افتخار احمد کی بنگلادیش پریمیئر لیگ میں دھواں دار سنچری

ڈھاکا: (ویب ڈیسک) پاکستانی بیٹر افتخار احمد نے بنگلادیش پریمیئر لیگ( بی پی ایل) میں دھواں دار سنچری اسکور کر ڈالی۔
بنگلادیش میں جاری ٹی ٹوئنٹی لیگ بی پی ایل میں افتخار احمد نے فارچون باریشل کی نمائندگی کرتے ہوئے رنگپور رائیڈرز کے خلاف 45 گیندوں پر برق رفتار سنچری مکمل کی۔
ان کی اننگز میں 9 چھکے 6 چوکے شامل تھے،یہ افتخار کی ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی پہلی سنچری ہے۔
فارچون باریشل نے رنگپور رائیڈرز کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 4وکٹ پر 238رنز بنائے، افتخار 100 اور شکیب الحسن 89 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

لندن میں نواز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کا اہم اجلاس، سیاسی صورتحال پر غور

لندن: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے پنجاب کے عام انتخابات کیلئے ن لیگی امیدواروں کی فہرست پارٹی سربراہ نواز شریف کے سامنے پیش کردی۔
پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے، اس سلسلے میں برطانوی دارالحکومت لندن میں ن لیگ کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب کی صورتحال پر اعلی سطح اجلاس ہوا۔
اجلاس میں پنجاب میں آہندہ انتخابات میں پارٹی امیدواروں پر غور کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ راناثنااللہ اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی شریک تھیں۔
رانا ثناءاللہ نے پارٹی قائد کو ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تفصلات سے آگاہ کیا اور پنجاب کے عام انتخابات کیلئے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی فہرست میاں نواز شریف کے سامنے رکھی۔
اجلاس کے دوران امیداوروں کے بیک گراونڈ اور وننگ کینیڈیت پر غور کیا گیا، اس دوران رانا ثناء اللہ اور مریم اورنگزیب نے پنجاب میں اتحادی جماعتوں سے مشاورت اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر آگاہ کیا۔
اجلاس میں نواز شریف اور مریم نواز کی ناموں کی منظوری کے بعد پارٹی کو گو ہیڈ دیا جائے گا، پنجاب میں انتخابی مہم کی قیادت مریم نواز شریف اور حمزہ شہباز شریف کریں گے۔

لاہور ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو شہباز گل کو گرفتار کرنے سے روک دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی جانب سے حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروائی گئی درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ اسلام آباد جانا ہے خدشہ ہے کہ ایف آئی اے گرفتار کر لے گی، حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔
جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے شہباز گل کو فوری پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کی 24 جنوری تک حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کی۔
عدالت نے ایف آئی اے کو شہباز گل کے خلاف درج مقدمات کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ پی ٹی آئی رہنما 24 جنوری تک متعلقہ عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں، واضح رہے شہباز گل کو اداروں کیخلاف بیان بازی کرنے پر کیسز کا سامنا ہے۔

عمران خان سے ڈاکٹر شہزاد وسیم کی ملاقات، سینیٹ کے معاملات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال ہوا، ڈاکٹر شہزاد وسیم نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو سینیٹ سے متعلق امور پر بریفنگ دی، چیئرمین پی ٹی آئی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کو پارلیمانی امور سے متعلق ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
واضح رہے عمران خان کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کیخلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے بعد پی ڈی ایم جماعتوں میں ہلچل دیکھنے میں آئی ہے اس حوالے سے حکومت نے پی ٹی آئی کے زیر التواء 35 ارکان کے استعفے منظور کیے ہیں۔

فافن نے سندھ بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کی رپورٹ جاری کر دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پریذائیڈنگ افسران کی جانب سے تیار فارم 11 میں کئی طرح کی خامیاں دیکھنے میں آئیں، فافن نے سندھ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے رپورٹ جاری کر دی۔
فافن کی رپورٹ کے مطابق موصول فارم 11 پر پولنگ سٹیشنز کا نام، رجسٹرڈ مرد اور خواتین ووٹرز کی الگ الگ تعداد درج نہ تھی، اس کے علاوہ پریذائیڈنگ افسران کے دستخط سمیت اہم معلومات بھی درج نہیں کی گئی تھیں، دھاندلی کے الزامات کے باوجود کراچی ڈویژن کے عبوری نتائج دو دن کے اندرموصول ہو گئے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ حیدر آباد ڈویژن کے مجموعی نتائج کا ابھی بھی انتظار ہے، الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق مجموعی انتخابی نتائج کی تیاری کیلئے 4 دن مختص کیے گئے تھے، غیر یقینی صورتحال کے باوجود ٹھٹھہ ڈویژن اور ملیر کے اضلاع میں ووٹرز کی ایک نمایاں تعداد نے ووٹ کاسٹ کیا۔
کراچی، حیدر آباد اور کیماڑی کے اضلاع میں ووٹر ٹرن آؤٹ نسبتاً کم رہا، حیدرآباد میں 40، کراچی میں ملیر کے علاوہ ٹرن آؤٹ 20 فیصد سے بھی کم رہا، انتخابات کے پہلے مرحلے کے مقابلے میں حالیہ ووٹنگ کا عمل زیادہ منظم رہا، پولنگ سٹیشنوں پر تلخ کلامی کے 14 واقعات رپورٹ ہوئے۔

لاہور کے ماحولیاتی نمونہ میں پولیو وائرس کی تصدیق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سال 2023 میں پولیو کا پہلا ماحولیاتی نمونہ مثبت آگیا، پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے ماحولیاتی نمونہ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق رواں برس لاہور کے ماحولیاتی نمونہ میں پہلا وائرس پایا گیا ہے جس سے لاہور میں پولیو وائرس کا خطرہ برقرار ہے۔
وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ سال کی پہلی قومی مہم کامیابی سے جاری ہے، حکومت انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لئے پُرعزم ہے، والدین کے تعاون سے مطلوبہ ہدف حاصل کر لیں گے۔

اعصام الحق قریشی کا آسٹریلین اوپن ٹینس مینز ڈبلز میں فاتحانہ آغاز

میلبورن: (ویب ڈیسک) پاکستان کے نامور ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی اور ان کے سربین جوڑی دار نکولا کیچک نے آسٹریلین اوپن ٹینس مینز ڈبلز میں فاتحانہ آغاز کردیا۔
قومی ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی رواں سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے مردوں کے ڈبلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔
فاتح جوڑی نے مینز ڈبلز کے ابتدائی میچ میں فرانسسکو کیبرال اور ان کے ہم وطن جوڑی دار جاؤ سوساپر مشتمل پرتگال کی جوڑی کو شکست دی ۔
انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف )کے زیر اہتمام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 111 واں ایڈیشنآسٹریلیا کے مشہور شہر میلبورن میں جاری ہے ۔
اعصام الحق قریشی اور ان کے سربین جوڑی دار نکولا کیچک نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف فرانسسکو کیبرال اور ان کے ہم وطن جوڑی دار جائو سوساپر مشتمل پرتگال کی جوڑی کو 6-4، 3-6 اور 4-6 سے شکست دے کر نہ صرف میگا ایونٹ میں مینز ڈبلز کا فاتحانہ آگاز کیا۔
دوسرے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ میکسیکو کے سینٹیاگو گونزالیز ٹورے اور ان کے فرانسیسی جوڑی دار ایڈورڈ راجر سے ہوگا۔

انڈر 19 ویمن ورلڈ کپ: پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی

جوہانسبرگ: (ویب ڈیسک) انڈر 19 ویمن ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹ سے شکست دے دی۔
قومی ویمن انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ میں جاری انڈر 19 ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ میں زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر گروپ بی میں دوسری جیت اپنے نام کرلی۔
زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لئے 98 رنز کا ہدف دیا قومی بولر انوشہ ناصر نے 2 کھلاڑیوں جبکہ عریشہ اور لائبہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں قومی اوپنرز شوال ذوالفقار اور ایمن فاطمہ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 11 ویں اوور میں مطلوبہ ہدف بغیر کوئی وکٹ کے گوائے حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سےایمن فاطمہ نے شاندار نصف سنچری بنائی اور 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔

سندھ میں سینیٹ نشست، نثار کھوڑو کی بلا مقابلہ کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان

کراچی: (ویب ڈیسک) سینیٹ کی سندھ میں خالی نشست پر ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو کے علاوہ کوئی امیدوار نہیں، پیپلز پارٹی کے امیدوار کی بلامقابلہ کامیابی کا نو ٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے۔
سینیٹ نشست کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے علاوہ کسی نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے تھے، پیپلز پارٹی کے3 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جن میں نثارکھوڑو ،عاجز دھامرہ اور سرفراز راجڑ شامل تھے۔
عاجز دھامرہ پہلے ہی کاغذات نامزدگی واپس لے چکے تھے، آج سرفراز راجڑ نے بھی کاغذات واپس لے لیے۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ سینیٹ کا ٹکٹ دینے پر پارٹی قیادت کا مشکور ہوں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کو مینڈیٹ ملا ہے، اسے سب کو تسلیم کرنا چاہیے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سب کے مینڈیٹ کا احترام کیا ہے، پیپلز پارٹی کے کراچی سے اب بھی پانچ ایم این ایز ہیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصل واوڈا کیس سے متعلق فیصلہ کے بعد سینیٹ کی نشست خالی ہوگئی تھی۔

محکمہ موسمیات نے 21 جنوری سے بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی

لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات اسلام آباد نے ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی، 21 جنوری سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ بالائی علاقوں کو لپیٹ میں لے گا۔
محکمہ موسمیات اسلام آباد کے مطابق خطہ پوٹھوہار سمیت بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے، لاہور، سیالکوٹ، گجرات، ساہیوال سمیت پنجاب کے مختلف حصوں میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ مری، گلیات، کشمیر، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان میں پہاڑوں پر درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے، شدید برفباری سے سڑکیں بند اور گاڑیوں کی آمد ورفت میں خلل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ 21 جنوری سے 25 جنوری تک جاری رہے گا، بارش و برفباری کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہو گی۔
دوسری جانب وادی نیلم میں 4 روز کے وقفے کے بعد دوبارہ برفباری شروع ہو گئی، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، شدید سردی کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، محکمہ موسمیات کی جانب سے اگلے 4 دن وادی نیلم میں برفباری جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔