اسلام آباد: (ویب ڈیسک) روس سے خام تیل کی خریداری کے حوالے سے روس اور پاکستان کے درمیان اسلام آباد میں 18 تا 20 جنوری کو اجلاس ہو گا۔
ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطح کا وفد روسی وزیر توانائی کی سربراہی میں پاکستان پہنچے گا، جس میں توانائی، ریلوے، کمیونیکیشن، صنعت و تجارت کے افسران اور ماہرین شامل ہوں گے، روس سے فوری طور پر 30 فیصد رعایت پر خام تیل اور دیگر توانائی مصنوعات خریدی جائیں گی۔
اجلاس کے دوران ادائیگیوں اور شپنگ کا طریقہ کار بھی طے کیا جائے گا، روس سے سستی توانائی ملنے کی صورت میں سالانہ 2 ارب ڈالر زرمبادلہ کی بچت ہونے کا امکان ہے، پاکستانی ریفائنریوں نے روسی خام تیل سے پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار بھی ممکن قرار دے دی۔
پاکستان روس سے 40 سے 50 ڈالر تک فی بیرل تیل کی فراہمی، 2 لاکھ ٹن ماہانہ سستے ڈیزل کی خریداری اور ماہانہ پچاس فیصد پٹرول معاہدے پر بات کرے گا، روس کے ساتھ طویل المدتی ایل این جی معاہدے نارتھ ساؤتھ گیس منصوبے پر پیش رفت کا بھی امکان ہے۔
