اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان بار کونسل نے سپریم کورٹ بل پر حکم امتناع کے خلاف کل یوم سیاہ منانے کا اعلان کر دیا۔
پاکستان بار کونسل کے ممبران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب کو آئین و قانون کے دائرہ میں رہ کر کام کرنا ہو گا، الیکشن کے لیے دوسرے معاملات کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔
پاکستان بار کونسل کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کا سوموٹو پہلے لینا چاہیے تھا، پاکستان بار کے وائس چئیرمین ہارون الرشید نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 2 ججز کے کہنے پر سروس میٹر میں از خود نوٹس لیا۔
ہارون الرشید نے کہا کہ انتخابات سے متعلق ہائیکورٹس میں زیر التوا کیسز کی پرواہ کیے بغیر چیف جسٹس نے 90 دن میں انتخابات کا حکم دیا، اصل ازخود نوٹس غیر ضروری طور پر اسمبلیاں تحلیل کرنے پر ہونا چاہئے تھا
انہوں نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے اپنے قیام سے اب تک صرف دو سوموٹو لیے،بھارتی سپریم کورٹ نے دونوں سوموٹو تمام سپریم کورٹ کے ججز کی مشاورت سے لیے، انہوں نے کہا کہ لاہور میں ایک سوکالڈ گول میز کانفرنس ہوئی، گول میز کانفرنس کو مسترد کرتے ہیں۔
ہارون الرشید نے کہا کہ ہمارا دیرینہ مطالبہ تھا کہ ازخود نوٹس پراپیل کا حق دیا جائے، انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں میں وکلا کو متحرک کریں گے، 29 تاریخ کو کوئٹہ میں لائرزکنونشن منعقد ہوگا۔