سندھ ہائیکورٹ کا شہریوں کی گمشدگی پر فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے شہریوں کی گمشدگی پر فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں جسٹس نعمت اللہ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔
جسٹس نعمت اللہ نے شہریوں کی گمشدگی پر فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جس علاقے سے شہری لاپتہ ہوں متعلقہ تھانے میں فوری مقدمہ درج کیا جائے۔
عدالت نے ایس ایچ او شاہ لطیف کو حکم دیا کہ لاپتہ شہری میر علی حیدر کی گمشدگی کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کی جائیں۔
سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ شہری حیدر علی کی فوری بازیابی کا حکم دے دیا جبکہ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ لاپتہ شہری منظور احمد گھر واپس آ گیا ہے۔
وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا گمشدگی کے دوران منطور احمد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے، عدالت نے سٹیل ٹاؤن سے لاپتہ ہونے والے شہری منظور احمد کی گمشدگی کی درخواست نمٹا دی۔

ملکی حالات ٹھیک کرنا ہماری ذمہ داری، پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، نواز شریف

لندن: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی حالات کو ٹھیک کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ہم پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کی 4 سالہ حکومت کا موازنہ ہمارے ساتھ نہ کیا جائے، ملک کے خراب ہوتے ہوئے حالات ٹھیک کریں گے۔
قائد مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 4 سال قوم کے ساتھ گھناؤنا مذاق کیا، اس کے دور کی نسبت ہمارے دور میں لوگ خوشحال تھے۔

جان کو خطرہ،چھپ کر بیٹھنے کے بجائے انتخابی مہم کیلئے سڑکوں پر نکلوں گا: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قبل ازوقت الیکشن نہ کرائے گئے تو پاکستان کی معیشت سری لنکا کی طرح دیوالیہ پن کا شکار ہو جائے گی۔
غیر ملکی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جان کو خطرہ ہے مگر چھپ کر بیٹھنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، انتخابات کا سال ہے، انتخابی مہم چلائیں گے، ہر صورت عوام کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں گے، عوامی ریلیوں میں بلٹ پروف سکرین لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت اور اس کے ساتھ اتحادی چاہتے ہیں مجھے کسی طرح سے نا اہل قرار دیا جائے، نا اہلی کے لئے مخالفین اپنی تمام قوت کا استعمال کر رہے ہیں لیکن ایسا کوئی کیس نہیں جہاں انہیں نا اہل کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ’اس وقت اتنا سیاسی عدم استحکام ہے کہ معاشی استحکام ناممکن ہو چکا ہے جبکہ دوسرا بڑا خطرہ بڑھتی ہوئی شدت پسندی سے ہے، پاکستان میں معاشی استحکام صرف اور صرف صاف اور شفاف الیکشن کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سویلین حکومت کے پاس اگر ذمہ داری ہے تو اختیار بھی ان کے پاس ہی ہونا چاہیے، اگر ذمہ داری جمہوری حکومت کی ہو اور اختیار فوج کے پاس رہے تو کوئی سسٹم نہیں چل سکتا۔

پہلی مرتبہ امریکی کرکٹ ٹیم پاکستان کی لیگ فرنچائز سے سیریز کھیلنے کیلئے تیار

لاہور: (ویب ڈیسک) امریکی مائنر لیگ کرکٹ کی ٹیم ’ہیوسٹن ہریکینز‘ کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف تین ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلے گی۔ ذرائع کے مطابق امریکی مائنر لیگ کرکٹ کے سنٹرل ڈویژن میں کھیلنے والی ہیوسٹن ہریکینز کے دورہ پاکستان کا نظر ثانی شدہ پروگرام جاری کردیا گیا۔ مہمان ٹیم پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف نیشنل سٹیڈیم کراچی میں تین ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلے گی۔ سیریز کا پہلا میچ 27 جنوری کو کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 28 جنوری جبکہ تیسرا اور آخری مقابلہ 29 جنوری کو ہو گا، یہ پہلا موقع ہو گا جب ریاست ہائے متحدہ امریکا کی کوئی ٹیم لیگ کی کسی فرنچائز سے مقابلہ کرے گی۔

امپورٹڈ حکومت کو اپریل میں جنرل الیکشن کیلئے مجبور کر دینگے: مسرت جمشید

لاہور: (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان تحریک انصاف مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت مسلسل الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اب یہ شوشہ چھوڑ رہے ہیں کہ اسمبلیوں کی مدت بڑھائی جاسکتی ہے جو کہ سراسرغیر آئینی ہے، ہم انہیں اپریل میں جنرل الیکشن کے لئے مجبور کر دیں گے۔ رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ 9 ماہ میں کرپشن مقدمات ختم کرنے کے علاوہ اس ٹولے نے کچھ نہیں کیا۔

کراچی : جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندے حلف اٹھانے سے قبل ہی متحرک

کراچی: (ویب ڈیسک) بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے کامیاب ہونے والے نمائندے حلف اٹھانے سے پہلے ہی حرکت میں آگئے۔ جناح ٹاؤن اور ملیر میں جماعت اسلامی کے نمائندے اسامہ اور سعد اپنی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے متحرک ہوگئے، گلیوں میں تعمیراتی کام کے دوران گیس لائن پھٹنے کا نوٹس لے لیا۔ کامیاب نمائندوں کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کے لوگ منتخب ہوچکے ہیں اب چائنا کٹنگ نہیں ہوگی، صفائی کا عملہ گلیوں میں نظر آئیگا، آوارہ کتوں کا بھی فوری بندوبست کیا جائے گا۔

مریم نواز 29 جنوری کو پاکستان واپس آئیں گی:ن لیگی ذرائع

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کی لندن سے پاکستان واپسی کا پروگرام طے پا گیا، ن لیگ کی سینئر نائب صدر 29 جنوری کو پاکستان واپس آئیں گی۔ ن لیگی ذرائع کے مطابق مریم نواز غیرملکی ایئرلائن سے 28 جنوری کوہیتھرو ایئرپورٹ سے روانہ ہوں گی اور29 جنوری بروز اتوار شام 4 بجے لاہور پہنچیں گی جبکہ انکے ہمراہ فیملی کے چند افراد بھی لاہور پہنچیں گے۔ مریم نواز لندن میں 4 ماہ تک قیام کے بعد وطن واپس پہنچ رہی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مقرر ہونے کے بعد وطن واپسی پر وہ سیاسی طور پر متحرک نظر آئیں گی۔

کورونا کے مزید 21 کیسز رپورٹ، 9 مریضوں کی حالت نازک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3 ہزار 627 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 ہزار 627 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 21 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.58 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 09 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

چین کے آئس پارک میں فیصل مسجد کا برف سے بنا مجسمہ توجہ کا مرکز

ہربن: (ویب ڈیسک) چین کے مشہور آئس تھیم پارک ( آئس فیسٹیول) میں پاکستان کی فیصل مسجد کا برف سے بنا مجسمہ توجہ کا مرکز بن گیا۔
چین کے سرد ترین شہر ہربن میں17 دسمبر سے آئس تھیم کھولا دیاگیا تھا، یہ بڑے پیمانے پر برف اور برف کے مجسموں کا دنیا کا مقبول ترین تھیم پارک ہے، یہ 8 لاکھ 10 ہزار مربع میٹر پر محیط ہے، اس میں سیاحوں کے لیے 100 سے زیادہ برف سے بنی پرکشش عمارتیں ،مجسمے ، سلائیڈز اور تفریحی کے لیے کافی چیزیں موجود ہیں ۔
رپورٹس کے مطابق اس آئس پارک میں تقریباً 8 تفریحی مقامات بھی ہیں جہاں شہریوں کا داخلہ بالکل مفت ہے۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی اس آئس فیسٹیول میں برف سے بنی عمارتیں جہاں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں وہیں رواں سال اس میں پاکستان کی مشہور فیصل مسجد کا برف سے بنا مجمسہ بھی شہریوں کے دلوں میں گھر کر کررہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس برف سے بنے مسجدکے مجسمے کی تیاری میں 2 ہزار 300 مکعب میٹرز برف استعمال کی گئی ہے۔
اس مجسمے کو خوبصورت رنگوں کی روشنیوں سے سجایا گیا ہےجس کے سامنے بڑی تعدادمیں شہری تصاویر بھی بنارہے ہیں۔
واضح رہے کہ ی آئس فیسٹیول ہر سال دسمبر سے فروری کے آخر تک جاری رہتا ہے، جہاں پوری دنیا سے سیاح سیر کرنے پہنچتے ہیں۔

لبنان کی پارلیمنٹ 11 ویں بار بھی صدر کا انتخاب کرنے میں ناکام

بیروت: (ویب ڈیسک) عرب ملک لبنان کی پارلیمان 11 ویں بار بھی نئے صدر کے انتخاب میں ناکام ہوگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان میں صدر کے انتخاب کیلئے 11 ویں بار پولنگ لبنانی پارلیمنٹ میں ہوئی جہاں صدارتی امیدوار مائیکل مواعد کو 34 ووٹ ملے لیکن ووٹنگ میں حصہ لینے والے 37 ارکان نے بیلٹ پیپرز خالی لوٹا دیے۔
صدارتی امیدوار عیسام خلیفے کو سات، زیادہ برعود کو دو اور ایڈورڈ حنین کو صرف ایک ووٹ ملا،اکتوبر 2022 میں اس وقت کے صدر مائیکل عون کے مستعفی ہونے کے بعد ملک میں ایک نگران حکومت تشکیل پائی تھی۔
لبنان بدترین معاشی بحران سے گزر رہا ہے اور نگران حکومت کو اس کے حل کا ٹاسک دیا گیا تھا۔
لبنان نے اپریل 2022 میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاشی اصلاحات اور اینٹی کرپشن اقدامات کے وعدوں کے ساتھ معاہدہ کیا تھا تاہم آئی ایم ایف کی جانب سے لبنان کی پالیسیوں پر گاہے تنقید کی جاتی ہے۔
2019 میں ملک کے معاشی سسٹم کے بیٹھ جانے کے بعد اس کی کرنسی اپنی 95 فیصد قدر کھو چکی ہے ، جمعرات کو لبنانی پاؤنڈ کی قیمت مزید گری اور ایک امریکی ڈالر کے مقابلے میں 50 ہزار پر آگئی۔