جنیوا: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
جنیوا کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ کانفرنس کے شرکا کو خوش آمدید کہتا ہوں، پاکستان میں سیلاب سے تباہ کاریوں کا حجم بہت بڑا ہے، پاکستان میں ہر 7 میں سے ایک شخص سیلاب سے متاثر ہوا، تقریباً 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ سیلاب کے 5 ماہ بعد بھی کئی علاقے سیلاب کے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، آئندہ قدرتی آفات سے بچنے کیلئے پاکستان نے فریم ورک بنایا ہے، تعمیر نو کیلئے اقدامات تاحال جاری ہیں، آج اقوام عالم پاکستان سے یکجہتی کیلئے اکٹھا ہوا ہے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ترک صدر طیب اردوان نے مزید کہا کہ سیلاب کے بعد ترکیہ کے حکومتی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا، پرامید ہوں کہ کانفرنس کے انعقاد سے پاکستان کو سیلابی تباہی سے بحالی میں مدد ملے گی۔