بھارت کے قریب اسرائیلی بحری جہاز پر ڈرون حملے کے بعد بحیرہ احمر میں بھارتی تیل بردار جہاز ایم وی سائی بابا پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔
امریکی بحریہ نے بتایا کہ خطے میں تعینات امریکی بحری افواج کی سینٹرل کمانڈ کے جہازوں نے حملہ ناکام بنادیا۔ ایم وی سائی بابا پر 25 بھارتی باشندوں پر مشتمل عملہ سوار تھا۔ ** امریکی بحریہ کی سینٹرل کمانڈ نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک بیان میں بتایا کہ بحیرہ احمر سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر یمن کی حوثی ملیشیا کے ڈرون حملے تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ امریکی فوج کے بیان کے مطابق چار ڈرون ایک امریکی جنگی جہاز کی طرف بڑھے تو انہیں تباہ کردیا گیا۔
سینٹرل کمانڈ نے یہ بھی بتایا ہے کہ ایک ڈرون بھارتی پرچم بردار جہاز کو بھی لگا تاہم قابلِ ذکر نقصان نہیں ہوا۔ اس حملے میں ناروے کی ملکیت والا اور اس کا پرچم بردار آئل اینڈ کیمیکل ٹینکر بال بال بچ گیا۔
حوثی باغیوں نے یمن میں اپنے زیر تصرف علاقوں سے دو ڈرون حملے جنوبی بحیرہ احمر سے گزرنے والے جہاز کی طرف بھی روانہ کیے۔ اس حملے سے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ ڈرون حملوں کا نشانہ بننے والے دو جہازوں سے امریکی بحریہ کی سینٹرل کمانڈ کو امداد کے لیے کال بھی کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کی مغربی ریاست گجرات کے ساحل کے نزدیک بحیرہ عرب میں ایک اسرائیلی جہاز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ امریکہ نے اس ڈرون حملے لیے ایران کو موردِ الزام ٹھہرایا ہے۔
ایرانی حمایت یافتہ یمنی حوثی ملیشیا نے ہفتوں تک بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کو مشکلات سے دوچار کیا ہے۔ حوثی ملیشیا ان حملوں کو غزہ کے خلاف اسرائیلی جارحیت کا جواب کہتی ہے۔ بحیرہ تیل کی ترسیل کے حوالے سے ایک اہم گزر گاہ ہے۔ دنیا بھر کے تیل بردار جہاز ان راستوں سے گزرتے ہیں۔