کراچی: محکمہ صحت سندھ نے بھارت میں پھیلنے والے خطرناک وائرس نپاہ کے پاکستان میں بھی پھیلاو کے ممکنہ خطرے کا الرٹ جاری کردیا ہے۔
نپاہ وائرس کے سلسلے میں محکمہ صحت سندھ نے سرکاری اسپتالوں کے سربراہان کو بھی ایڈوائزری جاری کردی ہے۔ تفصیلات میں بتایا گیا ہے نپاہ وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر تمام عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ سندھ نے تمام اسپتالوں کو مراسلہ لکھ دیا جس میں محکمہ صحت سندھ کی جانب سے سندھ بھر کے اسپتالوں کے ایم ایس ، ڈائریکٹرز، اور محکمہ لائیو اسٹاک کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق نپاہ وائرس جانوروں سے انسانوں اور انسانوں سے انسانوں میں تیزی سے پھیلتا ہے۔ وائرس کی ابتدائی علامات میں بخار،سر میں درد ،جسم میں درد اور کوما سمیت دیگر علامات شامل ہیں۔ تاہم سندھ سمیت پاکستان بھر میں تاحال کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔
انتباہ میں وائرس کی علامات کی بھی فہرست دی گئی ہے، جس میں بخار، سر درد، جسم میں درد، اور سنگین صورتوں میں کوما شامل ہو سکتے ہیں۔