لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک کا ابھی تک فنڈز جاری نہ کرنا حکم عدولی کے زمرے میں آتا ہے، سپریم کورٹ وزیر اعظم اور کابینہ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف مذاکرات کے معاملے پر یکسو ہے، حکومت کی جانب سے مذاکرات پر کوئی سنجیدگی نہیں ہے، مذاکرات صرف آئین اور سپریم کورٹ کی مقرر کردہ حدود میں ہو سکتے ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں اگر انتخابات نہیں ہوتے تو یہ اقدام آئین کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے، مذاکرات آئین سے باہر نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سٹیٹ بینک کا ابھی تک فنڈز جاری نہ کرنا حکم عدولی کے زمرے میں آتا ہے، سپریم کورٹ وزیر اعظم اور کابینہ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرے اور ان کی عدالت کے ہاتھوں نااہلی کا شوق پورا کرے۔