تازہ تر ین

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بھی فضا بنی ہوئی ہے کہ شاید 90 دن میں الیکشن نہ ہوں:عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے زمان پارک لاہور سے ویڈیو لنک خطاب میں کہا ہے کہ وزیر قانون نے شرمناک بیان دے کر عدلیہ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی۔
اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بھی فضا بنی ہوئی ہے کہ شاید 90 دن میں الیکشن نہ ہوں، سپریم کورٹ کو اپنی جماعت اور قوم کی طرف سے یقین دلاتا ہوں کہ ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ امیر ملک میں انصاف، قانون کی حکمرانی ہے، سپریم کورٹ نے قانون کی حکمرانی کیلئے فیصلہ کیا، پہلے بھی ایسے فیصلے ہوتے تو پاکستان خوشحال ترین ملک ہوتا، قانون اور انصاف خوشحالی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، سوئٹزر لینڈ میں قانون کی حکمرانی 99 فیصد ہے، وہاں خوشحالی ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ پیسے خرچ کرکے، حرام کے پیسے سے لوگوں کو خرید کر حکومت میں آتے ہیں، انہوں نے قانون بدل کر 1100 ارب روپے کے کرپشن کیسز معاف کرائے۔
انہوں نے کہا کہ جب سے ہماری حکومت گئی، 37 میں سے 30 ضمنی الیکشن جیت چکے ہیں، جب واضح تھا کہ الیکشن 90 دن سےآگے نہیں جاسکتا، انہوں ہر ممکن کوشش کی کہ الیکشن نہ ہو، سپریم کورٹ کو کہنا چاہتا ہوں کہ قانون کی حکمرانی کیلئے قوم آپ کے ساتھ ہے، پانچوں ججوں نے کہا الیکشن 90 دن سے آگے نہیں جاسکتے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ نے آزاد عدلیہ کو کبھی پسند نہیں کیا، ملک میں فضا بنی ہوئی ہے کہ شاید سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بھی الیکشن نہ ہوں، سپریم کورٹ کویقین دلاتا ہوں کہ ہم سب آپ کےساتھ ہیں، یقین دلاتے ہیں کہ کوئی غیر قانونی کام نہ ہو۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان لوگوں نے جب سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا تو لوگوں میں شعور نہیں تھا، شعور نہ ہونےکی وجہ سے کچھ عرصے بعد معاملہ ختم ہوگیا، آج سوشل میڈیا کے دور ایک گھنٹے میں سب پتہ چل جاتاہے، اس لیے یہ لوگ بےنقاب ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہم نے جیل بھرو تحریک کو ختم کیا، ہفتے کی شام سے ہم الیکشن مہم کا آغاز کر رہےہیں، ہفتے کو میں بتاؤں گا تحریک انصاف کا ملک کو مشکل سے نکالنے کا روڈ میپ کیا ہوگا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ آزاد عدلیہ نہیں چاہے گی، یہ انصاف سے بھاگتے ہیں، عالمی کریڈٹ ایجنسی کی ریٹنگ میں پاکستان سب سے نیچے ہے، قرضے کیسے واپس کرنے ہیں حکومت کے پاس کوئی روڈ میپ نہیں، ہمیں کچلنے کیلئے جوکچھ کیا گیا ایسا پاکستان کی تاریخ میں پہلےکبھی نہیں ہوا، میر جعفر اور میر صادق نے باہر کی قوتوں کو ساتھ ملا کر حکومت گرانےکی غداری کی۔
اب ہم ان کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain