نگران وزیراعلیٰ کا تقرر: پی ٹی آئی، ن لیگی پارلیمانی کمیٹی کے درمیان پہلا رابطہ

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی کمیٹی کے اراکین کے درمیان پہلا رابطہ ہوا ہے۔
مسلم لیگ ن کے ملک احمد خان نے پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی کے رکن کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ آج شام تک لاہور پہنچ جاؤں گا۔
ملک احمد خان نے کہا کہ اگر آج جلدی لاہور پہنچ گیا تو آج ہی ورنہ کل صبح تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی سے مذاکرات ہوں گے۔
ادھر تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کے اراکین بدستور پنجاب اسمبلی میں موجود ہیں، پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے رکن راجہ بشارت نے ملک احمد خان سے رابطے کی تصدیق کی ہے۔
راجہ بشارت نے بتایا کہ ملک احمد خان نے آج لاہور پہنچنے کی اطلاع دی ہے، جب تک ن لیگی کمیٹی سے بات نہ ہو کچھ بھی بتانے کی پوزیشن میں نہیں ہوں۔

اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید دو فلسطینی شہید

غزہ : (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج کے فلسطینیوں پر مظالم جاری ، مقبوضہ مغربی کنارے اسرائیلی فوج نے مزید دو فلسطینی شہریوں کو شہید کردیا ہے ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 17 روز میں اب تک قابض فوج سترہ فلسطینیوں کو شہید کرچکی ہے، فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مغربی کنارے جنین میں دو فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے ۔
خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں شہدا کی شناخت 57 سالہ جواد فرید اور 28 سالہ محمد بسیم کے نام سے ہوئی ہے۔
اسرائیلی فوجیوں نے دونوں نہتے فلسطینیوں کو سینے میں گو لیاں مار کر شہید کیا۔

انتخابات وقت پر ہوتے نظر نہیں آرہے: مونس کو پارٹی سے نکالنے کا ارادہ نہیں: شجاعت

گجرات: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم اور صدر مسلم لیگ (ق) چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عام انتخابات بھی وقت پر ہوتے نظر نہیں آ رہے، فوری انتخابات کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
اپنے ایک بیان میں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ تمام جماعتیں معاشی بحالی کے ون پوائنٹ ایجنڈے پرمل بیٹھ کر فیصلے کریں، معاشی بحالی کی مشترکہ کانفرنس کی سربراہی چیف جسٹس آف پاکستان کریں۔
انہوں نے کہا کہ مونس الہٰی کو ق لیگ سے نکالنے کا ارادہ نہیں ہے، شوکاز نوٹسز صرف ان کےغلط اقدام کو روکنے کے لئے دیے ہیں، چاہتا ہوں کہ پرویزالہیٰ مسلم لیگ ق میں ہی رہیں، میرے اور پرویز الہیٰ کے درمیان سارا معاملہ ایم پی ایز کے متعلق خط سے خراب ہوا، مجھے پرویزالہیٰ نے بہت کہا کہ خط واپس لے لیں لیکن میں نے کہا یہ ناممکن ہے۔
چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ بات اس حد تک پہنچ گئی کہ گھر کے اندر تقسیم کے لئے ایک دیوار بنا لی جائے، میں نے کہا ایسی دیوار تو نہیں بننے دوں گا، دیوار بنانےکا مقصد عمران خان کو یقین دلانا تھا کہ ہم علیحدہ ہیں۔

سعودی عرب کا غیر مشروط مالی امداد نہ دینے کا عندیہ

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے مستقبل میں بغیر کسی شرط کے مالی امداد نہ دینے کا عندیہ دے دیا۔
ورلڈ اکنامک فورم میں خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے وزیرِ خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ بیرونی ممالک کو امداد دینے کے طریقے کو تبدیل کر رہے ہیں ، پہلے سعودی عرب بغیر کسی شرط کے براہ راست گرانٹس اور ڈپازٹس دیتا ہے لیکن اب دوست ممالک کو اصلاحات کرنے پر زور دیا جائے گا۔
محمد الجدعان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب امریکی ڈالر کے علاوہ دوسری کرنسیوں میں تجارت کرنے کے لیے بات چیت کو تیار ہے ، ہم اپنے لوگوں پر ٹیکس لگا رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ دوسرے بھی ایسا ہی کریں ۔
سعودی عرب کے وزیرِ خزانہ نے مزید کہا کہ ہم مدد کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ دوست ممالک اپنے طورپر بھی کام کریں ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر اوردیگر خلیجی ممالک براہ راست مالی امداد کے بجائے سرمایہ کاری پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب تمام ممالک سے بین الاقوامی تعاون بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔

امریکی ماڈل کم کارڈیشن نے لیڈی ڈیانا کا پہنا ہوا مہنگا ترین لاکٹ خرید لیا

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی ماڈل اور سوشل میڈیا سٹار کم کارڈیشن نے لیڈی ڈیانا کا پہنا ہوا خوبصورت اور مہنگا ترین لاکٹ خرید لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کم کارڈیشن نےنیلم اور ہیرے سے جڑا ہوا لیڈی ڈیانا کا ’’عطا اللہ لاکٹ‘ ‘ خرید لیا جو کہ ڈیانا کو کئی مرتبہ خصوصی تقریبات میں پہنے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
یہ لاکٹ قیمتی اشیاء فروخت کرنے والی کمپنی سوتھبی کی جانب سے نیلام کیا گیا ہے جس کو کم کارڈیشن کے ترجمان نے ماڈل کے کہنے پر خریدا ہے۔
سوتھبی کے مطابق کم کارڈیشن نے لیڈی ڈیانا کے اس قیمتی لاکٹ کو 163,800 پاؤنڈز یعنی 202,300 امریکی ڈالر میں خریدا ہے۔
سوتھبی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لیڈی ڈیانا کے زیر ملکیت یا پہننے والے زیورات بہت کم مارکیٹ میں آتے ہیں، خاص طور پر عطاء اللہ کراس جیسا لاکٹ جو بہت رنگین، خوبصورت اور خاص ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کم کارڈیشن نے میٹ گالا میں ہیروں سے جڑا ہوا لباس پہنا تھا جو ہالی ووڈ کی سب سے پہلی سپر سٹار مارلن منرو نے 1962 میں اس وقت کے صدر جان ایف کینیڈی کی سالگرہ کے موقع پر پہنا تھا۔

مارول فلموں کی 4 سال بعد چین میں واپسی

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں مارول فلموں کی 4 سال بعد واپسی ہو گئی، فلمی شائقین کی جانب سے جشن منا کر استقبال کیا گیا ہے۔
ڈزنی کی کمپنی Marvel Entertainment کی جانب سے چین کے سنیما گھروں میں واپسی ہو رہی ہے،Black Panther: Wakanda Forever 7فروری کو جبکہ 17 فروری کو Ant-Man and the Wasp: Quantumania ریلیز کئے جانے کا اعلان کیا گیا۔
فلمی شائقین نے ناصرف اس اعلان کا خیر مقدم کیا ہے بلکہ ملکی سنیما گھروں میں مارول فلموں کی واپسی کا جشن بھی منایا۔
واضح رہے کہ چین میں غیر ملکی فلموں کی ریلیز پر کنٹرول کیلئے سالانہ کوٹہ لگایا جاتا ہے، جولائی 2019ء میں Spider-Man: Far from Home کی ریلیز کے بعد سے مارول فرنچائزز کی فلموں کو سلور اسکرین پر بلاک کردیا گیا تھا۔
تاہم فلم ایڈمنسٹریشن کی جانب سے مارول فلموں کی پابندی کے حوالے سے کوئی وضاحت پیش نہیں کی گئی۔

سعودی عرب :سٹار فٹبالرز میسی اور رونالڈو آج مدمقابل آئیں گے

ریاض: (ویب ڈیسک) پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ارجنٹینا کو عالمی چیمپئین بنوانے والے لیونل میسی آج سعودی عرب میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) اور سعودی آل سٹار الیون کے درمیان نمائشی میچ آج 19 جنوری کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔
کرسٹیانو رونالڈو کی قیادت میں سعودی آل اسٹار الیون میں النصر اور الہلال کلب کے کھلاڑی شامل ہوں گے، یہ میچ کنگ فہد اسٹیڈیم ریاض میں کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب سعودی عرب میں ہونے والے اس میچ کی تمام ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں ، ٹکٹ کی پہلی بولی تاجر عبد العزیز بغلف نے ٹکٹ کی 30 لاکھ ریال کی بولی لگائی تھی ، جس کے بعد متعدد تاجروں نے ٹکٹ کی قیمت کو 10 ملین ریال یعنی (ایک کروڑ ریال) تک پہنچا دیا۔
میچ کی انتظامیہ کے مطابق اس ٹکٹ سے حاصل ہونے والی تمام رقم خیراتی ادارے کو عطیہ کی جائے گی۔

ویمن فٹبال ٹورنامنٹ: سعودی عرب اور پاکستان کی ٹیمیں آج مدمقابل

ریاض : (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں جاری چار ملکی ویمن فٹبال ٹورنامنٹ میں آج پاکستان اور سعودی عرب کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ میچ سعودی عرب کے ساحلی شہر الخبر سٹی کے سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
موریشس سے میچ ہارنے کے بعد پاکستانی ویمن ٹیم اپنے آخری دوستانہ میچ میں سعودی عرب کے خلاف مضبوط کم بیک کرنے کیلئے پرامید ہے ۔
ٹورنامنٹ میں سعودی عرب دونوں میچ جیت کر ٹاپ پوزیشن پر ہے جبکہ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں کوموروس کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی تھی تاہم قومی ٹیم اپنے دوسرے میچ میں موریشس کو ہرانے میں ناکام رہی تھی ۔
خیال رہے کہ چار ملکی دوستانہ فٹ بال ٹورنامنٹ گزشتہ ہفتے سے پرنس سعود بن جلاوی سٹیڈیم میں شروع ہوا تھا، سعودی عرب کی طرف سے اس ٹورنامنٹ کی نگرانی و میزبانی فیفا کی طرف سے پہلی سعودی فٹبال ریفری بننے کا اعزاز پانے والی انود الاسماری کر رہی ہیں۔
سال 2020 میں مملکت میں قومی ویمنز لیگ شروع ہونے کے بعد سے یہ پہلا ایونٹ ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب 2026 میں ہونیوالے ویمن ایشین کپ کی میزبانی کا خواہشمند ہے۔

ڈولفن سکواڈ کی کارروائی ، دو رکنی ڈکیت گینگ گرفتار

لاہور : (ویب ڈیسک) کینٹ کے علاقے میں ڈولفن سکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی ڈکیت گینگ گرفتار کرلیا۔
ترجمان ڈولفن پولیس کے مطابق ڈولفن سکواڈ نے کارروائی کے دوران ڈکیت گینگ کے دو ملزم گلزار اور بلال کو حراست میں لیا ہے ، ملزمان شہری سے موبائل فون چھین کر فرار ہو رہے تھے، ڈولفن سکواڈ نے پیچھا کرتے ہوئے دونوں کو گرفتار کرلیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان سے موبائل فون اور ایک عدد موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے، ڈولفن سکواڈ نے ملزمان کو تھانہ نارتھ کینٹ کے حوالے کردیا ہے۔

آسٹریلین اوپن ٹینس مینز ڈبلز ابتدائی راؤنڈ ، اعصام الحق کل ایکشن میں نظرآئینگے

میلبورن : (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی اور ان کے سربین جوڑی دارنکولا کیچک رواں سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز کے ابتدائی میچ میں کل (جمعہ) کو ایکشن میں نظر آئیں گے ۔
انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن آئی ٹی ایف کے زیر اہتمام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 111 واں ایڈیشن آسٹریلیا کے مشہور شہر میلبورن میں جاری ہے ۔
پاکستان کے نامور ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی اور ان کے سربین جوڑی دار نکولا کیچک آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز کے ابتدائی میچ میں میدان میں اتریں گے ۔
اعصام کا ومبلڈن اوپن ٹینس مینز ڈبلز کے ابتدائی میچ میں مقابلہ فرانسسکو کیبرال اور ان کے ہم وطن جوڑی دار جائو سوساپر مشتمل پرتگال کی جوڑی سے ہوگا۔