پنجاب:دھند کا راج برقرار،اہم شاہراہیں بند،ٹرینیں تاخیر کا شکار،پروازیں بھی متاثر

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے متعدد علاقوں میں دھند کا راج برقرار ہے جس کے باعث اہم شاہراہیں بند ہیں جبکہ ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئیں اور پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔ موٹروے ترجمان کے مطابق دھند کی وجہ سے لاہور ملتان موٹروے فیض پور سے ننکانہ صاحب ،موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک اور سیالکوٹ مو ٹروے لاہور سے سمبڑیال تک بند کر دی گئی ہے، جی ٹی روڈز پر بھی حد نگاہ کم ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ روڈ یوزرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اورگاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کر یں،مزید معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔ اس کے علاوہ دھند کے باعث لاہور ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن متاثر ہے جس کی وجہ سے بیرون ملک سے آنے والی چار پروازوں کو اسلام آباد اتار دیا گیا۔

کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ ہونے لگا، 26 نئے مریض رپورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں عالمی وباء کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں اضافہ ہونے لگا ہے جبکہ 24 گھنٹوں میں 26 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 3 ہزار 488 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 26 مریضوں میں وباء کی تشخیص ہوئی ہے۔ این آئی ایچ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.75 فیصد رہی ہے۔ عالمی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے مطابق 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں عالمی وباء سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی جبکہ ابھی بھی 14 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پنجاب میں اہم موٹرویز پر دھند کا راج، متعدد مقامات سے بند

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث اہم موٹرویز کو متعدد مقامات سے ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔
ترجمان موٹر وے پولیس سید عمران احمد کے مطابق موٹر وے ایم ٹو لاہور سے ہرن مینار تک، لاہور ملتان موٹروے فیض پور سے ننکانہ جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 شدید دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔
سید عمران احمد کا کہنا ہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر ہقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز گاڑی کے آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ روڈ یوزرز غیر ضروری سفر سے گریز ، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، روڈ یوزرز معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کر سکتے ہیں، موٹروے پولیس ہمسفر ایپ سے بھی معلومات لی جا سکتی ہیں۔

دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے: صدر علوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے تک اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
صدر مملکت نے 20 دسمبر کو بنوں میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے ورثاء سے رابطہ کیا، صدر نے سپاہی بابر ایوب اور لانس نائیک حلیم کے ورثاء سے فون پر دونوں کی بہادری، فرض شناسی اور قوم کیلئے قربانی پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر صدر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
اس کے علاوہ اپنے ایک ٹویٹ میں صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کو وراثت سے محروم رکھنے والے غلط روایتی ظلم کا خاتمہ ہونا چاہئے، اس مقصد کیلئے تمام شراکت داروں کو مل کر کام کرنا ہے، ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی اسلامی قوانین وراثت کی خلاف ورزی نہ کرے جیسا کہ قرآن و سنت اور ہمارے آئین میں درج ہے۔

ترکیہ میں چار سال بعد اسرائیل کی سفیر تعینات

انقرہ: (ویب ڈیسک) برسوں کی کشیدگی اور تناؤ کے بعد بالآخر ترکیہ میں اسرائیلی سفیر تعینات ہوگئیں جنھوں نے دارالحکومت میں صدر طیب اردوان سے ملاقات میں اپنے کاغذات پیش کیے جو قبول کرلیے گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے اسرائیل کی نئی سفیر ایرٹ لی لیان سے ملاقات کی اور اُن سے سفارت کے اسناد وصول کیے۔ دونوں ممالک کے درمیان 4 سال کی کشیدگی کے بعد تعلقات معمول پر آئے ہیں۔
تعلقات میں بہتری کا آغاز دو سال قبل ہوا تھا جب دونوں ممالک کے رہنماؤں نے دورے کیے اور سفیروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا تاہم ان کی تعیناتی میں بھی مزید دو سال لگ گئے۔
خیال رہے کہ جنوری 2021 سے ایرٹ لی لیان ترکیہ میں اسرائیل کی چارج ڈی افیئرز کی ذمہ داریاں سنبھال رہی ہیں اور اب وہ ترکیہ میں اسرائیل کی باضابطہ سفیر بن گئی ہیں۔
جس کے لیے اسرائیلی صدر نے رواں برس اگست میں ترکیہ کا دورہ کیا تھا اور اپنے ہم منصب سے ملاقات میں جلد از جلد سفیروں کی تعیناتی پر اتفاق کیا تھا۔
یاد رہے کہ 2010 میں غزہ جانے والے ایک امدادی جہاز پر اسرائیلی فوج نے حملہ کیا تھا جس میں 10 ترک شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس واقعے پر ترکیہ نے اسرائیل کے سفیر کو ملک بدر کر دیا تھا۔
تاہم 2016 میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہوئے لیکن صرف دو سال بعد ہی 2018 میں فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ہلاکتوں پر ایک بار پھر ترکیہ نے اسرائیلی ایلچی کو ملک بدر کرکے اپنا سفیر واپس بلالیا تھا۔
حال ہی میں نیتن یاہو کی انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کی ہے اور وہ ایک بار پھر وزیراعظم بننے جا رہے ہیں۔ ترک صدر جو ماضی میں نیتن یاہو کی پالیسیوں پر تنقید کرتے رہے ہیں نے انتخابات میں کامیابی پر نیتن یاہو کو مبارکباد بھی دی تھی۔

وزیر اعظم کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہو گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل وزیر اعظم ہاؤس میں ہو گا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس کل صبح 11 بجے ہو گا، اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار الیکٹرک بائیکس پر بریفنگ دے گی، توانائی بچت اقدامات پر عملدرآمد پلان کی پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ون سٹاپ سروس ایکٹ کی منظوری دی جائے گی اور کابینہ ای سی سی کے 21 دسمبر کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، کابینہ میں نجکاری کمیٹی کے 26 دسمبر کے فیصلوں کی بھی توثیق ہو گی۔

 

وزارت اطلاعات اور پی آئی ڈی کی ملک بھر کے صحافیوں کیلئے تربیتی ورکشاپ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت اطلاعات و نشریات اور پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) نے پاکستان انفارمیشن سینٹرز کے زیر اہتمام کراچی سے گلگت بلتستان تک ملک بھر کے صحافیوں کے لئے تربیتی ورکشاپس کا آغاز کر دیا ہے۔
پروگرام کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، پشاور، کراچی ، مظفر آباد اور گلگت بلتستان میں 20 سے زائد تربیتی ورکشاپس منعقد کی جا رہی ہیں جن میں 1500 کے قریب پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے وابستہ نو آموز اور مڈ کیریئر صحافی حضرات کو صحافت میں جدید رحجانات اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے مختلف موضوعات پر تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
ان تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کا سلسلہ نہ صرف صوبائی دارالحکومتوں بلکہ ملک کے دیگر علاقوں باالخصوص اندرون بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے دور دراز علاقوں تک پھیلایا جا رہا ہے تاکہ ان علاقوں میں مقیم صحافیوں کو بھی تربیتی ورکشاپس سے مستفید ہونے کا موقع میسر آ سکے، پاکستان انفارمیشن سینٹر کی جانب سے اگلے چند دنوں میں انویسٹی گیٹو جرنلزم، ڈیجیٹل میڈیا ایتھینٹی سٹی، فیک نیوز اور ڈاکومنٹری میکنگ جیسے اہم موضوعات پر تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
تربیتی ورکشاپس میں سینئر جرنلسٹس، میڈیا امور سے متعلق ماہرین، ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹس کے فیکلٹی ممبران سے استفادہ کیا جا رہا ہے اور انہیں بطور ٹرینر ان ورکشاپس میں مدعو کیا جا رہا ہے، اس حوالے سے اسلام آباد میں انفارمیشن سروس اکیڈمی میں خبروں کی صداقت، جعلی خبروں اور ریاست مخالف پروپیگنڈے کے تدارک کے عنوان سے مورخہ 28 اور 29 دسمبر کو دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

اداروں کا سیاست سے لاتعلقی اور آئین پر عمل کرنے کا اعلان بی بی کے خواب کی تعبیر ہے:آصف زرداری

کراچی:(ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہےکہ جمہوریت کا تسلسل بے نظیر کا خواب تھا، الحمدللہ ہم نے اس خواب کی تکمیل کردی ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ موجودہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی، اداروں کا سیاست سے لاتعلقی اور آئین پر عمل کرنے کا اعلان بی بی شہید کے خواب کی تعبیر ہے۔

بلوچستان کو بھی این ایف سی ایوارڈ سے سکیورٹی شیئر دیا جائے، عبدالقدوس بزنجو

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کی طرح بلوچستان کو بھی این ایف سی ایوارڈ سے سکیورٹی اخراجات کی مد میں حصہ دیا جائے۔
کوئٹہ میں صوبائی کابینہ نے وفاقی حکومت سے بلوچستان کو این ایف سی ایوارڈ سے سیکورٹی اخراجات کی مد میں ایک فیصد حصہ دینے کا مطالبہ کر دیا، وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا نصف رقبہ پر مشتمل صوبہ ہے جس کے طویل بارڈر دو ممالک سے ملتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان غیر ملکی مداخلت کی وجہ سے دہشت گردی کا شکار ہے، بلوچستان ملک بھر کی سکبورٹی میں فرنٹ لائن صوبے کی ذمہ داری ادا کر رہا ہے، بلوچستان سکیورٹی کی مد 40 سے 50 ارب خرچ کرتا ہے۔
عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ انٹرنل سکیورٹی الاؤنس کی مد میں خطیر رقم خرچ کرنا پڑتی ہے، ترقیاتی مد میں صرف 60 سے 70 ارب روپے دستیاب ہوتے ہیں، اتنے کم بجٹ میں تو کوئٹہ کی ترقی بھی ممکن نہیں، جس طرح کے پی کے کو این ایف سی سے سکیورٹی کی مد میں شیئر ملتا ہے بلوچستان کو بھی ملنا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کابینہ میں اتفاق راۓ سے طے پایا کہ وزیراعظم کے سامنے یہ مسلئہ رکھا جائے گا، اپنا کیس مشترکہ مفادات کونسل میں بھی پیش کریں گے، امید ہے کہ وزیراعظم اور برادر صوبے ہمارے موقف کوتسلیم کریں گے۔

اسلام آباد میں دہشتگرد حملے کے ملزم گرفتار کر لیے: رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے دہشتگرد حملے کے ملزمان گرفتار کر لیے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حملے میں ٹیکسی ڈرائیور بے گناہ تھا اسکا کوئی قصور نہیں تھا، ٹیکسی ڈرائیور کو ملزم نے ہائیر نہیں کیا تھا۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملزم کرم ایجنسی سے چلے اور راولپنڈی میں ٹھہرے، ہینڈلرز کو بھی پکڑ لیا گیا ہے، ہم نے چار پانچ لوگوں کو راؤنڈ اپ کیا ہے۔