اسلام آباد، لاہور، کراچی(خبریں ڈیجیٹل) سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملک بھر میں آج یومِ تقدسِ قرآن منایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ملک بھر میں سرکاری و غیر سرکاری سطح پر ہر طبقہ فکر سے وابستہ افراد سویڈن میں ملعون شخص کے ہاتھوں قرآن پاک نذر آتش کیے جانے کے واقعے کی شدید مذمت کررہے ہیں۔
وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جب کہ سیاسی و سماجی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے بھی سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف آج ملک گیر مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
سویڈن واقعے کے خلاف سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک مذمتی قرارداد منظور کی گئی ہے۔ دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ بار ایسویسی ایشن نے بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر حکومت سے سفارتی سطح پر اس مذموم سازش کا مقابلہ، سفارتخانہ بند کرنے اور مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔





































