ایک طرف صہیونی افواج نے غزہ میں لوٹ شروع کردی ہے تو دوسری جانب امریکا نے اسرائیل نواز پالیسی کے باعث کانگریس کو ایک بار پھر نظر انداز کرتے ہوئے اسرائیل کو مزید ہتھیار دینے کی ہنگامی منظوری دے دی ہے۔
پینٹاگون کے مطابق اسرائیل کو ہنگامی بنیادوں پر اسلحے کی فروخت کی منظور دی گئی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے اسرائیل کو ایم 107 پروجیکٹائل دینے کی منظوری دی۔
اسرائیل کو 147 اعشاریہ 5 ملین ڈالر مالیت کے ہتھیار دیے جائیں گے، جن میں گولہ بارود اور دیگر فوجی آلات شامل ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فورسز نے غزہ میں لوٹ مار شروع کردی ہے۔
یورپی خبر رساں ادارے ”یورومیڈ مانیٹر“ کے مطابق اسرائیلی فورسز فلسطینیوں کے گھرلوٹ رہی ہے اور جان بوجھ کر فلسطینیوں کی املاک کو تباہ کر رہی ہے۔
یورومیڈ مانیٹر کے مطابق اسرائیلی فورسز گھروں پر چھاپے مار رہی ہیں، گرفتاریاں کر رہی ہیں اور گھروں سے سامان چوری کر رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق لوٹی گئی اشیاء میں رقم، سونا، زیورات اور الیکٹرانکس شامل ہیں، چوری شدہ قیمتی سامان کی کُل رقم لاکھوں ڈالر ہوسکتی ہے۔
انہی اسرائیلی مظالم کے دوران عالمی ادارہ صحت نے غزہ میں بیماری کے پھیلاؤ پر خطرے کی گھنٹی بجادی۔ سربراہ ڈبلیو ایچ او نے غزہ میں متعدی بیماریوں کے بڑھتے خطرے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کے مطابق غزہ میں پناہ گاہوں میں رہنے والے مسلسل بیمار ہو رہے ہیں، ایک لاکھ 80 ہزار کے قریب لوگ سانس کی بیماری کا شکار ہیں۔