تازہ تر ین

نیٹ فلکس کا پاس ورڈ شیئرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن پاکستان سمیت ہر ملک میں شروع

لاہور (خبریں ڈیجیٹل )

اگر آپ اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کے اکاؤنٹ کا پاس ورڈ دوستوں یا رشتے داروں سے شیئر کرتے ہیں تو بری خبر یہ ہے کہ اس کے خلاف کمپنی نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔

اس سلسلے کا آغاز فروری میں کینیڈا، نیوزی لینڈ، پرتگال اور اسپین سے شروع ہوا تھا جسے بعد میں امریکا سمیت دیگر ممالک تک توسیع دی گئی۔

مگر اب کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ 20 جولائی سے ہر ملک میں پاس ورڈ شیئرنگ کی روک تھام کی جائے گی۔

مختلف ممالک میں پاس ورڈ شیئرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے باعث اپریل سے جون 2023 کے دوران نیٹ فلکس کے صارفین کی تعداد میں لگ بھگ 60 لاکھ کا اضافہ ہوا۔

کمپنی نے بتایا کہ لگ بھگ پوری دنیا میں جمعرات سے پاس ورڈ شیئر کرنے پر اقدامات کیے جائیں گے۔

نیٹ فلکس کی جانب سے بتایا گیا کہ جن ممالک میں اب کریک ڈاؤن شروع ہو رہا ہے، وہاں اضافی ممبر شپ کا آپشن متعارف نہیں کرایا جا رہا، کیونکہ وہاں پہلے ہی فیس کافی کم لی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ جنوری 2023 کے آخر میں کمپنی یہ بتایا تھا کہ وہ کیسے ایک اکاؤنٹ کو مختلف افراد کو استعمال کرنے سے روکے گی۔

ان تفصیلات کے مطابق کسی گھر یا پرائمری لوکیشن میں نہ رہنے والے افراد اس جگہ کے اکاؤنٹ کو دیگر مقامات پر اسٹریمنگ مواد دیکھنے کے لیے استعمال نہیں کرسکیں گے۔

نیٹ فلکس اکاؤنٹ کو اب بھی شیئر کرنا ممکن ہوگا مگر ایک گھر کے اندر۔

اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ آپ کی ڈیوائسز اس جگہ کے وائی فائی سے منسلک ہوں، اس مقصد کے لیے کمپنی کی جانب سے صارفین کو پرائمری لوکیشن کے وائی فائی سے کنکٹ کرنے کا کہا جائے گا۔

صارفین کو پرائمری لوکیشن پر ہر 31 دن میں کم از کم ایک بار اپنی ڈیوائسز سے نیٹ فلکس پر سائن ان ہونا ہوگا، جس کے بعد کمپنی کی جانب سے ڈیوائس پر نیٹ فلکس تک رسائی بلاک نہیں کی جائے گی۔

جو فرد کسی مختلف جگہ پر غیر متعلقہ ڈیوائس سے اکاؤنٹ میں لاگ ان ہونے کی کوشش کرے گا، اس کی سروس تک رسائی روک دی جائے گی۔

گھر سے باہر اگر صارف کسی نئی ڈیوائس پر نیٹ فلکس پر سائن ان ہونا چاہتا ہے تو اس مقصد کے لیے ایک نیا طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا۔

ایسے صارفین کی جانب سے سائن ان ہونے کے لیے کمپنی سے ایک عارضی کوڈ فراہم کرنے کی درخواست کی جائے گی، جس سے انہیں 7 دن تک گھر سے باہر اکاؤنٹ تک رسائی مل جائے گی۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain