پاکستان کواس وقت کسی سیاسی ایڈونچر کی ضرورت نہیں : احسن اقبال

کراچی : (ویب ڈیسک) رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت کسی سیاسی ایڈونچر کی ضرورت نہیں ، نہ پاکستان ڈیفالٹ کرے گا نہ کرنے دینگے، ہم ملکی مفاد میں فیصلے کریں گے ۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن رہنما اور وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال نے کہاکہ اس وقت ملک معاشی بحران کی زد میں ہے ، ہماری حکومت آنے سے قبل خزانہ خالی تھا، اس وقت کہا جارہا تھا پاکستان سری لنکا بن جائے گا، ہم نے مشکل فیصلے کیے اور پاکستان کی معیشت کو دوبارہ سنبھالا۔
ان کاکہنا تھا کہ ہمارے ملک کے اندر سے ایک جماعت مسلسل منفی پروپیگنڈہ کررہی ہے، اس وقت ملک کی تمام قیادت کو معاشی چیلنجز کا سمجھداری سے مقابلہ کرنا چاہیے ، پاکستان کو اس وقت معاشی استحکام کی ضرورت ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے زیادہ تعلیم یافتہ شہر ہے، کراچی نے اس جماعت کا کچومر نکال دیا،جس نے گزشتہ 4سال میں ملکی معیشت کا کچومر نکالا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عوام حقائق جانتے ہیں،عوام یہ دیکھ رہے ہیں کہ اس وقت ملک کو کون بچا رہا ہے، کراچی کے الیکشن نے ہمیں بڑا حوصلہ دیا ہے، جیسے کراچی کے عوام نے جھوٹ کی سیاست کو مسترد کیا ہے، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے عوام بھی جھوٹ کی سیاست کو مسترد کریں گے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ آج اگر کسی نے اپنی سیاست بچانی ہے تو اس کو ریاست بچانے کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا، وہ جماعت جو دعویٰ کرتی تھی کہ اس کے پاس 14سیٹیں ہیں اس کا کراچی میں وائٹ واش ہوگیا۔
رہنما مسلم لیگ نے سابق وزیراعظم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف ہمارے قائد ہیں، ہر شخص کو سمجھ آگئی ہے 2017میں نوازشریف کے خلاف جو سازش کی گئی تھی دراصل وہ سازش پاکستان کے مستقبل کے خلاف تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو ایک جھوٹے کیس میں نااہل کیا گیا، ہمیں یقین ہے اس ناانصافی کا ازالہ ہوگا، نوازشریف صاحب واپس آئیں گے اور اگلے الیکشن میں پارٹی کو لیڈ کریں گے۔

لاہور: رات 10 بجے کے بعد کاروبار کرنیوالی مارکیٹوں کو 2 لاکھ روپے جرمانے کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے رات 10 بجے کے بعد کاروبار کرنے والی مارکیٹوں کو 2 لاکھ روپے جرمانہ کرنے کا حکم دے دیا۔
سیکرٹری جنرل لاہور سپر مارکیٹ محمد عمران سلیم عدالت میں پیش ہوئے، سیکرٹری جنرل نے کہا کہ عدالت سے درخواست کرتا ہوں تاحیات رات 10 بجے مارکیٹیں بند کرنے کا حکم فرما دیں، ہم سکون میں آچکے ہیں اور سب دکانداروں کا اس پر اتفاق ہے۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ کے الفاظ سن کر مجھے خوشی ہوئی، ہمیں اپنا لائف سٹائل تبدیل کرنا ہو گا، لاہور میں شادیوں میں جاری ون ڈش کی خلاف وزری پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
بعدازاں عدالت نے سی سی پی او لاہور اور ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر افسران کو فوری احکامات پر عمل درآمد کروانے کی ہدایت کر دی۔

سپیکر کا اقدام غیرقانونی، حکومت کو گھر بھیجنا ملکی مفاد میں ہے: پی ٹی آئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ سپیکر کا اقدام غیرقانونی اور قابل مذمت، حکومت کو گھر بھیجنا ملکی مفاد میں ہے۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی نے ہمیں اسمبلی میں بلوایا تھا، سپیکر نے کہا تھا کہ میں ایسے استعفے منظور نہیں کر سکتا، کیا جن کے استعفے منظور کیےگئے انہیں سپیکر نے بلایا تھا؟ یہ غیر قانونی ہے، جمہوریت کے نام پر مذاق ہے۔
ان کا کہنا تھا ہم چاہتے تھے کہ ہمارے جو ایم این ایز ہیں وہ اسمبلی جائیں، ہم اندر گئے، وہاں سپیکر ہیں نہ ڈپٹی سپیکر اور سیکرٹری ہیں نہ ڈپٹی سیکرٹری، پورا عملہ غائب ہے۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کا کہنا تھا ملک ہر گزرتے دن کے ساتھ تباہی کی دلدل میں دھنستا جا رہا ہے، پاکستان کو جلد سے جلد نئے انتخابات کی طرف لے جایا جائے۔
اس موقع پر فواد چودھری کا کہنا تھا ہم ایک مجبور، لاچار پارلیمنٹ کے سامنے کھڑے ہیں، سپیکر کہتے تھے کہ 17 سے 18 لوگ ان سے رابطے میں ہیں، سپیکر سے پوچھتا ہوں کہ وہ 17 سے 18 لوگ کہاں ہیں؟
انہوں نے کہا کہ پاکستان آج بہت بڑے سیاسی اور معاشی بحران کا شکار ہے، خدشہ ہے کہ ہم سری لنکا جیسی صورتحال کی طرف بڑھ رہے ہیں، مریم نواز کے کہنے پر 2 ارکان نے استعفے نہیں دیے تھے، جو حکومت اب ہے وہ صرف 36 فیصد کی نمائندہ ہے، بند کمروں کے فیصلے ہیں جن کی وجہ سے عوام بحران کا سامنا کر رہے ہیں، ہماری 81 ایم این ایز کی نشستوں پر استعفے منظور ہو چکے ہیں، ہمیں عام انتخابات کی تاریخ دی جائے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا آج سپیکر نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ وہ کسٹوڈین آف دی ہاؤس نہیں ہیں، سپیکر نے میرے خط کے جواب میں کہا تھا کہ اجتماعی استعفے منظور نہیں کر سکتا، ہم نے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا، انہوں نے اجلاس موخر کر دیا، ہم نے اسمبلی میں آنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے مزید 35 ممبرز کے استعفے منظور کر لیے، جو باقی رہ گئے تھے ہم ان کو بھی اسمبلی لے آئے، آپ نے ہمارے 81 ارکان کو ڈی نوٹیفائی کیا، ہم باقیوں کو لائے تھے کہ ان کے استعفے بھی منظور کریں۔
وائس چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا ان کے قول و فعل میں تضاد ہے، یہ عوام کا فیصلہ نہیں چاہتے بلکہ اپنی مرضی مسلط کرنا چاہتے ہیں، جب تک ان کے کیسز موجود ہیں یہ اسمبلی کو طول دیں گے، ہم تو پنجاب میں آزمائش پر پورا اترے، آپ اپنے ممبرز کو آزمائش میں ڈالنے سے بھی کترا رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا یہ معیشت مستحکم نہیں کر سکے، دہشتگردی پھر سر اٹھا رہی ہے، ہم نئے انتخابات چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں عوام فیصلہ کریں۔

ایک اور سرپرائز،آنا واپس اسمبلی؟، عطاء تارڑ کا پی ٹی آئی کے استعفوں کی منظوری پر طنز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ نے مزید استعفوں کی منظوری پر پی ٹی آئی پر طنز کیا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے مزید 35 اراکین کے استعفے منظور کر لیے ہیں جس کے بعد تحریک انصاف کے مستعفی اراکین کی تعداد 79 ہوگئی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی اراکین کے مزید 35 استعفوں کی منظوری کو تحریک انصاف کے لیے ایک اور سرپرائز قرار دیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر جاری بیان میں عطاء اللہ تارڑ نے طنزیہ کہا کہ ادھر خان صاحب میٹنگ کر رہے تھے واپسی کی، ادھر پکی واپسی ہو گئی، آنا ہے واپس اسمبلی؟

بولان میں ریلوے ٹریک پر دھماکہ : بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں ،2مسافر زخمی

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے پنیر میں ریلوے لائن پر دھماکے سے ٹرین کی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے نتیجے میں دوافراد زخمی ہیں ۔
پولیس کے مطابق پنیر کے علاقے میں ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا ہے ، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کی سات بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں ، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو گئی ہیں۔

موجودہ حکومت نےملک کوتباہی کے دہانے پرلا کرکھڑا کردیا ہے :شیخ رشید

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکومت نےملک کوتباہی کے دہانے پرلا کرکھڑا کردیا ہے۔
سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری ایک بیان میں کہا کہ حکومت نےملک کوتباہی کے دہانے پرلا کرکھڑا کردیا ہے ، آئی ایم ایف سےنہ قسط مل رہی نہ باہر سے امداد، صرف کابینہ میں معاون خصوصی بڑھائےجارہےہیں۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوتے کہا کہ غریب پیسے دے کر آٹے کی لائن میں مر رہا ہےحالات اتنے سنگین ہوگئے ہیں کہ اللہ کے بعد سپریم کورٹ ہی ملک کو بچا سکتی ہےاور جلد الیکشن ملک میں استحکام لاسکتے ہیں۔
سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ ملک ٹیکنیکلی طورپرڈیفالٹ ہوگیا ہےصرف اعلان کرنا باقی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیزپاکستانی اس امید سے بیٹھےہیں کہ کب ان کوووٹ کاحق ملےگا ایل سی کھل نہیں رہی اور مہنگائی عروج پرہے، عنقریب اس حکومت کےخلاف ایسا زناٹےداراحتجاج ہوگا کہ سناٹاپڑجائےگا۔
شیخ رشید نے مزید کہاکہ لندن میں نوازشریف کےگھر کےباہرروزلوگ احتجاج کررہےہیں مگراس کوشرم نہیں آرہی ہے ۔

نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کیلئے اپوزیشن کا رویہ غیر سنجیدہ ہے: پرویز الٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کیلئے اپوزیشن کا رویہ غیر سنجیدہ ہے، نامزدگی پر سیاست کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ کیلئے قائم کمیٹی نے اپوزیشن کے عدم تعاون کے حوالے سے آگاہ کیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان، سینیٹر شبلی فراز، راجہ بشارت، ہاشم جواں بخت اور میاں اسلم اقبال نے اجلاس میں شرکت کی، اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے حوالے سے مشاورت اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کیلئے اپوزیشن کا رویہ غیر سنجیدہ ہے، اپوزیشن نے ایک بار پھر نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے حوالے سے معاملات کو متنازعہ بنایا ہے، اپوزیشن کا رویہ ناقابل فہم اور سیاسی ناپختگی کے مترادف ہے، نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی پر سیاست کرنے والوں کوشرم آنی چاہیے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم نے کھلے دل سے نگران وزیراعلیٰ کیلئے بہترین شخصیات کے نام دیئے، قوم دیکھ رہی ہے کہ نگران وزیراعلیٰ کے معاملے کو بلاوجہ کون طول دے رہا ہے، ہماری کمیٹی کے ممبران راجہ بشارت، میاں اسلم اقبال اور ہاشم جواں بخت سینئر سیاستدان ہیں اور سنجیدگی سے مذاکرات چاہتے ہیں، افسوس کی بات ہے کہ اپوزیشن نے ہمارے اچھے رویے کے باوجود منفی طرز عمل اپنایا۔

بارشیں برسانے والا نیا سلسلہ 21 جنوری سے ملک میں داخل ہوگا: محکمہ موسمیات

لاہور: (ویب ڈیسک) بارشیں برسانے والے نئے نظام کی آمد، نیا سلسلہ 21 جنوری سے ملک میں داخل ہونا شروع ہوجائے گا، بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کر دی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے باعث بننے والے بارشوں کے نئے نظام نے دستک دے دی، نیا نظام بلوچستان کے راستے 21 جنوری سے ملک میں داخل ہونا شروع ہوجائے گا جو ہفتے کی شام تک ملک کے بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا، نئے نظام کے تحت ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری طرف نیا نظام لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں ہلکے سے درمیانے درجے کی بارشیں برسانے کا باعث بنے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ وقفے وقفے سے 24 جنوری تک جاری رہ سکتا ہے، اِس دوران تیز ہواؤں کا سلسلہ بھی جاری رہنے کا امکان ہے جس دوران چند ایک علاقوں میں ژالہ باری بھی ممکن ہے۔
صورت حال کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی البتہ یہ بارشیں فصلوں کے لئے مفید ثابت ہوں گی۔

مبینہ بیٹی چھپانے کا معاملہ: عمران خان کو 27 جنوری تک جواب جمع کرانے کی مہلت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو کاغذات نامزدگی میں اپنی مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کا ذکر نہ کرنے پر ان کی نااہلی کی درخواست پر اپنا جواب دینے کا ایک اور موقع فراہم کر دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ساجد محمود کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔
درخواست میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے برطانیہ میں ٹیریان وائٹ کی کفالت کے انتظامات کئے لیکن اپنے کاغذات نامزدگی میں اور الیکشن لڑنے کے حلف نامے میں اس کا ذکر نہیں کیا۔
درخواست گزار کے وکیل سلمان اسلم بٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان کی جانب سے 18 نومبر 2004 کے ڈیکلیئریشن پر مشتمل اضافی دستاویز پیش کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میں نے یہ ڈیکلریشن ٹیریان جیڈ خان وائٹ کی درخواست کی حمایت میں کیا ہے جس میں اپیل کی گئی ہے کہ کیرولین وائٹ ( ٹیریان کی والدہ اینا لوئیسا سیتا وائٹ کی بہن) کو ٹیریان کا سرپرست مقرر کیا جائے۔
ڈیکلریشن میں مزید کہا گیا ہے کہ جمائما خان نے ٹائرین جیڈ کے سرپرست کے طور پر خدمات انجام دینے سے انکار کر دیا تھا اور سرپرستی کے لئے کیرولین وائٹ کا نام تجویز کیا تھا کیونکہ وہ سمجھتی تھیں کہ یہ ٹیریان کے بہترین مفاد اور خواہش کے مطابق ہے۔
عمران خان کی نمائندگی کرنے والے سلمان اکرم راجا نے عدالت میں پٹیشن کے قابل سماعت ہونے پر سوال اٹھاتے ہوئے مؤقف اپنایا ان کے موکل ایوان زیریں سے استعفیٰ دینے کے بعد اب رکن قومی اسمبلی نہیں رہے وہ اپنے مؤکل کی جانب سے بروقت جواب جمع کرانے سے قاصر ہیں کیونکہ شرط ہے کہ کیس کے دوران دستاویزات جمع کرانے سے قبل بائیو میٹرک تصدیق لازمی ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آج کل تو بائیو میٹرک ویری فکیشن بہت آسان ہے جب کہ آؤٹ لیٹس کی کوئی کمی نہیں۔
تاہم عدالت نے سلمان اکرم راجا کی درخواست منظور کرتے ہوئے مزید کارروائی 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔

خیبر پختونخوا اسمبلی : نگران وزیراعلیٰ کے ناموں پر ڈیڈ لاک برقرار

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا اسمبلی کوتحلیل ہوئے دوسرا روز ہے لیکن صوبے کا نگران وزیراعلیٰ کون ہوگا اس پر ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے ۔
خیبر پختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ پر ڈیڈ لاک ، اپوزیشن لیڈر اور وزیراعلیٰ میں دوریوں کے باعث پہلے مرحلے میں اتفاق رائے کے امکانات کافی کم ہیں جبکہ اپوزیشن لیڈر کو اے این پی کی جانب سے بھی نام دے دیئے گئےہیں ۔
زرائع کے مطابق دیگر اتحادی جماعتوں کے ساتھ اپوزیشن کی مشاورت جاری ہے، اپوزیشن لیڈر اوروزیراعلیٰ میں تاحال کوئی باضابطہ رابطہ نہیں ہوا جبکہ نگران وزیراعلیٰ کے لیے نام دینے کا آج آخری روز ہے ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کی جانب سے تاحال نام نہیں پیش کیے جاسکے ۔
خیال رہے کہ اپوزیشن لیڈر کو عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے نگران وزیراعلی کے لیے سابق ڈی جی ایف آئی اے ظفراللہ خان کا نام پیش کیا گیا ہے۔
18جنوری کو گورنر خیبر پختونخوا نے وزیراعلیٰ کی ایڈوائس پر اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کیے تھےجس کے بعد کے پی اسمبلی تحلیل ہوگئی تھی ۔