لاہور: (ویب ڈیسک) آئی جی پنجاب نے سی ٹی ڈی اہلکاروں کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا، سی ٹی ڈی اہلکاروں کی محکمانہ ترقیوں کیلئے نیا سروس سٹرکچر تیار کر لیا گیا۔
آئی جی پنجاب کے دستخط کے بعد ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے نئے سروس سٹرکچر کو منظوری کیلئے پنجاب حکومت کو بھجوا دیا، نئے سروس سٹرکچر کے تحت گریڈ 14 سے گریڈ 19 تک سینکڑوں آسامیاں تجویز کی گئی ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم احمد سیال کے مطابق گریڈ 14 کی بارہ سیٹوں کو بڑھا کر 320، گریڈ 16 کی 6 سیٹوں کو بڑھا کر 72 جبکہ گریڈ 17 کی تین سیٹوں کو بڑھا کر 12 کر دیا گیا، نئے سروس سٹرکچر میں گریڈ 18 کی 8 نئی جبکہ گریڈ 19 میں ایڈیشنل ڈائریکٹر کی 2 نئی آسامیاں شامل کی گئی ہیں۔
آئی جی پنجاب کے جمعہ کی شام CTD ہیڈ کوارٹرز وزٹ کے موقع پر اہلکاروں نے سروس سٹرکچر کے مسئلے کے بارے میں بتایا تھا، آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی CTD اور ان کی ٹیم نے 48 گھنٹے لگا تار کام کر کے نئے سروس سٹرکچر کا پرپوزل بنا دیا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ حکومت سے نئے سروس سٹرکچر کی منظوری کے بعد سی ٹی ڈی میں محکمانہ ترقیوں کا عمل فوری شروع ہو جائے گا، میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق ترقی کے اہل ہر افسر و اہلکار کو ان کا بنیادی حق محکمانہ ترقی کی صورت میں دیا جائے گا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ان ترقیوں کے جواب میں محکمہ CTD ملازمین سے نئے جوش و ولولے کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کا تقاضا کرتا ہے، سی ٹی ڈی اہلکار پہلے سے زیادہ محنت سے آگے بڑھیں اور ارضِ پاک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنائیں۔
آئی جی پنجاب نے یہ تفصیلات ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کے ساتھ فورس کیلئے جاری اپنے خصوصی پیغام میں بتائیں۔
