چین میں کورونا کی نئی لہر؛ اسپتال اور مردہ خانے بھرگئے

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں کورونا کی نئی لہر میں اسپتال اور مردہ خانوں میں رش بڑھ گیا، وبا کے متاثرین کو طویل انتظار کی کوفت سے گزرنا پڑ رہا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں کورونا کی نئی لہر نے ہنگامی صورت حال پیدا کردی۔ یومیہ کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث طبی سہولیات کے اداروں پر دباؤ بڑھ گیا اور عملے کی کمی کا سامنا ہے۔
یومیہ کیسز میں اضافے کے باعث اسپتالوں اور مردہ خانوں میں جگہ کم پڑ گئی۔ ایمرجنسی اور انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں بستر کم پڑ گئے۔ مریضں ایک اسپتال سے دوسرے اسپتال کے چکر لگانے پر مجبور ہوگئے۔
چین میں کورونا کی نئی شکل کا ویریئنٹ تیزی سے دیگر ممالک میں بھی پھیل رہا ہے جس کے باعث کئی ممالک چین پر سفری پابندیوں کے قوانین کے نفاذ پر غور کر رہے ہیں۔
چین میں شدید عوامی دباؤ اور احتجاج پر کورونا زیرو ٹالیرنس پالیسی میں کچھ نرمی کی گئی تھی جس کے بعد اس مہلک وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے اور ایک دن میں لاکھوں افراد متاثر ہو رہے ہیں۔
چین نے سرکاری سطح پر یومیہ کیسز کی تعداد بتانے سے گریز کیا ہے تاہم عالمی خبر رساں ادارے کے نمائندے نے ایمبولینس ڈرائیورز اور طبی عملے سے بات کی جس نے بتایا کہ ان دنوں مریضوں کی تعداد بہت زیادہ ہوگئی ہے۔
نمائندے نے قبرستانوں کا بھی دورہ کیا جہاں معمول سے کہیں زیادہ میتیں لائی جارہی ہیں جو زیادہ تر کورونا کے باعث ہلاک ہوئے تھے اور تمام احتیاطی تدابیروں کے ساتھ آخری رسومات ادا کی جا رہی تھیں۔
قبرستانوں کے انتظام سے منسلک ایک شخص نے عالمی خبر رساں ادارے کے نمائندے کو بتایا کہ اتنی زیادہ تعداد میں اموات ہوئی ہیں کہ کئی قبرستانوں میں ایک سال تک نئی جگہ ملنے کا امکان نہیں۔
گورکن کا کہنا تھا کہ اوسطاً دن میں 200 مردوں کو دفنا رہے ہیں۔ کھانا کھانے کا بھی وقت نہیں مل رہا ہے۔ صورت حال بہت پریشان کن ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق چین کی حکومت سے ای میل کے ذریعے معلومات مانگیں لیکن کوئی جواب نہیں آیا۔

یو اے ای: سرکاری ملازمین کو نجی کاروبار کے لیے تنخواہ کیساتھ ایک سال کی چھٹیاں دینے کا اعلان

ابو ظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے سرکاری ملازمین کو ذاتی کاروبار کرنے کے لیے ایک سال کی تنخواہ کے ساتھ چھٹی دینے کا اعلان کردیا۔
امارات کے خبر رساں اداے کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے وفاقی اداروں کے سرکاری ملازمین کو ذاتی کاروبار شروع کرنے کے لیے تنخواہ کے ساتھ ایک سال کی چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلے کا اطلاق جنوری 2023 سے ہوگا۔
چھٹی حاصل کرنے والے ملازم کو اپنی سالانہ چھٹی اور بغیر تنخواہ چھٹی کو بھی اس میں شامل کروانے کا اختیار حاصل ہوگا۔
امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی زیر صدارت اماراتی کابینہ نے رواں سال جولائی میں اس منصوبے کی منظوری دی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد مستقبل میں امارات کی معیشت کوفائدہ پہنچانا ہے، دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی سکیم کے تحت سرکاری ملازم کاروبار کےلیے کوشش کرسکیں گے۔

دلہا دلہن فوٹوشوٹ کے دوران اسٹیج پر گر گئے

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں شادی کی تقریب کے دوران دلہا اور دلہن اپنا فوٹوشوٹ کرواتے وقت اسٹیج پر گر گئے تاہم انہیں کوئی چوٹ نہیں آئی۔
دلہا اور دلہن کے اسٹیج پر گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں دیکھا گیا کہ رقص کرتے وقت دلہا کا پیر دلہن کے لہنگے پر آتا ہے جس کے باعث دلہا اپنا توازن برقرار نہیں رکھ پاتا اور دلہن سمیت اسٹیج پر گر جاتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ دلہا نے شیروانی جبکہ دلہن نے لہنگا پہن رکھا ہے لیکن دلہن کا لہنگا اچانک دلہا کے پیر تلے آ جاتا ہے جو دونوں کے گرنے کا سبب بنتا ہے۔
جوڑے کی ویڈیو ’’جےپور پری ویڈنگ‘‘ انسٹاگرام اکاؤنٹ سے 15 دسمبر کو شیئر کی گئی تھی، جس پر اب تک 12.6 ملین ویوز اور 5 لاکھ سے زائد لائیکس ہے، جبکہ بہت سے لوگوں کے تبصرے بھی موجود ہیں۔
واضح رہے کہ آج کل شادیوں کا سیزن ہے اور ہر جوڑا اپنی شادی کو یادگار بنانے کے لیے فوٹوشوٹ کرواتا ہے۔

ٹویٹر نے مزید ایموجی ردِ عمل کی آزمائش شروع کردی

سان فرانسسكو: (ویب ڈیسک) ایلون مسک نے ٹویٹر کی گرتی ہوئی ساکھ کو بہتر بنانے کے لیے ٹویٹر 2.0 کے نام سے کچھ تبدیلیوں کا اشارہ دیا تھا۔ اب ٹویٹر نے ایموجی ردِ عمل کا اعلان کیا ہے۔
اس سے قبل ٹویٹر نے ویو کاؤنٹ، اپ ووٹ اور ڈاؤن ووٹ سمیت سبسکرپشن جیسے فیچر آزمائے ہیں۔ اسی طرح ایموجی ری ایکشن گزشتہ برس مارچ میں آزمائے گئے تھے اب کچھ اور ایموجی شامل کی گئی ہیں جن میں دل کی شکل والی پسندیدگی ظاہر کرنے والی ایموجی شامل کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ تھمبس اپ اور تھمبس ڈاؤن کے ایموجی ری ایکشن بھی شامل کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب ٹویٹر نے ٹویٹ یا ردِ عمل کو خاموش کرنے یا پھر چھپانے کے ری ایکشن بھی شامل کرنے پر غور کیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ایلون مسک ٹویٹر کو عوامی احساسات کا درست ترجمان بنانا چاہتے ہیں۔
اس کے علاوہ ٹویٹر دیگر ایموجی بھی شامل کرے گا جن میں دلچسپ ، فنی یا مضحکہ خیز، اور دیگر ایموجی شامل ہیں۔

نائبل، دنیا کی پہلی اوپن سورس روبوٹ بلی

ہانگ کانگ: (ویب ڈیسک) نائبل، ایک روبوٹ بلی کا نام ہے جس کی تشہیر اس وقت کراؤڈ فنڈنگ ویب سائٹ انڈی گو گو پر جاری ہے۔ یہ روبوٹ بلی کرتب دکھاتی ہے لیکن اس کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ کھیل کھیل میں یہ روبوٹکس اور پروگرامنگ بھی سکھاتا ہے۔
اسے بنانے والوں کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کی سب سے ہلکی اور برق رفتار روبوٹ بلی ہے اور اوپن سورس ہونے کی وجہ سے آپ اس میں حسبِ خواہش فیچر شامل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ بہت سی باتیں سیکھتی ہے اور رویوں کا اظہار بھی کرتی ہے۔ یہاں تک کہ رسبری پائی کی بدولت آپ اسے سوچنے سمجھنے والی بلی بھی بنا سکتے ہیں۔
اس کا بنیادی تصویر ایک پالتو بلی کا ہی ہے یعنی یہ آپ کی دوست بلی بن جاتی ہے لیکن ایک طویل عرصے تک نت نئے ہنر اور فن سیکھتی رہتی ہے۔ یہ اورڈینو مائیکرو کنٹرولر سے قابو کی جاتی ہے۔ اس میں شاندار مسل میموری بھی ہے جس سے یہ چھلانگیں لگا سکتی ہے اور نئے کرتب سیکھتی ہے۔
اس کا ہارڈویئر بھی آپ اپنی سہولت سے چھاپ سکتے ہیں کیونکہ اوپن سورس ہونے کی وجہ سے تھری ڈی پرنٹنگ کا ہر پہلو اس کے لیے موافق ثابت ہوتا ہے۔ لیکن اس سادہ ڈیزائن کے باوجود اس کے فریم میں بہت زیادہ اہم گوشے ہیں۔ صرف بلی کے سر کو ہی لیجئے تو اس میں آرجی بی ایل ای ڈی، فاصلہ بتانے والا سینسراور گردن گھمانے والا مشینی نظام موجود ہے۔
دوسری جانب ربڑ سے بنے پیر، شاک برداشت کرنے والے جوڑ، ہلتی ہوئی دم، ایڈرینو کنٹرولر سرکٹ، تاریں اور پروگرام ہونے والا ہارڈویئر نصب ہے۔
اس کی ایک کٹ کی قیمت 229 امریکی ڈالر ہے جو اب دستیاب ہے۔

اٹک : خاندانی دشمنی پر 3 افراد قتل، آئی جی پنجاب کا نوٹس

اٹک: (ویب ڈیسک) ماڑی گاؤں میں خاندانی دشمنی کی بنا پر ملزمان نے فائرنگ کرکے 3 افراد کو قتل کردیا۔ آئی پنجاب نے واقع کا نوٹس لیکر رپورٹ طلب کرلی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے ملک ارشد جعفری، ڈرائیور اختر نواز اور گن مین نظام خان موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقع خاندانی دشمنی کی بنا پر پیش آیا، ملزمان نے اس وقت حملہ کیا جب مقتول ملک ارشد جعفری اپنے ڈرائیور اور گن مین کیساتھ گاڑی میں جارہے تھے۔لاشیں ابتدائی تفتیشن کے بعد ہسپتال منتقل کردی گئیں۔
آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان نے اٹک میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے تین افراد کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ۔
آئی جی پنجاب کا سینئر پولیس افسران کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے کا حکم ڈی پی او کوملزمان کی جلد گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی
عامر ذوالفقار خان نے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ سینئر افسران لواحقین کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے انصاف کی فوری فراہمی یقینی بنائیں ۔

ڈالر کی مقابلے روپے کی قدر میں مسلسل کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) انٹر بینک میں ڈالر 22 پیسے اضافے کے ساتھ 226 روپے 37 پیسے پر بند ہوا جبکہ گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر 33 پیسے اضافے کے ساتھ 226 روپے 15 پیسے پر بند ہوا تھا۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر60 پیسے اضافے کے ساتھ 235 روپے65 پیسے پر فروخت ہوا جبکہ گزشتہ روز ڈالر15 پیسے اضافے کے ساتھ 235 روپے 5 پیسے پر فروخت ہوا تھا۔

پاکستان کی سب سے بڑی ٹیک کانفرنس و نمائشFUTURE FEST،ڈی سی او،اور انویسٹ سعودی کے تعاون سے 6تا8جنوری2023 تک لاہور میں معروف سعودی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کی میزبانی کرے گی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی سب سے بڑی ٹیک کانفرنس و نمائش،لاہور ایکسپو سینٹر مین6تا8جنوری2023تک منعقد ہورہی ہے۔اس برس کانفرنس میں سعودی اسٹارٹ اپس اور وینچر کیپیٹلسٹ کا ایک تاریخی وفد بھی شرکت کررہا ہے،جو پاکستانی کمپنیوں اور اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ سرمایہ کاری،شراکت داری،ایکیوزیشنز اور ہنر مندوں کی بھرتیوں کیلئے ملاقات کرے گا۔اس وفد کی آمد اور پاکستان کے مستقبل میں دلچسپی درحقیقت پاکستان کی معیشت کیلئے انتہائی بروقت ہے۔
Future Fest / Ejad Labsکے سی ای او آرزش اعظم کا کہنا ہے کہ”سعودی ٹیک ایکو سسٹم بہت تیزی سے ترقی کررہا ہے،پاکستان میں ہمارے پاس ٹیلنٹ اور اسٹارٹ اپس موجود ہیں،جو اس ترقی میں مدد کرسکتے ہیں۔Future Festمیں ہمیں اس شراکت داری کیلئے متحرک ہونے اورزیادہ سے زیادہ تعاون و ترقی کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے پر فخر ہے،اور یہ درحقیقت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پہلے سے موجود دیرینہ تعلقات کی ایک نئی جہت ہے۔“
سعودی اسٹارٹ اپس اور وینچر کیپیٹلسٹ کے وفد میں Unifonic, Noon, Salasa, Mozn, Qoyod, [atm], Nana, AZM, Elm, AlGooru, Hala, Salla, Moyasar, Classera, Squadio, Nama Ventures, Merak Capital, Misk Foundation, Tracking.me, Diggipacks, Khwarizmi Ventures, Derayah Financial, ILSA Interactive, Takadao اور ڈیجیٹل پارٹنرز،ڈیجیٹل کو آپریشن آرگنائزیشن(ڈی سی او)اور انویسٹ سعودی کے سینئر نمائندے شامل ہوں گے۔
ڈیجیٹل کو آپریشن آرگنائزیشن(ڈی سی او) کے سیکریٹری جنرلDeemah AlYahyaنے اس حوالے سے کہا کہ”جدت اور ٹیکنالوجی سے چلنے والی ڈیجیٹل معیشتوں نے حالیہ دنوں میں انتہائی تیزی سے ترقی کی ہے،جو ان ہمارے معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کررہی ہے۔ڈیجیٹل کو آپریشن آرگنائزیشن نوجوانوں،خواتین اور کاروباری افراد کو با اختیار بنا کر سب کیلئے ڈیجیٹل خوشحالی کے حصول پر کثیر الجہتی توجہ مرکوز کرتے ہوئے،اقتصادی ترقی و سماجی خوشحالی کے فروغ کیلئے ڈیجیٹل معیشت کی تیز رفتار طاقت کا فائدہ اٹھا رہی ہے۔اسلامی جمہوریہ پاکستان،ڈی سی او کی بانی رکن ریاست ہے،اور اس کی دانشمندانہ قیادت کے ساتھ،اور Future Festکو فعال کرنے جیسے مواقع کے ذریعہ،ہم ڈی سی او میں اپنے پہلے سے مضبوط تعلقات کو اور مضبوط کررہے ہیں،جو ہم سب کیلئے خوشحال لے کر آئیگا۔“
پنجاب کی صوبائی حکومت نے اس تین روزہ ایونٹ کیلئے محفوظ مقامی کی فراہمی کے ساتھFuture Festسے تعاون کیا ہے۔اس سیقبل Ejad Labs کے سی ای او آرزش اعظم اورپی آئی ٹی بی کے ڈائریکٹر جنرل ای گورنمنٹ ساجد لطیف کے درمیان ایک ایم او یو کے ذریعہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ(پی آئی ٹی بی)Future Fest 2023کا آفیشل پارٹنر بن گیا ہے۔اس موقع پر پنجاب کے وزیر آئی ٹی ڈاکٹر ارسلان خالد،پی آئی ٹی بی کے ڈائریکٹر کمیو نیکیشن اینڈ کو آرڈینیشن(سی اینڈ سی) ونگ،اور جوائنٹ ڈائریکٹر فری لانسنگ ونگ احمد اسلام سیان بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے داخلہ،جیل خانہ جات و اطلاعات عمر سرفراز چیمہ اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت و سرمایہ کاری میاں اسلم اقبال نے بھی Future Fest 2023کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ایک معروف ایجوکیشن ٹیک اسٹارٹ اپ AlGooruکے بانی و سی ای او خالد ابو قاسم کا کہنا ہے کہ ”پاکستان95ملین سے زائد طلباء اور نجی تعلیم کی شدید خواہش رکھنے والوں کی تعداد کے ساتھ،عالمی ایجو کیشن ٹیک کمپنیوں کیلئے ایک مطلوبہ مرکرز بننے جارہا ہے،اورہم بھی
Future Fest 2023میں شرکت کے زریعہ وہاں توسیع کے مواقعوں کی تلاش کے حوالے سے انتہائی پرجوش ہیں۔“
پاکستان کے مستقبل کی راہ ہموار کرنے کیلئے،ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے وقف Future Fest 2023ایک تین روزہ ایونٹ ہے،جہاں 50سے زائد صنعتوں کے رہنما زندگی کے مستقبل پر بات چیت کیلئے موجود ہوں گے۔کاروباری افراد،فیصلہ ساز،پالیسی ساز،ترقی پسند سوچ رکھنے والے،سرمایہ کار، اوراختراع کار موجودہ دور کے اہم ترین پہلوؤں اور #SaveTheFutureمیں ٹیکنالوجی کے مثبت کردار کے حوالے سے تبادلہ خیال کرینگے۔اس سال ایونٹ میں 30سے زائد ممالک سے 50ہزار شرکاء،200نمائش کنندگان،500اسٹارٹ اپس اور 300بین الاقوامی مقررین شریک ہوں گے۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان، 100 انڈیکس میں 738 پوائنٹس کی کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا، کاروباری ہفتے کے تیسرے روز مارکیٹ میں 100 انڈیکس 738 پوائنٹس کمی کے ساتھ 39 ہزار 64 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

سابق چیئرمین رمیز راجا کے بیان پر پی سی بی کا ردعمل سامنے آگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق سابق چیئرمین رمیز راجا کی جانب سے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کے خلاف لگائے گئے الزامات کی تردید کردی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق چیئرمین رمیز راجا کی جانب سے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کے خلاف سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور ایک ٹی وی انٹرویو میں دئیے گئے بیانات اور استعمال کی گئی زبان پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
پی سی بی سمجھتا ہے کہ سابق چیئرمین رمیز راجہ کی جانب سے دئیے گئے ان بیانات کا مقصد موجودہ چیئرمین نجم سیٹھی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ پی سی بی اپنے چیئرمین اور ادارے کی ساکھ کے دفاع اور تحفظ کے لیے قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
پی سی بی کے پیٹرن نے، شائقین کرکٹ اور منتظمین کے ساتھ ساتھ سابقہ اور موجودہ کرکٹرز کے کھلاڑیوں کی نوکریوں، فلاح و بہبود اور کیریئر کے تحفظ سے متعلق مقبول ترین مطالبہ پرپی سی بی کے آئین 2014 کو بحال کرکے اپنے آئینی حق کا استعمال کیا ہے کیونکہ یہ محکمہ جاتی کرکٹ کے کردار کو تسلیم کرتا ہے۔ جو کہ پی ٹی آئی حکومت کے دوران نافذ العمل پی سی بی کے آئین 2019 میں نہیں تھا۔