بالی ووڈ نے پاکستانی کلاسک گانے کو چوری کر کے ایک اور ‘ری میک’ بنا دیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی میوزک ادارے نے پاکستان گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کے کلاسک گانے کو چوری کر کے اس کا دوسری مرتبہ ری میک بنا دیا۔
ٹی سیریز کی جانب سے یوٹیوب پر جاری کیے گئے گانے میں نورا فتیحی اور راج کمار راؤ نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
کلاسک گانے ’اچھا صلہ دیا‘ کو لیجنڈری گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے 1992 میں گایا تھا پھر اسے 1995 میں سونو نگھم نے بالی وڈ فلم ’بے وفا صنم‘ کیلئے چوری کیا تھا۔
بالی ووڈ نے پاکستانی گانے کو نئے فنکاروں بی پراک اور جانی کے ذریعے ری میک کیا ہے۔
نئے گانے میں دیکھا جاسکتا ہے کہ راجکمار راؤ ایک کار حادثے سے بچ کر اپنے گھر لوٹتے ہیں تاکہ اپنی بے وفا محبوبہ نورا فتیحی سے انتقام لے سکیں۔

پریمیئر لیگ : مانچسٹر سٹی نے ٹوٹنہم ہاٹ پور کی ٹیم کو 2-4 سے شکست دیدی

مانچسٹر: (ویب ڈیسک) انگلش پریمیئر فٹبال لیگ میں دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی نے ٹوٹنہم ہاٹ پور کو شکست دے دی ، یہ مانچسٹر سٹی کی لیگ میں 13ویں کامیابی ہے۔
پریمیئر لیگ کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں ، ایمرٹس اتحاد سٹیڈیم، مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی اور ٹوٹنہم ہاٹ پورکی ٹیمیں مدمقابل تھیں جس میں میچ کے پہلے ہاف میں ٹوٹنہم ہاٹ پورکی ٹیم کو دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کے خلاف 0-2 گول کی برتری حاصل تھی۔
ٹوٹنہم ہاٹ پور کی طرف سے پہلا گول 44ویں منٹ میں ڈیجان کلوسیوسکی نے جبکہ 45 ویں منٹ میں ایمرسن نے سکور کیا۔
دوسرے ہاف میں دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی ٹیم نے دوسرے ہاف میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے چار گول سکور کر کے ٹوٹنہم ہاٹ پور کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔
دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی طرف سے ریاض مہریز نے دو جبکہ جولین الواریز اورایرلنگ ہالینڈ نے ایک ایک گول سکور کیا، جولین الواریز نے 51 ویں ،ایرلنگ ہالینڈ نے 53 ویں جبکہ ریاض مہریز نے بالترتیب 63 ویں اور 90 ویں منٹ میں گول سکور کیے ۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی مانچسٹر سٹی کی لیگ میں 13فتوحات ہوگئی ہیں اور مانچسٹر سٹی کی ٹیم 42 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔

اواتار 2 نے کورونا وبا کے بعد سب سے زیادہ کمائی کا ریکارڈ بنا ڈالا

نیویارک: (ویب ڈیسک) ہالی وڈ فلم اواتار دی وے آف واٹر اسپائیڈر مین نو وے ہوم کو پیچھے چھوڑ کر کورونا وائرس کی وبا کے بعد دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمانے والی فلم بن گئی ہے۔
ڈائریکٹر جیمز کیمرون کی فلم اواتار دی وے آف واٹر اب تک دنیا بھر میں 1.928 ارب ڈالرز کما چکی ہے اور اس طرح اسپائیڈر مین نو وے ہوم (1.91 ارب ڈالرز) کو پیچھے چھوڑ کر سب سے زیادہ کمانے والی چھٹی فلم بن گئی ہے جبکہ کورونا کی وبا کے بعد سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا ہے۔
اب اواتار سیریز کی دوسری فلم 2 ارب ڈالرز کے سنگ میل کی جانب بڑھ رہی ہے۔
یہ سنگ اب تک صرف 5 فلمیں ہی حاصل کرسکی ہیں جن میں اواتار (2.9 ارب ڈالرز)، ایوینجرز اینڈ گیم (2.79 ارب ڈالرز)، ٹائی ٹینک (2.2 ارب ڈالرز)، اسٹار وارز دی فورس اویکن (2.069 ارب ڈالرز) اور ایوینجرز انفٹنی وار (2.04 ارب ڈالرز) شامل ہیں۔
اگر اواتار دی وے آف واٹر 2 ارب ڈالرز کمانے میں کامیاب ہوتی ہے تو یہ کورونا وائرس کی وبا کے بعد یہ سنگ میل حاصل کرنے والی پہلی فلم ہوگی جبکہ ڈائریکٹر جیمز کیمرون کی مجموعی طور پر تیسری فلم ہوگی۔
16دسمبر 2022 کو ریلیز ہونے والی فلم اواتار دی وے آف واٹر 6 ہفتوں سے بھی کم وقت میں شمالی امریکا میں 57 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز جبکہ باقی دنیا میں 1.35 ارب ڈالرز کا بزنس کرچکی ہے۔
خیال رہے کہ اواتار کو 2009 میں ریلیز کیا گیا تھا اور اس کا دوسرا حصہ 13 سال بعد ریلیز کیا گیا۔
اواتار دی وے آف واٹر کی تیاری میں 46 کروڑ ڈالرز خرچ ہوئے اور اسے دنیا کی مہنگی ترین فلموں میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔

رینا رائے نے محسن حسن خان سے طلاق میں خود کو ذمہ دار قرار دیدیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ رینا رائے نے سابق پاکستانی کرکٹر محسن حسن خان سے طلاق میں خود کو ذمہ دار مان لیا۔
بھارتی میڈیا کو دئیےگئے ایک انٹرویو میں اپنے زمانے کی مشہور اداکارہ رینا رائے کا کہنا تھا کہ وہ خود ایڈجسٹ نہ کر سکیں، محسن خان کے لائف سٹائل میں ایڈجسٹ نہ ہو پانا ہی طلاق کی وجہ بنا ورنہ محسن خان نے تو ساتھ رہنے کی خاطر لندن شفٹ ہونے کی پیشکش بھی کی تھی۔
رینا رائے نے بتایا کہ محسن خان کا اپنی بیٹی جنت کو ساتھ رکھنےکا مقصد بھی یہ تھا کہ میں بیٹی کی خاطر اس کے ساتھ رہ لوں۔
رینا رائے نےطلاق کے بعد بیٹی کو اپنی تحویل میں لینے کے حوالے سے بتایا کہ اس کے لیے میں نے سادھوؤں اور سنتوں کا سہارا بھی لیا ہے۔
اداکارہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ محسن خان اچھے شوہر تھے اور وہ ایک اچھے باپ بھی ہیں اور وہ اپنی بیٹی کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں، باپ بیٹی کے درمیان اچھا تعلق ہے۔
رینا رائے کا کہنا تھا کہ محسن اب اپنی زندگی میں سیٹ ہیں، میں ان کی صحت اور زندگی کے لیے دعا گو ہوں۔
خیال رہے کہ 70 اور 80 کی دہائی میں رینا رائے کا شمار بالی ووڈ کی کامیاب اداکاراؤں میں ہوتا تھا، 1983 میں انہوں نے اپنے کیریئر کے عروج میں پاکستانی اوپننگ بلے باز محسن خان سے شادی کر لی تھی اور فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کر کے کراچی شفٹ ہو گئی تھیں۔
اس دوران دونوں کی ایک بیٹی پیدا ہوئی جس کا نام جنت رکھا گیا تھا تاہم بھارت واپس جانے کے بعد رینا رائے نے بیٹی کا نام صنم رکھ دیا۔
1990 میں دونوں کے درمیان طلاق ہو گئی تھی جس کے بعد رینا رائے بھارت واپس چلی گئیں اور اس کے بعد بھی انہوں نے فلموں اور ڈراموں میں کام کیا تاہم انہیں پہلی سی کامیابی نہ مل سکی۔

عمران خان کو کچھ کہوں تو ساس اور والدہ سامنے سے کھانا بھی اٹھا لیتی ہیں: صحیفہ جبار

لاہور: (ویب ڈیسک) نامور ماڈل و اداکارہ صحیفہ جبار خٹک نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی ساس اور والدہ سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بہت بڑی مداح اور سپورٹر ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں ہے البتہ میری والدہ اور ساس دونوں ہی عمران خان کی بہت بڑی مداح ہیں، وہ دونوں ان کی بہت زیادہ حمایت کرتی ہیں۔
صحیفہ جبار نے بتایا کہ اگر کبھی غلطی سے ہم میں سے کسی نے عمران خان کے خلاف کچھ کہہ دیا اور اگر سامنے کھانا پڑا ہے تو دونوں ہی اسے اٹھا کر واپس لے جاتی ہیں ۔
انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو کچھ کہنے پر ان دونوں سے لڑائی ہوجاتی ہے اور وہ لوگ لڑائی بھی ایسی کرتی ہیں کہ بدتمیزی پر آسکتی ہیں ۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے مداح ان کے خلاف کچھ نہیں سن سکتے، ان میں شدید غصہ پایا جاتا ہے ۔

امریکا نے یوکرین کیلئے مزید 2.5 ارب ڈالرز کی فوجی امداد کا اعلان کردیا

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکا کی جانب سے یوکرین کیلئے ائیر ڈیفنس اور آرمرڈ وہیکلز کی صورت میں مزید 2.5 ارب ڈالرز کی فوجی امداد کا اعلان کیا گیا ہے ۔
امریکی وزارت دفاع نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے یوکرین کیلئے 90 اسٹرائیکر آرمرڈ پرسنل کیریئرز اور 59 براڈلی فائٹنگ وہیکلز فراہم کی جائینگی ۔
روس کی جانب سے یوکرین پر جاری حملوں کے بعد اس حالیہ امدادی پیکیج میں ہائی موبیلٹی آرٹیلری راکٹ سسٹم (HIMARS) کیلئے مزید بارود، 8 اوینجر ائیر ڈیفنس سسٹم، 10 ہزار آرٹلری راؤنڈز اور 2 ہزار اینٹی آرمر راکٹ فراہم کیے جائیں گے۔
امریکی وزارت دفاع کے مطابق گزشتہ برس فروری میں روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد اب تک امریکا کی جانب سے یوکرین کو فوجی امداد کی مد میں 27.4 ارب ڈالرز امداد دی جاچکی ہے۔
خیال رہے کہ یوکرین اپنے اتحادیوں سے کئی مرتبہ مغربی ٹینک، طیارے اور طویل فاصلے تک نشانہ بنانے والے ہتھیار فراہم کرنے کا مطالبہ کرچکا ہے ۔
کچھ روز قبل روس نے جنگ کے دوران کئی ماہ کی ناکامیوں کے بعد مشرقی یوکرین میں نمک کی کان کنی والے شہر سولیدار پر قبضے کا دعویٰ کیا تھا جس میں دونوں ممالک کو کافی نقصان اٹھانا پڑا تھا ، جس کے بعد یوکرین نے اپنے اتحادیوں سے مزید ہتھیاروں کا مطالبہ کیا تھا ۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 24 فروری کو روسی صدر پوتن نے یوکرین پر حملے کا حکم دیا تھا۔

لندن : بسوں اور ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ

لندن : (ویب ڈیسک) لندن میں کونسل ٹیکس نافذ ، بسوں اور ٹرینوں کے کرایوں میں تقریبا 6 فیصد ریکارڈ اضافہ کیاگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن کے میئر صادق خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حکومت کے مطلوبہ فنڈ نہ دینے سے یہ اضافہ کرنا پڑا ہے ۔
کرایوں میں اضافے کے بعد زون 1 کے مصروف اوقات میں ٹیوب کرایوں میں 12فیصد جبکہ آف پیک کیلئے ٹیوب کرایوں میں 20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔
علاوہ ازیں ڈے ٹریول کارڈ میں زون 1-6 تک 4 پاؤنڈ کا اضافہ کیا گیا ہے، زون 1-4 کیلئے ٹیوب کرایوں میں 70 پینس اضافہ ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہفت روزہ پاس کی قیمت میں 1.40 پاؤنڈ اضافہ ہوا ہے، جبکہ لندن کے ہر گھر کے کونسل ٹیکس میں 9.7 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔
لندن میں بینڈ ڈی کے کونسل ٹیکس میں 38.55 پاؤنڈ کا اضافہ ہوا ہے۔ سٹی ہال کا کہنا ہے کہ کم عمر اور 60 سال سے زائد افراد کیلئے مفت سفر کی سہولت کو برقرار رکھا جائے گا ۔
کرایوں اور کونسل ٹیکس میں اضافے کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔

فلسطینی صدر محمود عباس سے امریکی مشیر قومی سلامتی کی ملاقات

بیت المقدس : (ویب ڈیسک) فلسطین کے صدر محمود عباس سے امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے ملاقات کی ہے جس کے دوران محمود عباس کی جانب سے یروشلم میں امریکی قونصل خانے کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی صدر نے جیک سلیوان سے ملاقات کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی حکومت کو فلسطینیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے اقدامات کے لیے دباؤ ڈالنے سے روکے۔
فلسطینی صدر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ محمود عباس نے سلیوان کو بتایا کہ اسرائیلی اتحاد کی نئی پالیسیاں خطے میں امن اور استحکام کے حصول کے باقی ماندہ امکانات کو تباہ کر رہی ہیں، امریکہ مداخلت کرے اس سے پہلے کہ ان یکطرفہ اقدامات کو روکنے میں بہت دیر ہو جائے۔
عباس نے سلیوان پر زور دیا کہ امریکہ اسرائیل پر روزانہ قتل اور فلسطینی شہروں اور قصبوں میں دراندازی کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالے۔
عباس نے سلیوان سے یروشلم میں امریکی قونصل خانے کو بحال کرنے کا بھی مطالبہ کیا جو مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے ساتھ امریکی تعلقات کی نگرانی کرتا ہے۔
علاوہ ازیں امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر نے جمعرات کے روز اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے بھی ملاقات کی۔

یوکرین کو اسلحہ کی فراہمی عالمی سلامتی کیلئے خطر ناک ہے : روس کا انتباہ

ماسکو : (ویب ڈیسک) روس نے خبردار کیا ہے کہ اگر نیٹو بھاری ہتھیاروں جیسا کہ جنگی ٹینک اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل سسٹم یوکرین کو مہیا کرتا ہے تو یہ انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے اور اس اقدام سے عالمی اور پین یورپی سلامتی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعرات کو کریملن کی طرف سے یہ احتیاطی بیان ایک اہم ڈونر میٹنگ سے قبل سامنے آیا جب مغربی ممالک یوکرین کو مزید طاقتور فوجی سازوسامان بھیجنے پر غور کر رہے ہیں اور روسی افواج علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے حملے تیز کر رہی ہیں۔
کریملن نے مغرب پر دباؤ ڈالا کہ وہ یوکرین کو روسی افواج اور علاقے پر حملہ کرنے کے قابل بھاری ہتھیار نہ دیں۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ تنازعہ کو بالکل نئی سطح پر لایا جائے جو کہ یقیناً عالمی اور پین یورپی سیکورٹی کے نقطہ نظر سے اچھا نہیں ہوگا، یہ ممکنہ طور پر انتہائی خطرناک ہے۔
پیسکوف نے کہا کہ اگر یوکرین روس یا جزیرہ نما کریمیا کو نشانہ بنانے کے لیے مغربی ممالک سے فراہم کردہ ہتھیاروں کا استعمال کرتا ہے تو روس جوابی کارروائی کرے گا۔

فرانس : پنشن منصوبے کیخلاف مارچ ، 10 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت

پیرس : (ویب ڈیسک) فرانسیسی حکومت کی جانب سے ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کے منصوبے کے خلاف ملک گیر ہڑتال اور مارچ میں 10 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی جبکہ ٹرین سروس معطل اور کئی پرائمری سکول دن بھر بند رہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی صدر ایمینوئل میکرون کے ریٹائرمنٹ کی عمر کو دو سال سے بڑھا کر 64 سال تک کرنے کے منصوبے کے خلاف جمعرات کو ہونے والی ملک گیر ہڑتال اور مارچ میں 10 لاکھ سے زائد لوگوں نے حصہ لیا جبکہ ٹرانسپورٹ، سکول اور ریفائنریز کے شعبوں میں بھی ہڑتال کی گئی۔
وزارت داخلہ نے کہا کہ جمعرات کو ملک بھر میں 1.12 ملین افراد نے احتجاج کیا، پیرس میں ہونے والی سب سے بڑی ریلی میں 80,000 افراد نے حصہ لیا جبکہ ٹریڈ یونینوں کا کہنا ہے کہ یہ تعداد اس سے بھی زیادہ ہے۔
پولیس نے بتایا کہ پیرس مارچ سے پہلے 15 اور اس کے دوران مزید 15 افراد کو غیر قانونی ہتھیار لے جانے یا پروجیکٹائل پھینکنے جیسے جرائم کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
آپریٹرز کے مطابق پورے فرانس میں مقامی اور علاقائی ٹرین سروس تقریباً ٹھپ ہو گئی اور پیرس سمیت دیگر شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ بہت متاثر تھی، کئی پرائمری سکول دن بھر بند رہے۔
حکام کا اندازہ ہے کہ 40 فیصد پرائمری اساتذہ اور 30 فیصد سے زیادہ سیکنڈری اساتذہ نے ہڑتال کی، پبلک سروس ریڈیو اور ٹیلی ویژن میں بھی خلل پڑا اور کچھ تھیٹر اور عجائب گھر بند ہو گئے، کچھ ریفائنری کی ترسیل کو روک دیا گیا اور توانائی کی پیداوار کم ہو گئی۔