پاکستان روس کا مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان روس کے بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس کے دوسرے روز مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی، دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کر لیا۔
روس توانائی کے شعبہ میں پاکستان کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کا خواہاں ہے، ورکنگ گروپس توانائی، تیل و گیس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امور دیکھیں گے۔
اسلام آباد میں جاری مذاکرات میں روسی وفد کی قیادت بھی روس کے وزیر توانائی کر رہے ہیں، مذاکرات کے دوران کسٹم، صنعت، تعلیم سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی تعاون پر غور کیا گیا، مواصلات ،پوسٹل سروس اور ریلوے کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی بات چیت ہوئی۔
دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات میں توانائی، تیل و گیس، زراعت، مالیات، تجارت، سرمایہ کاری پر بات چیت ہوئی، روسی وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان سائنس و ٹیکنالوجی اور تحقیق کے شعبے میں ہمارے تجربے سے فائدہ اٹھائے۔

شہباز گل نے حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ایف آئی اے کی جانب سے گرفتاری سے بچنے کیلئے شہباز گل نے حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے درخواست میں استدعا کی کہ اسلام آباد جانا ہے خدشہ ہے کہ ایف آئی اے گرفتار کر لے گی، عدالت حفاظتی ضمانت منظور کرے، لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے شہباز گل کو فوری پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو قومی اداروں کے خلاف تضحیک آمیز بیان کیس کا سامنا ہے، اس کے قبل سندھ ہائی کورٹ بھی انہیں گرفتار کرنے سے روک چکی ہے، عدالت نے آئی جی سندھ و دیگر کو 12جنوری کیلئے نوٹس جاری کیے تھے۔

گھڑی گھڑی کا شور مچانے والے توشہ خانہ ریکارڈ عدالت کو دینے سے بھاگ گئے، فیاض چوہان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ جنہوں نے گھڑی گھڑی کا شور مچایا ہوا تھا وہ توشہ خانہ کا ریکارڈ عدالت کو دینے سے بھاگ گئے۔
فیاض چوہان نے کہا کہ ان چوروں کو پتا تھا ان کا کچا چٹھا کھل کر عوام کے سامنے آ جائے گا، ان لوگوں نے پچھلے 9 ماہ سے بڑی ڈھٹائی سے توشہ خانہ کی رٹ لگائی ہوئی تھی۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جنہوں نے عمران خان کی عزت تار تار کرنے کی کوشش کی ان کی اپنی دو نمبریاں کھل کر سامنے آ گئی ہیں۔

سلامتی کونسل فلسطین میں اسرائیل کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف کارروائی کرے، پاکستان

اقوام متحدہ: (ویب ڈیسک) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پرزور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی حکام کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مسجد اقصیٰ میں مسلسل اشتعال انگیزی کو روکنے کے لیےفوری اور بھرپور عزم کے ساتھ کارروائی کرے اور بین الاقوامی قوانین اور مشرق وسطی تنازعات پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے 15 رکنی سلامتی کونسل میں مشرق وسطی کی صورتحال پر بحث کے دوران کہا کہ دو ریاستی حل ہی اسرائیل فلسطین تنازع کا واحد حل ہے، انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی قیادت میں انتہائی دائیں بازو کی حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی قیادت میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کو دو ریاستی حل کی راہ میں رکاوٹ بننے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کے ذہن میں یہ سوال نہیں ہے کہ مقبوضہ فلسطینی سرزمین میں اسرائیلی یہودی بستیوں کے لیے فلسطینیوں کی زمینوں اور جائیدادوں پر قبضے، معصوم فلسطینی بچوں، خواتین اور نوجوانوں کے خلاف تشدد، غزہ کی ناکہ بندی اور بیت المقدس میں مسجد اقصی کی بے حرمتی جیسے اسرائیلی قیادت کے اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں اور انسانی ہمدردی کے قانون سمیت بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔
سلامتی کونسل کا یہ اجلاس پاکستان سمیت 90 سے زائد ممالک کے اس بیان پر دستخط کے تناظر میں منعقد ہوا، جس میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد کے بعد فلسطینی عوام، قیادت اور سول سوسائٹی کے خلاف اسرائیل کے اشتعال انگیز اقدامات پر “گہری تشویش” کا اظہار کیا گیا۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ وہ فلسطین پر اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کے خلاف عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) کی قانونی رائے کے منتظر ہیں، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ بین الاقوامی عدالت انصاف کی رائے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کے جرائم کے لیے جوابدہی کا باعث بنے گی، انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوراناسرائیلی کارروائیوں میں بڑی تعداد میں فلسطینی مارے گئے۔
انہوں نے اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ سمیت اسلامی اور عیسائی مقامات مقدسہ کے خلاف جاری جارحیت اور اشتعال انگیزی پر تشویش کا اظہار کیا، پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی کے مسجد اقصیٰ کے دورے کی شدید مذمت کرتا ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ مسجد اقصیٰ ایک مقدس مقام ہے جس کا احترام اور تعظیم دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں میں ہے، چودہ صدیوں سے مسلمان مسجد اقصیٰ کے محافظ رہے ہیں اور اس کی حرمت کی خلاف ورزی پوری دنیا کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرتی ہے جو دنیا اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں پہلے سے کشیدہ صورتحال کو ہوا دے رہی ہے جس سے علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسجد اقصیٰ کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کے اسرائیلی اقدامات اور کوششوں کو مسترد کرتا ہے اور مسجد اقصیٰ کی حیثیت کوجوں کا توں برقرار رکھنے اور مقبوضہ فلسطینی علاقے میں دیگر تمام مقدس مقامات کے مکمل احترام اور بین الاقوامی قانون پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتا ہے۔
پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا کہ اسرائیلی قبضہ برقرار رہنے سے فلسطینی سرزمین پر امن نہیں آئے گا، چاہے وہ اسرائیل کے ہاتھوں بے دخل ہو جائیں، فلسطینیوں کی ہر آنے والی نسل اپنی آزادی اور بنیادی حقوق حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

نیب ترامیم سے آصف زرداری کو بھی ریلیف مل گیا، جعلی اکاؤنٹس کا ریفرنس واپس بھجوا دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے نیب قوانین میں کی گئی ترمیم کا سابق صدر آصف زرداری کو بھی بڑا ریلیف مل گیا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج رانا ناصر جاوید نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس پر محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے ریفرنس نیب کو واپس بھجوا دیا، اس کے علاوہ جعلی اکاؤنٹس کا ریفرنس میں بھی دائر اختیار میں نہ آنے پر عدالت کی جانب سے واپس بھجوایا دیا گیا۔
واضح رہے سابق صدر آصف زرداری نے نیب میں ترامیم کے بعد منی لانڈرنگ ریفرنس واپس بھیجنے کی درخواست دائر کر دی تھی، کیس کی آج سماعت ہوئی جس میں ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک اور نیب پراسیکیوٹر پیش ہوئے۔
آصف زرداری اور فریال تالپور کی ریفرنس واپس بھیجنے کی درخواستوں پر وکیل فاروق نائیک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری پر ریفرنس میں 30 ملین کا الزم ہے، نیب اب تک یہ الزام بھی ثابت نہیں کر سکا، گورنر سٹیٹ بینک نے بھی یہ کیس نیب کو نہیں بھیجا تھا۔
دلائل میں کہا گیا کہ نئے نیب قانون کے تحت ریفرنس بھی عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، لہٰذا احتساب عدالت قانون کے مطابق ریفرنس واپس بھیجے، احتساب عدالت کے جج رانا ناصر جاوید نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
دریں اثنا احتساب عدالت اسلام آباد میں پارک لین ریفرنس کی بھی سماعت ہوئی جس میں جج رانا ناصر جاوید کے روبرو سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک اور نیب پراسیکیوٹر پیش ہوئے۔
دوران سماعت آصف زرداری سمیت دیگر ملزمان کی جانب سے ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں پیش کی گئیں جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر دلائل دینے کا حکم دیتے ہوئے مزید کارروائی کیے لیے سماعت 25 جنوری تک ملتوی کر دی۔

منی لانڈرنگ کیس، سلیمان شہباز ایف آئی اے کے سامنے پیش

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کے سامنے پیش ہو گئے۔
سلیمان شہباز نے منی لانڈرنگ کیس میں اپنا جواب جمع کروا دیا، ایف آئی اے لاہور کی جانب سے انہیں 9 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ دیا گیا تھا، وزیر اعظم کے صاحبزادے کے خلاف رمضان شوگر ملز کے بے نامی اکاؤنٹس پر مقدمہ درج ہے۔
سلیمان شہباز نے کئی سال تک بیرون ملک رہنے کی وجہ سے کیس کی پیروی نہیں کی تاہم گزشتہ ماہ وطن واپس آنے کے بعد وہ کیس میں شامل تفتیش ہو چکے ہیں، سلیمان شہباز منی لانڈرنگ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت پر ہیں۔

بھارت میں پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے 3 بچوں سمیت 6 افراد ہلاک

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں پتنگ بازی کے سالانہ میلے کے دوران پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے 3 بچوں سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی بھارتی ریاست گجرات میں اترائین تہوار کے موقع پر پتنگ بازی کا مقابلہ ہوتا ہے۔ بورتالاو پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایک 2 سالہ بچی کی گردن پر پتنگ کی ڈور پھرنے اس وقت ہلاکت ہوئی جب وہ والد کے ہمراہ اسکوٹر پر سوار تھی۔
حکام نے بتایا کہ بچی کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی۔ پتنگ بازی کے دوران گرنے اور زخم لگنے کے 176 واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ پتنگ کی ڈور پر کلاس کا پاوڈر لگانے پر 2016 سے پابندی ہے لیکن لیکن ناقدین کا کہنا کہ اسے شاذ و نادر ہی نافذ کیا جاتا ہے۔
ایک اور 3 سالہ لڑکیوِس نگر شہر میں اپنی ماں کے ساتھ گھر جا رہی تھی کہ ایک پتنگ کی ڈور اس کی گردن پر پھر گئی۔ وِس نگر پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اسے ہسپتال لے جایا گیا لیکن پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ دیا۔
علاوہ ازیں اجی ڈیم پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ 7 سالہ ریشبھ ورمااپنے والدین کے ساتھ اسکوٹر پر سوار تھااور راجکوٹ میں پتنگ کی ڈور کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا۔

بھارت میں ہندوانتہاپسندوں نے مسلمانوں کے گھروں اور دکانوں کو آگ لگا دی

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں ہندو انتہاپسندوں نے مسلمانوں کے گھروں اور دکانوں کو جلا ڈالا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ہندو انتہاپسندوں کے مسلمانوں کی دکانوں کو آگ لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں ہندو انتہاپسندوں نے سوشل میڈیا پر مسلمانوں کے نام سے جعلی اکاؤنٹس بنائے۔ ان اکاؤنٹس پر ہندوؤں کے خلاف نفرت پر مبنی نعرے اور مواد شئیر کیا گیا۔
پوسٹس سامنے آنے پر ہندو انتہا پسندوں نے مسلمانوں کے گھروں اور دکانوں پر حملے کیے اور لوٹ مار کے بعد آگ لگا دی۔ آتشزدگی سے مسلمانوں کی دکانیں اور مکمل طورپر جل کر راکھ ہوگئے۔ سوشل میڈیا پر ویڈیوز سامنے آنے کے باوجود پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی اور نہ ہی آگ لگانے والوں میں سے کسی کو گرفتار کیا گیا ہے۔

کم وقت میں لیگو سے دنیا کا نقشہ بنانے کا گینیز ورلڈ ریکارڈ

اگسٹا: (ویب ڈیسک) امریکا کے ایک 13 سالہ لڑکے نے کم وقت میں لیگو سے دنیا کا نقشہ بنانے کا گینیز ورلڈ ریکارڈ بنا لیا۔
امریکی ریاست مین سے تعلق رکھنے والے کُوپر رائٹ نے 9 گھنٹے 14 منٹ اور 49 سیکنڈوں میں 11 ہزار 695 لیگو کے ٹکڑے جوڑ کر نقشہ بنایا۔
کُوپر رائٹ کا کہنا تھا کہ وہ 3 یا 4 سال کی عمر سے لیگو برکس سےکھیل رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ طے کیا تھا کہ وہ گینیز ورلڈ ریکارڈ کے لیے 12 گھنٹے سے کم وقت میں لیگو ورلڈ میپ بنانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کوشش کرتے وقت وہ کافی نروس تھے۔ ان کا خیال تھا وہ یہ ریکارڈ نہیں بنا پائیں گے اس ہی لیے وہ گھڑی کی جانب بھی نہیں دیکھ رہے تھے۔
بالآخر کُوپر نے یہ کارنامہ 9 گھنٹے 14 منٹ اور 49 سیکنڈوں میں انجام دیا جو ورلڈ ریکارڈ نام کرنے کےلیے کافی تھا۔

دبئی کے ساحل پر سینکڑوں فن پارے بنانے والا فنکار

دبئی: (ویب ڈیسک) فلپائن کے غیر معمولی ریت فنکار دبئی کے ساحلوں پر اب تک سینکڑوں فن پارے بنا چکے ہیں اور اب بھی ان کا یہی معمول ہے۔
سب سے پہلے 2014 میں انہوں نے دبئی میں جمیرا ساحل پر اپنی دادی کی یاد میں ایک بہت بڑا درخت بنایا تھا اور اس کے بعد وہ کل 1900 تصاویر بنا چکے ہیں جو چند گھنٹوں میں ہوا اور ریت سے دھندلا جاتے ہیں۔
پھر جنوری 2022 میں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے تمام بڑے لیڈروں کا مٹی پر پورٹریٹ بنایا تھا جو ریت پر بنایا جانے والا سب سے بڑا پورٹریٹ بھی تھا جو 23000 مربع میٹر وسیع تھا، اسے بنانے کے لیے خصوصاً 150 ٹرک بھر کے مٹی ڈالی گئی تھی۔
اب وہ بین الاقوامی برانڈ کے لیے بھی اشتہار والی تصاویر بناتے ہیں اور یہاں تک کہ وہ اب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام لکھوا چکے ہیں، نیتھا نیال باغ میں گھاس جمع کرنے والی پنجہ نما جھاڑو کام کرتا ہے جسے ریک کہا جاتا ہے۔
اب وہ ہر روز صبح بیدار ہو کر ساحل کے پاس جاتے ہیں اور وہاں اپنا واحد برش نما آہنی ریک اٹھا کر ریت کا کینوس بنا لیتے ہیں، ان کے بقول یہ ان کے لیے صبح کی سرگرمی جیسا ہی کام ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ باغیچے کا ریک مختلف زاویوں پر گھما کر حسبِ خواہش تصاویر بنائی جا سکتی ہیں، اس طرح صحرا ہو یا ساحل ہو وہاں تصاویر بنائی جا سکتی ہیں، ان کا بنایا ہوا ایک خاکہ اوسطاً 20 میٹر طویل ہوتا ہے اور اس میں ایک سے لے کر کئی گھنٹے تک لگ سکتے ہیں۔
دوسری جانب انگریزی یا عربی کے پیغامات 100 میٹر طویل بھی ہوسکتے ہیں، سال 2015 میں دبئی کے ساحل پر واقع ایک ہوٹل نے انہیں کل وقتی ملازمت کی پیشکش کی تھی جس کے بعد انہوں نے بہت زیادہ تصاویر اور خاکے بنائے، اس طرح نیتھانیال اب تک 1900 کے قریب خاکے بنا چکے ہیں۔