اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاک چین وزرائے خارجہ سٹریٹجک ڈائیلاگ کے چوتھا دور کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، پاکستان اور چین نے باہمی مفادات کی مستقل حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دفترخارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر چین کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کیا، وزرائے خارجہ نے اسلام آباد میں پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے چوتھے دور کی مشترکہ صدارت کی، سٹریٹیجک مذاکرات میں سیاسی، اقتصادی، دفاعی سلامتی، تعلیم اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاک چین سٹریٹیجک مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے تمام ایشوز کا بھی جائزہ لیا گیا، اس کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا، مذاکرات کے دوران دونوں ہمسایہ ممالک نے علاقائی اور بین الاقوامی تبدیلیوں کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزرائے خارجہ نے پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا، دونوں ممالک نے دوطرفہ اہم شعبہ جات میں تعاون کی ضرورت کا اعادہ کیا، وزرائے خارجہ نے زور دیا کہ پاک چین دوستی ایک تاریخی حقیقت ہے، پاکستان اور چین نے باہمی مفادات کی مستقل حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔