اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنا للہ نے کہا ہے کہ اسپیکر نے پی ٹی آئی کے اُن اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے جو بڑے لیڈر بننے کی کوشش کرتے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے استعفوں کی منظوری اور الیکشن کمیشن کے پی ٹی آئی اراکین کو ڈی نوٹیفائی پر ردعمل دیتے ہوئے وزیرداخلہ نے پی ٹی آئی اراکین کو بیان حلفی جمع کرانے کی پیش کش کی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین اگر سمجھتے ہیں کہ اُن کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے تو وہ بیان حلفی جمع کرادیں اور بتائیں کہ وہ استعفے دینے کے خواہش مند نہیں تھے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جو لوگ اپنے منہ سے بڑی باتیں کرتےہیں ان کو اپنی باتوں پر دھیان دینا چاہیے، جو بڑے لیڈر بنتے ہیں ان کے بارے میں اسپیکرنے فیصلہ کیا ہے، جن ارکان کےاستعفےمنظورنہیں ہوئے وہ واپس آئیں ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے۔
واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اسد عمر، پرویز خٹک، مراد سعید سمیت پی ٹی آئی کے 35 اراکین کے استعفے منظور کر کے نوٹی فکیشن جاری کیا ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے بھی مذکورہ اراکین کو ڈی نوٹی فائی کردیا۔
