تہران : (ویب ڈیسک ) ایران نے بے حجاب خواتین کی شناخت کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد لینے کا فیصلہ کر لیا، ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی کرنیوالی بے حجاب خواتین کی شناخت کے لیے عوامی مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیے گئے ۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی پولیس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ لازمی قرار دیے گئے ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کی بڑھتی تعداد کو روکنے کے لیے ایرانی حکام عوامی مقامات اور راستوں پر کیمرے نصب کر رہے ہیں تاکہ بغیر حجاب خواتین کی شناخت کرکے انہیں سزا دی جائے، اس حوالے سے آئندہ ہفتے سے سمارٹ ٹولز اور کیمروں سے نگرانی کی جائے گی۔
ایرانی پولیس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر حجاب نہ پہننے والوں کو پہلے تنبیہ کی جائے گی، دوسری بار خلاف ورزی پر عدالت میں پیش کیا جائے گا ، کسی فرد یا گروہ کی جانب سے حجاب قوانین کی خلاف ورزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
حجاب قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنے کیلئے نیا فیصلہ ملک میں حالیہ مظاہروں کے بعد لازمی حجاب قوانین میں نرمی کے حکومتی فیصلوں پر طاقتور حلقوں کی ناپسندیدگی کے بعد سامنے آیا ہے۔
واضح رہے کہ ایران میں 1979ء کے انقلاب کے فوراً بعدخواتین کے لیے حجاب پہننا لازمی قراردیا گیا تھا لیکن 22 سالہ مہساامینی کی گذشتہ سال ستمبر میں پولیس کے زیرحراست موت کے بعد بہت سی خواتین بغیر حجاب کے عوامی مقامات پرنظرآ رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق لازمی قرار دیے گئے ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتاری کا خطرہ مول لے کر بھی ایرانی خواتین کو ملک بھر کے شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، دکانوں اور گلیوں میں بڑے پیمانے پر بے نقاب دیکھا جاتا ہے جبکہ اخلاقی پولیس کے خلاف مزاحمت کرنے والی بے نقاب خواتین کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔
گزشتہ روز پولیس کے بیان میں کاروباری حضرات سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ معاشرتی اصولوں کی پابندی کی سنجیدگی سے نگرانی کریں۔