سپریم کورٹ نے لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا، اور ریمارکس دیئے کہ درخواست آج ہی سماعت کے لئے مقرر ہوگی۔
سپریم کورٹ میں لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی، تحریک انصاف کے وکیل نیاز اللہ نیازی عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے نہیں دیے جارہے، پی ٹی آئی نے درخواست جمع کرائی ہے۔
قائمقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے سوال کیا کہ اگرآپ کا امیدوار اشتہاری ہو تو کیا ہوگا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے بھی استفسار کیا کہ کیا آپ نے الیکشن کمیشن کو درخواست دی ہے۔
وکیل نیازاللہ نیازی نے جواب میں کہا کہ الیکشن کمیشن کو بھی آ گاہ کر دیا ہے، ہماری درخواست سماعت کیلئے مقرر کی جائے۔
قائمقام چیف جسٹس سردار طارق نے ریمارکس دیے کہ آپ کی درخواست رجسٹرارآفس ابھی مقررکردیتا ہے، آج ہی درخواست سماعت کیلئے مقررہوگی۔
عدالت نے لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔