تازہ تر ین

سپریم کورٹ نے سرکاری افسران کیلئے صاحب کا لفظ استعمال کرنے سے روک دیا

 اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی نے کہا ہے کہ ڈاکوؤں اور ریاست میں کوئی تو فرق ہونا چاہیے۔

سپریم کورٹ میں زمین کے معاوضے کی کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور سرکاری افسران پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ عدالت نے ایک سال قبل حکم جاری کیا تھا، ایک سال بعد بتایا جارہا ہے کہ معاوضے کی ادائیگی کا عمل جاری ہے۔

چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ ہمیں اور آپکو عوام کی جیبوں سے تنخواہیں ملتی ہیں، ہماری کارکردگی صفر ہے، ڈاکوؤں اور ریاست میں کوئی تو فرق ہونا چاہیے ، عدالتوں کے ساتھ شفاف رویہ ہونا چاہیے اور نظام انصاف سے مذاق کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ 17 نومبر 2022 کو عدالت نے حکم جاری کیا ، پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا کہ ایک متفرق درخواست دائر کردی گئی ہے، حکومت پنجاب نے بشیراں بی بی کی زمین کی ملکیت کو تسلیم کیا، بشیراں بی بی کی زمین پر ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی تعمیر سے متعلق ملکیت بھی تسلیم کی گئی، 26 مارچ 1990 سے معاوضے کی ادائیگی کا حکم دیا گیا۔

عدالت نے کہا کہ سوال یہ تھا کہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی تعمیر پر بشیراں بی بی کو کتنا معاوضہ دیا جائے گا ، جب حکومت کسی فرد کی ملکیت تسلیم کرے تو سمجھ سے بالاتر ہے معاوضہ کیوں نہیں دیا گیا، لاہور سے کچھ افسران کو سپریم کورٹ بھیجا گیا کہ ہمیں ممبر صاحب نے بھیجا ہے، ہم نے سوال کیا کیوں آئے ہیں، جواب نہیں دیا گیا، سرکاری ملازمین کا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے، ممبر کے نام کے ساتھ صاحب کا لفظ استعمال کرنا مائنڈ سیٹ کو ظاہر کرتا ہے، دفاتر میں سرکاری ملازمین کیلئے صاحب کا لفظ حکمرانی کو ظاہر کرتا ہے ، آئین میں ایسی کوئی شق موجود نہیں ہے۔

سپریم کورٹ نے سرکاری افسران کیلئے صاحب کا لفظ استعمال کرنے سے روکتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت تک بشیراں بی بی کو معاوضہ دیا جائے ، اگر معاوضہ نہ دیا گیا تو محکمہ پنجاب کے ممبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کریں گے۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ثناء اللہ زاہد نے استدعا کی کہ وکلاء کو انکے طریقہ کار کے مطابق سنا جائے، اگر آپ کہتے ہیں تو میں استعفیٰ دے کر چلا جاتا ہوں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ کھلی عدالت میں سماعت ہورہی ہے، ایک سال بعد آکر بتایا کہ ابھی تک معاوضے کی ادائیگی سے متعلق کچھ نہیں کیا گیا، آپ نے عدالت کو شرمندہ کردیا۔

عدالت نے دو ماہ میں بشیراں بی بی کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain