لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ شریف، زرداری گینگ پنجاب دشمنی پر اتر آیا ہے، 10 ماہ میں پی ڈی ایم نے صرف چوروں کو ریلیف دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں 6 فیصد پر معیشت گروتھ کر رہی تھی، عمران کے دور میں نئی فیکٹریاں لگ رہی تھیں، 10 ماہ بعد نااہل، نالائق ٹولے نے معیشت کو تباہ کر دیا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت میں عوامی فلاحی منصوبے شروع کیے گئے، عمران خان نے ہر خاندان کو 10 لاکھ تک علاج کی سہولت دی، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے غریب اپنا مفت علاج کرا سکتے ہیں۔
عمرسرفرازچیمہ نے کہا کہ چچا، بھتیجی فون پر ہیلتھ کارڈ کو بند کرنے کی باتیں کر رہے تھے، شریف، زرداری گینگ پنجاب دشمنی پر اتر آیا ہے، یہ عوامی منصوبوں کو بند کرنا چاہتے ہیں، انشا اللہ چند ہفتوں کی بات ہے اقتدار میں آکر عوامی منصوبوں کو بحال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کو تحلیل ہوئے 24 دن ہو چکے ہیں، پنجاب، خیبرپختونخوا کے گورنر آپس میں فٹ بال کھیلنا بند کریں، پنجاب، خیبرپختونخوا کے گورنر الیکشن کا اعلان نہ کر کے آئین شکنی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی قائدین کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، عمران خان نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کیا ہے، ہمیں جیلوں، گرفتاریوں سے نہیں ڈرایا جا سکتا، چند وزرا احمقانہ بیانات دینے کے بجائے اپنا ذہنی علاج کرائیں، وفاقی حکومت اس وقت بند گلی میں جا چکی ہے۔