تازہ تر ین

وزیر اعظم شہباز شریف سے آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت کی ملاقات

مظفر آباد: (ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ علیحدہ علیحدہ سیاسی وابستگیوں کے باوجود ملک بھر کی سیاسی قیادت کا مظفر آباد میں کشمیر کاز کیلئے اکٹھے ہونا خوش آئند ہے، 7 دہائیوں سے بھارت کشمیر میں مظالم کی داستان رقم کر رہا ہے لیکن وہ کشمیریوں کےجذبہ حقِ خود ارادیت کو ماند نہیں کرسکا ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے یومِ یکجہتیِ کشمیر کے موقع پر مظفرآباد میں آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت نے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس، صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چودھری محمد یاسین، صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر، صدر جموں کشمیر پیپلز پارٹی سردار حسن ابراہیم خان شریک ہوئے، وفاقی وزراءخواجہ سعد رفیق، رانا تنویر حسین، مریم اورنگزیب، مرتضی جاوید عباسی اور مشیرِ وزیرِ اعظم قمر الزماں کائرہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے تمام مسائل کا حل ہم بیٹھ کر نکالیں گے، پاکستان آپ کے ساتھ ہے اور ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ رہے گا، اگر ہم اسی طرح سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اتحاد سے قومی ایشوز پر اکھٹے چلیں تو وہ وقت دور نہیں کہ ہمارے تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔
سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور وزیرِ اعظم آزاد کشمیر نے وزیرِ اعظم کی 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر پر مظفر آباد آمد کو کشمیر کاز کیلئے کلیدی قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا۔
اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان کی اس دن بذاتِ خود کشمیریوں کے درمیان موجودگی کشمیریوں کے دلوں میں آزادی کیلئے موجود جذبے کو مزید بلند کرتی ہے، اس سے مقبوضہ جموں و کشمیر، بھارت، پاکستان اور پوری دنیا میں پاکستان کی کشمیریوں کی جدوجہد میں یکجہتی کا پیغام پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کا ساتھ دیا ہے اور کشمیریوں کو پاکستانی شہریوں کی طرح تحفظ اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی ہے، بالخصوص موجودہ حکومت میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں اس امر کو یقینی بنانے کیلئے ذاتی دلچسپی پر کشمیری عوام وزیرِ اعظم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain