کراچی: (ویب ڈیسک) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی میت کو خصوصی طیارے کے ذریعے دبئی سے کراچی پہنچا دیا گیا۔
پرویز مشرف کی میت کو خصوصی طیارے کی پرواز ایم ایل ایم 567 کے ذریعے کراچی ایئرپورٹ پر پہنچایا گیا، سابق صدر کے جسد خاکی کے ساتھ ان کی اہلیہ، بیٹی اور بیٹا بھی کراچی پہنچے۔
سابق صدر کے جسد خاکی کو کراچی ائیر پورٹ سے ملیر کینٹ منتقل کیا گیا جہاں کل ان کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد تدفین کی جائے گی، پرویز مشرف کی تدفین ملیر کینٹ گیٹ نمبر 5 کے قریب آرمی قبرستان میں ہوگی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کی نماز جنازہ ایک بج کر 45 منٹ پر ادا کی جائے گی، فوجی قبرستان میں ان کی قبر تیار کر لی گئی ہے، رینجرز نے قبرستان کی سکیورٹی کے انتظامات سنبھال لیے۔
واضح رہے کہ سابق صدر و آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف طویل علالت کے بعد 79 برس کی عمر میں دبئی میں انتقال کر گئے تھے، وہ دبئی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔