تازہ تر ین

برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم کو سینٹ ایڈورڈ تاج پہنا دیا گیا

لندن : (ویب ڈیسک) برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم کو سینٹ ایڈورڈ تاج پہنا دیا گیا، آرچ بشپ نےبادشاہ چارلس کوکنگ ایڈورڈ تاج پہنایا جس کے بعد شاہ چارلس کنگ ایڈورڈ تاج پہننے والے ساتویں شاہی سربراہ بن گئے ہیں۔
برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم اور ان کی اہلیہ ملکہ کنسورٹ کمیلا کی تاج پوشی کی تقریب ویسٹ ایبے میں جاری ہے جس میں مختلف رسومات ادا کی جا رہی ہیں، گزشتہ 70 سال کے دوران تاج پوشی کی یہ پہلی تقریب ہے۔
تقریب میں آرچ بشپ آف کینٹربری نے بادشاہ چارلس سوئم سے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد بادشاہ چارلس نے حلف نامے پر دستخط کر دیے، برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم نے سینٹ ایڈورڈ چیئر سنبھال لی ہے۔
تقریب میں شرکت کیلئے پرنس ہیری بھی ویسٹ منسٹر ایبے پہنچے ہیں جبکہ پرنس اینڈریو، پرنس ایڈورڈ، پرنسس یوجین اور پرنسس این بھی تاجپوشی کی تقریب میں شریک ہیں۔
تاجپوشی کی یہ روایت 1066 میں شروع ہوئی تھی جس کا سلسلہ جاری ہے, شاہ چارلس سوئم نے 40ویں بادشاہ کا تاج اپنے سر پر سجایا ہے، تاج پوشی کے بعد ملک بھر میں بگل بجیں گے اور توپوں کی سلامی پیش کی جائے گی۔
تاج پوشی کے بعد شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا 4 ٹن سونے کی بنی ہوئی اسٹیٹ کوچ میں روانہ ہوں گے جو جارج سوئم کے لیے بنایا گیا تھا، وہ 39 ممالک کے 4 ہزار فوجی اہلکاروں کے ایک میل طویل جلوس میں واپس بکنگھم پیلس پہنچیں گے۔
شاہ چارلس کی مرحوم والدہ کی تاجپوشی کے بعد یہ برطانیہ میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی تقریب ہوگی، توقع ہے کہ ہزاروں لوگ سڑکوں پر کھڑے ہوں گے اور دنیا بھر سے لاکھوں لوگ اسے دیکھیں گے۔
بکنگھم پیلس میں واپسی کے بعد شاہی خاندان بالکونی میں آئے گا، اس موقع پر برطانوی فوج کے ہوائی جہاز اطراف میں فضائی سلامی دیں گے تاہم خراب موسم کے پیش نظر فلائی پاسٹ منسوخ ہونے کا امکان ہے۔
اتوار کو رات آٹھ بجے ونڈسر کیسل میں ’کورونیشن کانسرٹ‘ منعقد ہوگا جس میں ایک ہزار افراد شریک ہوں گے جبکہ پیر 8 مئی کو برطانیہ بھر میں عام تعطیل ہوگی۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain