دیربالا: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی سیاسی مقاصد کے لئے عوام کو ذلیل و خوار کر رہے ہیں، الیکشن ریفارمز کر کے فوری طور پر عام انتخابات کا اعلان کیا جائے۔
میڈیا سے گفتگو میں امیر جماعت سراج الحق نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں جتنی جلدی ہو سکے پی ٹی ائی حکومت کا خاتمہ ہو جائے، دس سالوں میں تحریک انصاف کی خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کو کنگال کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات سے پیپلز پارٹی راہ فرار اختیار کر رہی ہے، ایم کیو ایم کے سارے گروپ جماعت اسلامی سے شکست کے ڈر کی وجہ سے متحد ہو گئے ہیں، پی ڈی ایم کی صورت میں چوروں کا ٹولہ اکٹھا ہوا ہے جو ملک کو دیوالیہ کر رہا ہے۔
امیر جماعت کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں وافر مقدار میں گندم موجود ہے پھر بھی ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے مہنگائی ہے، آٹے کا بحران نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ہے۔
