقسیم ہو گئی ہیں، یہ شق آئین کے آرٹیکل 25 کے برخلاف نئی اور پرانی فلور ملز کے مابین امتیاز ہے۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی، پاکستان میں اضافہ

لاہور: (ویب ڈیسک) کاروباری ہفتے کے تیسرے روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی ہوئی جبکہ پاکستان میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 7 ڈالر کمی ہوئی جس کے نئی قیمت 1803 ڈالر کی سطح پر آ گئی۔
مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد سونے کی نئی قیمت ایک لاکھ 82 ہزار 800 روپے ہو کر نئی بلند ترین سطح پر آگئی ہے۔
دس گرام سونے کی قیمت میں 85 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت ایک لاکھ 56 ہزار 721 روپے کی سطح پر آ گئی۔

کراچی میں ایک بار پھر ٹارگٹ کلنگ، فائرنگ سے سیاسی کارکن جاں بحق

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی واردات میں حسین آباد میں فائرنگ سے ایک شخص کو قتل کردیا گیا۔
کراچی پولیس کے مطابق مقتول سیاسی کارکن تھا اور دکان چلاتا ہے،ویلڈنگ کی دکان پر اپنے دوست کے پاس بیٹھا ہوا تھا کہ 2 مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کردی، ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی بھی ہوا۔
پولیس نے بتایا کہ حملہ آوروں کی تعداد 2 تھی، قتل کی واردات کے بعد ملزمان موٹرسائیکل پر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 140 اے میں ترمیم کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حکومت سے آئین کے آرٹیکل 140 اے میں ترمیم کا مطالبہ کردیا۔
الیکشن کمیشن نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ بلدیاتی قانون میں ترمیم ضروری ہو تو مقامی حکومتوں کی مدت پوری ہونے سے قبل کی جائے، وفاقی حکومت کو الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 219 میں بھی ترمیم کی سفارش کر دی۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قانون میں ترمیم ایسے وقت میں کی جائے کہ مدت پوری ہونے پر چار ماہ میں بلدیاتی انتخابات ہوسکیں، بلدیاتی قانون میں ترمیم مقامی حکومتوں کے ختم ہونے سے ایک سال پہلے کی جائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کل مرکزی لیڈر شپ کا اجلاس طلب کر لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی سے استعفوں کے معاملے پر چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کل مرکزی لیڈر شپ کا اجلاس طلب کر لیا۔
زمان پارک میں ہونے والے اجلاس میں قومی اسمبلی سے استعفوں سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا اس کے علاوہ اجلاس میں مزید اہم فیصلے ہونے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق کل کے ہونے والے اجلاس میں پنجاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے اعتماد کے ووٹ سمیت اسمبلیوں کی تحلیل پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا بحرین کے شاہ حمد بن آل خلیفہ سے ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کا بحرین کے شاہ حمد بن آل خلیفہ کو فون، 9 جنوری کو جنیوا میں ہونے والی کلائمیٹ ریزیلینٹ پاکستان کانفرنس سے آگاہ کیا۔
اپنی گفتگو میں وزیر اعظم شریف نے کانفرنس میں بحرین سے اعلیٰ سطحی وفد کی شرکت کی درخواست کی جس پر شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے پاکستان میں موسمیاتی سیلاب کے بعد تعمیر نو اور بحالی کے اقدامات کو سراہا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے دوستانہ اور تاریخی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، دونوں رہنماؤں کا ایک دوسرے کے درمیان قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
شاہ حمد نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر مل کر کام کرنے پر اتفاق بھی کیا گیا۔