کراچی: (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت عوام کو مفت علاج کی سہولیات دے رہی ہے، گورنر سندھ اور ہم ایک پیج پر ہیں۔
افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل حل کریں گے، ان کی ہیلتھ انشورنس شروع کی جائے گی، کل پاکستان کی تاریخ میں آئین کو مقدس سمجھنے والوں کا دن تھا، پارلیمنٹ مقدس ادارہ جو آئین بناتا ہے وہاں قاضی فائز عیسیٰ آئے جو اعزاز تھا۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا ہے کہ بدتمیزی کا طوفان بھارت اور اسرائیل کے کہنے پر برپا کیا جا رہا ہے، جسٹس صاحب کے خلاف منظم مہم چلائی گئی، ان کی آنکھیں اس وقت بند تھیں جب جسٹس ثاقب نثار پی ٹی آئی کے دفاتر میں جاتے تھے، ثاقب نثار سے ان کے وزراء گھر جا کر ملتے تھے۔
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ثاقب نثار نے کینیڈا، امریکا میں لوگوں سے گھروں میں ملاقاتیں کیں، انہوں نے ڈیم تعمیر فنڈ میں کرپشن کی، میرے پاس ثبوت نہیں ہے، ان کو اختیار تھا پر انہوں نے غیر آئینی کام کیے، صدر مملکت نےغیر قانونی اور غیر آئینی کام کیا۔