لندن:(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں پارٹی قائد میاں نواز شریف سے ڈھائی گھنٹے طویل ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر نگران سیٹ اپ کے قیام اور دیگر معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات خوشگوار رہی، منیجنگ ڈائریکٹر کو بتا دیا پاکستان نے تمام شرائط پوری کر دیں، اب بورڈ لیول معاہدہ ہو جانا چاہیے، معاملات خوش اسلوبی سے طے کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اب پاکستان کا پروگرام آئی ایم ایف کے بورڈ میں جا کر منظور ہونا چاہیے، پاکستانی ٹیم کی قیادت اسحاق ڈار کریں گے ، میرا بھی ان سے رابطہ ہے ۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نوازشریف کی آئندہ ماہ وطن واپسی متوقع ہے، نواز شریف کی لیگل ٹیم نے بھی عندیہ دے دیا۔