اسلام آباد: (خبریں ڈیجیٹل) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے حفاظتی ضمانت کا حکم معطل کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا، اس سے قبل انہوں نے حراست میں رکھنے کا پنجاب حکومت کا حکم نامہ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے حفاظتی ضمانت دی جسے پنجاب حکومت نے چیلنج کر دیا، صوبائی حکومت کی اپیل پر ڈویژن بینچ نے حفاظتی ضمانت کا فیصلہ معطل کر رکھا ہے، موجودہ کیس میں سنگل بینچ کے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل دائر نہیں ہوسکتی تھی۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ چودھری پرویز الہٰی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پر سیاسی بنیادوں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، عدالت لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ کا حکم کالعدم قرار دے۔