اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں انتخابات ایک ساتھ کرانے کی درخواستوں پر سماعت میں وقفہ کر دیا گیا۔
دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہم نے اپنا 14 مئی کا فیصلہ قائم رکھنا ہے، سپریم کورٹ کا 14 مئی کا فیصلہ قائم ہے اور نہیں بدلے گا، سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست نہیں آئی، وزارت دفاع کی درخواست مذاق لگی، ہم آج بھی سب کو سننے کے لیے تیار ہیں، کل بھی عید نہ ہوئی تو سن لیں گے، سپریم کورٹ کا 14 مئی کا انتخابات کا فیصلہ واپس نہیں ہوگا۔
عدالت نے سیاسی جماعتوں کو4 بجے تک مذاکرات کا وقت دیتے ہوئے سماعت میں وقفہ کردیا۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ سماعت کررہا ہے، بنچ میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔
چیف جسٹس نے گزشتہ روز کی سماعت میں کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں انتخابات کی تاریخ بدلنا چاہتی ہیں تو عدالت ان کے ساتھ ہے، سیاسی جماعتیں ایک موقف پر آجائیں تو گنجائش نکال سکتے ہیں، سیاسی مذاکرات میں اتفاق ہوا تو ٹھیک ورنہ ہم 14مئی کا حکم دے چکے ہیں۔
