نارووال: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ جتنی بھی ٹیمیں پاکستان سپر لیگ کھیل رہی ہیں وہ ہماری ہیں، جو ٹیم اچھا کھیلے گی وہ جیتے گی، اگلے پی ایس ایل کا ایک میچ سپورٹس سٹی نارووال میں بھی کھیلا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ پی ایس ایل سابقہ حکومت کا بہترین تحفہ تھا، پی ایس ایل نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو نیا خون دیا ہے، پی ایس ایل سے کرکٹ کے میدان میں نئے کھلاڑی سامنے آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نارووال میں ہم نے پاکستان کا جدید ترین سپورٹس سٹی بنایا تھا، بدقسمتی سے 4 سالوں سے یہ منصوبہ سیاست کی نظر ہو رہا ہے، نوجوانوں کیلئے بنائے جانے والے سپورٹس سٹی کی خاطر مجھے بھی جیل جانا پڑا، سپورٹس کمپلیکس 4 سالوں میں بھوت بنگلے کا منظر پیش کر رہا ہے۔