اداکار آغا طالش کو مداحوں سے بچھڑے 25 برس بیت گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) لالی وڈ میں 5 عشروں تک راج کرنے والے اداکار آغا طالش کو مداحوں سے بچھڑے 25 برس بیت گئے۔
پاکستان فلم انڈسٹری میں اکیڈمی کا درجہ رکھنے والے اداکار کا اصل نام آغا علی عباس قزلباش تھا، آباؤ اجداد کا تعلق ایران سے تھا، پیدائش 10 نومبر 1923ء کو لدھیانہ میں ہوئی۔
بچپن ہی سے اداکاری کا جنون رکھنے والا آغا طالش کے نام سے مشہور ہوا، بیشتر فنکاروں کی طرح ابتداء میں انہیں بھی کئی برس سٹوڈیوز کی خاک چھاننا پڑی۔
ممبئی میں انقلابی شاعر ساحر لدھیانوی کے ذریعے نامور ادیب کرشن چندر تک رسائی ملی، کرشن چندر کی فلم ’’سرائے سے باہر ‘‘ سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا، 5 عشروں پر محیط فلمی کیریئر کے دوران 400 سے زائد فلموں میں اداکاری کی۔
بعدازاں پشاور چلے آئے اور مختلف شہروں کے ریڈیو سٹیشنز سے وابستہ رہے، قیام پاکستان کے بعد نئے عزم سے لالی وڈ میں قسمت آزمائی کی اور کامیابی کے سفر پر گامزن ہوئے۔
1957 میں فلم سات لاکھ سے اصل بریک تھرو ملا جس کے بعد طالش نے بام عروج حاصل کیا۔
ریاض شاہد اور خلیل قیصر کی فلم شہید میں کام کرنے کے بعد ریاض شاہد کی ہر فلم کے لئے طالش جزو لا ینفک بن چکے تھے، زرقا سے لے کر یہ امن تک ہر فلم میں آغا طالش نے یادگار کردار ادا کیے، حسن طارق کی یادگار فلم امراؤ جان ادا میں جہاں سب نے اپنے اپنے کردار کے ساتھ انصاف کیا، آغا طالش نے بھی اپنی انفرادیت کو قائم رکھا۔
اپنے کردار میں ڈھل جانا ان کی نمایاں خوبی تھی، ہرچند کہ بطور ہیرو اور کامیڈین بھی کردار ادا کیے، تاہم کریکٹر اور ولن کے کردار ان کی اصل شناخت بنے۔
پاکستانی فلموں میں کئی یادگار کردار ادا کرنیوالے آغا طالش 19 فروری 1998 کو خالق حقیقی سے جاملے مگر ان کی اداکاری مداحوں کو آج بھی یاد ہے۔

کوئٹہ: خاران اور گردونواح میں 3.2 شدت کا زلزلہ

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) خاران اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی۔
بلوچستان کے علاقے خاران اور گردونواح میں آج صبح زلزلہ آیا جس کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی، خوف کے سبب لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی جبکہ مرکز خاران سے 29 کلو میٹر جنوب مغرب تھا۔
زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم عوام میں خوف کی کیفیت چھا گئی۔

حکومت ہیلتھ سسٹم میں بہتری لانے کیلئے کوششیں جاری رکھےگی :نگران وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں ملنی چاہئیں ، حکومت پنجاب ہیلتھ سسٹم میں مزید بہتری لانے کیلئے کوشاں رہے گی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبے کے عوام کیلئے صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا، نگران وزیراعلیٰ نے ہیلتھ کیئر سہولتوں میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے اور دیگر ضروری سہولتوں کی فراہمی سے متعلقہ امور کو جلد بہتر بنایا جائے، مفت علاج ہر نادار مریض کا حق ہے، ٹرانسپلانٹ کے بعد نادار مریضوں کی مالی معاونت کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں پنجاب کے ہسپتالوں میں میسر سہولیات کا جائزہ لیا گیاجبکہ شرکاء نے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں اور خدمات کو بہتر بنانے کیلئے سفارشات پیش کیں۔
صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری خزانہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ہیلتھ انیشیٹو مینجمنٹ کمپنی اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے ۔

آئی ایم ایف کا پاکستان میں امیر طبقے سے ٹیکس وصول کرنے پر زور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں امیر طبقے سے ٹیکس وصول کرنے اور سبسڈیز ختم کرنے پر زور دیا ہے۔
آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے جرمن ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری اور نجی شعبے میں اچھا کمانے والوں کو اپنا حصہ ڈالنے کی ضرورت ہے، پاکستان میں امیر لوگوں کو سبسڈیز سے مستفید نہیں ہونا چاہیے، سبسڈی صرف ان لوگوں کو منتقل کی جائے جنہیں واقعی اس کی ضرورت ہے۔
ایم ڈی کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف بالکل واضح ہے کہ صرف غریبوں کو سبسڈی سے فائدہ اٹھانا چاہیے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے غریب عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے، پاکستان کو قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ نہیں بلکہ ملک چلانے کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔
کرسٹالینا جارجیوا نے مزید کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصان پر دکھ ہوا، سیلاب سے پاکستان کی ایک تہائی آبادی متاثر ہوئی ہے۔

عمرکوٹ میں یاتریوں کی کار اور رکشہ میں تصادم ، 2 افراد ہلاک

عمرکوٹ: (ویب ڈیسک) سندھ کے ضلع عمر کوٹ میں شیو مہادیو میلے سے واپس جانے والی ہندو یاتریوں کی تیزرفتار کار اور رکشہ میں تصادم سے 2افراد ہلاک جبکہ 10شدید زخمی ہوگئے ۔
عمر کوٹ میں ہونیوالے سالانہ مہادیو مندر کے شیو میلے سے واپس جانے والی یاتریوں کی کرولا کار اور رکشہ درگاہ نمانو شاہ کے قریب آمنے سامنے سے ٹکراگئے ، جس کے نتیجے میں 2 افراد سنیل میگھواڑ اور نارائن کولہی موقع پر دم توڑ گئے جبکہ دس افراد شدید زخمی ہیں ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال عمرکوٹ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جبکہ 2 زخمیوں کو حیدرآباد ریفر کردیا گیاہے۔
مرحوم سنیل میگھواڑ حیدرآباد اور نارائن کولہی درگاہ نمانو شاہ کے رہائشی تھے ، حادثہ تیزرفتاری کے باعث پیش آیا ، کار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ۔

الیکشن کی تاریخ کے بہانے بنا کر آئین سے کھلواڑ کیا جارہا ہے: صدر عارف علوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ الیکشن کے لیے حیلے بہانے تلاش کئے جا رہے تھے اس لیے مجھے خط لکھنا پڑا، الیکشن کی تاریخ دینے کے بجائے معاملہ ایک دوسرے پر ڈالا جا رہا ہے۔
ایک انٹرویو میں صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ آئین میں سوراخ تلاش کرنے کے بجائے اس کی پاسداری کرنی چاہیے، یہ نہ کریں کہ آئین کی شقوں کو کس طرح سائیڈ پر رکھ کر الیکشن میں تعطل کا اہتمام کیا جائے۔
صدر مملکت نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ کے بہانے بنا کر آئین سے کھلواڑ کیا جارہا ہے اس لیے مجھے خط لکھنا پڑا، الیکشن کی تاریخ دینے کے بجائے معاملہ ایک دوسرے پر ڈالا جا رہا ہے، یوں لگتا ہے جیسے الیکشن کی تاریخ دینے پر جرمانہ ہو جائے گا، ملک میں اسوقت اتحادی حکومت نہیں بلکہ ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اُسے کوئی سہارا مل رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں عارف علوی کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ کی توسیع کے معاملے پر عمران خان سے سوال کریں، عمران خان کے خطوط پر آرمی چیف سے کوئی بات نہیں ہوئی، عمران خان نے آصف علی زرداری سے متعلق الزامات کا مجھ سے تذکرہ نہیں کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ عمران خان کی گرفتاری سے ملکی حالات مزید خراب ہوں گے، الیکشن میں تاخیر کے معاملے پر میں گورنرز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرسکتا۔
خیال رہےکہ صدر عارف علوی نے خط کا جواب نہ دینے پر الیکشن کمیشن پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن پر مشاورت کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو دوسرا خط لکھا تھا۔

روس کی مدد ، امریکا نے چین کو خبردار کردیا

میونخ : (ویب ڈیسک) امریکہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے یوکرین جنگ میں روس کی مدد کرنے پر چینی ہم منصب کو نتائج سے خبردار کر دیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق میونخ میں جاری بین الاقوامی سلامتی کانفرنس کی سائیڈ لائن پر امریکی وزیر خارجہ اور ان کے چینی ہم منصب وانگ ژی کے درمیان ملاقات ہوئی ہے ۔
خبر ایجنسی کے مطابق سینئر امریکی عہدیدار نے بتایا ہے کہ ملاقات کے دوران امریکی وزیر خارجہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چینی ہم منصب کو یوکرین جنگ میں روس کی مدد کرنے کے نتائج سے آگاہ کیا۔
اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کے پاس اطلاعات ہیں کہ چین کی جانب سے روس کو اسلحہ و بارودی مواد کی صورت میں مدد فراہم کی جارہی ہے۔
دوسری جانب چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے یوکرین جنگ پر اپنے رد عمل میں مذاکرات کے ذریعے جنگ کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے یورپی ممالک کو ٹھنڈے دماغ سے سوچنے کا مشورہ دیا تھا ، انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ کچھ قوتیں نہیں چاہتیں کہ مذاکرات کامیاب ہوں یا پھر جنگ جلدی اختتام پذیر ہو۔
واضح رہے کہ بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان امریکی فضائی حدود میں مشتبہ چینی غبارہ مار گرانے کے بعد تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے ، غبارے کے منظرعام پر آنے کے بعد امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے بیجنگ کا دورہ منسوخ کر دیا تھا۔

نیدرلینڈز : روسی سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم جاری

ایمسٹرڈیم : (ویب ڈیسک) نیدرلینڈز کی حکومت نے روس کے سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیدرلینڈز کی حکومت کا کہنا ہے کہ روسی سفارت کاروں کو دو ہفتے کے اندر ملک چھوڑ کر جانے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔
نیدرلینڈز کے محکمہ خارجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ روس کی جانب سے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ اور گلوبل کیمیکل ویپنز واچ ڈاگ جیسے اداروں کے مرکز ، اس ملک میں بڑی تعداد میں جاسوس بھیج رہے تھے۔
نیدرلینڈز کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ نیدرلینڈز کی جانب سے کئی مرتبہ معاملے کا حل تلاش کرنے کی کوششوں کے باجود روس کی جانب سے ڈپلومیٹک کوور میں اپنے جاسوس بھیجنے کا سلسلہ بند نہیں کیا گیا اور ہم یہ نہیں ہونے دے سکتے۔
ان کاکہنا تھا کہ سفارتخانے کھلے رہنا ضروری ہیں لیکن روس کے ساتھ تعلقات کو برقرار رکھنا کافی مشکل ہو گیا ہے، نیدرلینڈز کی جانب سے سینٹ پیٹرزبرگ میں بھی قونصلیٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
دوسری جانب روس کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ روس کی جانب سے اس کا جواب دیا جائے گا ، تاہم اس پر کسی فوری ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ 8: آج دو میچز کھیلے جائیں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ سیزن 8 میں آج دو میچ کھیلے جائیں گے، ملتان سلطانز کا اسلام آباد یونائیٹڈ سے آمنا سامنا ہوگا جبکہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
پہلے میچ میں ملتان سلطانز کا اسلام آباد یونائیٹڈ سے مقابلہ ہوگا، دونوں ٹیمیں ملتان سٹیڈیم کے میدان میں دوپہر 2 بجے اتریں گی جس کیلئے کھلاڑیوں نے بھرپور تیاریاں کر لی ہیں۔
ملتان سلطانز لگاتار دو فتوحات کے بعد 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، اسی اعزاز کے ساتھ پلیئرز کا مورال ہائی ہے اور ان کی نظریں جیت پر ہیں جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ بھی ایک اور کامیابی کی منصوبہ بندی کر چکی ہے۔
اتوار کے دن کا دوسرا ٹاکرا لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان ہوگا، ایونٹ کا یہ دلچسپ مقابلہ رات 7 بجے کھیلا جائے گا۔
ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرنے والے قلندرز کے جذبے بلند ہیں، کراچی میں ڈیرے جمائے قلندرز نے جم کر پریکٹس کی اور ٹریننگ سیشن میں کھل کر کھیلے۔
دوسری جانب کراچی کنگز کیلئے حالات سازگار نہیں ہیں، ہوم گراؤنڈ پر مسلسل 3 میچوں میں شکست سے کراچی کنگز کی ٹیم کا مورال ڈاؤن ہے۔

نیپرا اتھارٹی نے وزارت توانائی کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے انکشاف کیا ہے کہ وزارت توانائی بہتر کارکردگی والے بجلی گھروں کو پوری صلاحیت سے نہ چلوا سکی جس سے بجلی صارفین پر بھاری بوجھ پڑا، قومی خزانے کو بھی اربوں روپے کا نقصان ہوا۔
دستاویز میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایل این جی پاور پلانٹس کو 50 فیصد گیس فراہم نہیں کی گئی، ایندھن کی کم فراہمی سے بجلی کی پیداوار میں 77 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، پاور پلانٹس کو پوری مقدار میں ایل این جی نہ فراہم کیے جانے سے صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا مزید بوجھ برداشت کرنا پڑا۔
گدو، قائد اعظم تھرمل، بلوکی اور حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹس مکمل صلاحیت کے مطابق نہیں چلائے گئے جس سے 5 ارب سے زائد کا نقصان ہوا، نیپرا دستاویز میں تجویز کیا گیا ہے کہ پاور پلانٹس کو کم صلاحیت سے چلانے کا بوجھ صارفین کے بجائے حکومت کو برداشت کرنا چاہیے۔
ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق نیشل پاور کنٹرول سینٹر بھی پیشہ ورانہ امور سر انجام دینے میں ناکام رہا جو پٹرولیم ڈویژن سے ایندھن کے حصول کا ہدف حاصل نہ کر سکا۔