نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کا مستعفی ہونے کا اعلان

کرائسٹ چرچ: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے پارٹی کے سالانہ اجلاس کے دوران آئندہ ماہ وزارت عظمیٰ کے منصب سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جیسنڈا آرڈرن نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے ماہ 7 فروری کو نیوزی لینڈ کی وزات عظمیٰ اور لیبر پارٹی کی رہنما کے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گی ۔
42 سالہ آرڈرن نے کہا کہ انہوں نے گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران اپنے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کر لیا تھا، وہ سمجھتی تھیں کہ ہم وہ تلاش کرلیں گے جو معاملات چلانے کیلئے ضروری ہے لیکن بدقسمتی سے وہ تلاش نہیں کر پائیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں میرا اپنی پوزیشن پر کام جاری رکھنا نیوزی لینڈ کے حق میں ضرر رساں ہو سکتا ہے، ہمیں ایک نئی قیادت کی ضرورت ہے۔
جیسنڈا آرڈرن 2017 میں 37 سال کی عمر میں وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد دنیا کی سب سے کم عمر خاتون سربراہ بنیں، انہوں نے کوویڈ 19 ، کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر دہشت گردانہ حملے سمیت دیگر بڑے چیلنجز کے دوران نیوزی لینڈ کی قیادت کی۔
آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانی نے آرڈرن کو ذہانت، طاقت اور ہمدردی کی رہنما کے طور پر خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ” جیسنڈا نیوزی لینڈ کے لیے ایک زبردست وکیل رہی ہیں، بہت سے لوگوں کے لیے ایک تحریک اور میرے لیے ایک بہترین دوست “۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم کے طور پر آرڈن کی مدت 7 فروری کے بعد ختم ہو جائے گی، لیکن وہ اس سال کے آخر میں ہونے والے انتخابات تک رکن پارلیمنٹ کے طور پر برقرار رہیں گی۔

پاکستان کو بہتر معاشی پوزیشن پر دیکھنا چاہتے ہیں: امریکا

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکا کا کہنا ہے کہ پاکستان کے معاشی چیلنج سے واقف ہیں، ہم پاکستان کو بہتر معاشی پوزیشن پر دیکھنا چاہتے ہیں ۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان عالمی اقتصادی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے، جہاں تک ممکن ہوا پاکستان کی مدد کریں گے۔
نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تکنیکی نکات پر بات چیت ہوتی ہے، وزارت خارجہ ، خزانہ، وائٹ ہاؤس اور دیگر بھی پاکستان کی میکرو اکنامک نکات استحکام پر بات کرتے ہیں۔
امریکا کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی بینک نے پاکستان کیلئے ایک ارب دس کروڑ ڈالر کے قرضوں کی منظوری آئندہ مالی سال تک موخر کر دی ہے۔

عمران خان پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے کی مہم چلا رہا ہے: رانا ثناء اللہ

 لندن: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ( ن ) کے رہنماء رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے کی مہم چلا رہا ہے، عمران خان کی گرفتاری ہونی چاہیے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاسی صورتحال اہم ہے، نواز شریف نے مشاورت کیلئے مجھے لندن طلب کیا ہے، ن لیگ کا صدر ہوں، استعفیٰ طلب کیا تو نواز شریف کو دے دوں گا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کا پارلیمنٹ آنے کا مقصد گند کرنا ہے، اس کی سیاست کا مقصد سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے، جس طرح اس نے چوری کی ہے اس پر اسکی گرفتاری ہونی چاہیے۔ ن لیگی رہنما نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں کام کرنے کیلئے تیار ہوں، انکی وطن واپسی کا فیصلہ ہو چکا ہے جس کے بعد نوازشریف آئیں گے، نواز شریف کا وطن واپسی پر استقبال فقید المثال ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی، پنجاب کا اگلا وزیر اعلیٰ مسلم لیگ ( ن ) سے ہوگا، صحافی شاہد اسلم کو گرفتاری کے بعد سہولتیں دی گئی ہیں۔

عمران خان کی نئے آرمی چیف سے روابط کی تردید، اپریل میں انتخابات کی پیش گوئی

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ملک کی نئی عسکری قیادت سے روابط کی تردید کی ہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں اگلے عام انتخابات اپریل 2023 میں ہوں گے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے سربراہ پی ٹی آئی نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت الیکشن کے ذریعے نہیں ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے اقتدار میں آئی، اتحادی حکمرانوں نے خود کو قانون سے بالاتر رکھا اور اقتدار میں آکر اپنے خلاف کرپشن کے مقدمات ختم کردیئے، نیب قوانین میں ترمیم کے بعد شہباز شریف، نواز شریف، آصف زرداری اور مریم نواز کے خلاف کرپشن کے مقدمات بند کر دیے گئے ہیں۔ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کوئی بھی سرمایہ کار یا تاجر موجودہ حکومت پر اعتماد نہیں کرتا اور نہ ہی غیر ملکی سرمایہ کار ، ہمارے چار ارب ڈالر کے ذخائر رہ گئے ہیں، چیزیں مہنگی ہو رہی ہیں، بے روزگاری ہے، فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں ، پاکستان ایک دلدل میں دھنس چکا ہے، ملک کو سری لنکا جیسی صورتحال سے بچانے کے لیے ہمیں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی ضرورت ہے۔ عمران خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے پورا زور لگایا کہ پرویز الٰہی ن لیگ کے وزیر اعلیٰ بن جائیں لیکن پرویز الٰہی نے ہم سے وفاداری نبھائی اور ہمیں وفاداری واپس دینی تھی، ق لیگ جلد پی ٹی آئی کا حصہ بن جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج تک کون سا سیاسی رہنما آیا ہے جو اپنی حکومت گرا دیتا ہے، صاف اور شفاف الیکشن کے لیے ہم نے اپنی دو حکومتیں گرائی ہیں، پیشگوئی ہے جو کچھ بھی ہو حکومت اپریل میں الیکشن کرانے پر مجبور ہو جائے گی۔

متعدد فوجی شکستوں کے باوجود یوکرین میں فتح یقینی ہے:پیوٹن

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ کوئی شک نہیں کہ ماسکو تقریباً ایک سال سے جاری جارحیت میں فوجی ناکامیوں کے باوجود یوکرین میں فتح یاب ہو گا اور میںاس کی گارنٹی دیتا ہوں۔
روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے اپنے آباہی شہر سینٹ پیٹرزبرگ کے دورہ کے دوران ایک فیکٹری میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روسی عوام کا اتحاد اور یکجہتی، ہمارے فوجیوں کی ہمت اور بہادری اور فوجی صنعتی شعبے کا کام فتح کو یقینی بنائے گا۔
انہوں نے گزشتہ سال فروری میں یوکرین میں فوج بھیجی تھی اور ستمبر میں مغرب نواز ملک میں ماسکو کی افواج کو آگے بڑھانے کے لیے فوج متحرک کرنے کا اعلان کیا تھا۔
روسی صدر کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب سوویت افواج کے لینن گراڈ کا محاصرہ توڑنے کی 80 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی فن لینڈ کے ہم منصب پیکا ہاوسٹو سے ملاقات

ڈیوس: (ویب ڈیسک) پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے فن لینڈ کے وزیر خارجہ پیکا ہاوسٹو سے ڈیوس، سوئٹزر لینڈ میں ملاقات کی۔
پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور فن لینڈ کے وزیر خارجہ پیکا ہاوسٹو سے ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ملاقات کی، دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے جنیوا کانفرنس میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر فن لینڈ کے وزیر خارجہ پیکا ہاوسٹو کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان تجارت، توانائی اور تعلیم میں تعلقات کو مزید بڑھانے کا عزم کا اعادہ کیا۔

متحدہ عرب امارات نے 2 ارب ڈالر ڈیپازٹس رول اوور کر دیئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے 2 ارب ڈالر ڈیپازٹس رول اوور کر دیئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ یو اے ای کے دوران 2 ارب ڈالر رول اوور کرنے کا کہا تھا، اسحاق ڈار نے پاکستان متحدہ عرب امارات دوستی زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔

لکسمبرگ کے وزیر اعظم کو پاکستانی آم بھاگئے، بلاول کے ہمراہ پیغام بھی جاری کیا

ڈیووس: (ویب ڈیسک) پاکستانی آموں کو پوری دنیا میں پسند کیا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ اب لکسمبرگ کے وزیر اعظم کو بھی پاکستانی آموں سے پیار ہوگیا۔
ہوا کچھ یوں کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں لکسمبرگ کے وزیر اعظم زیویر بیٹل سے ملاقات کی اس دوران انہوں نے ان سے پاکستانی آموں کے حوالے سے پوچھا۔
بلاول نے سوشل میڈیا پر لکسمبرگ کے وزیر اعظم کے ساتھ ایک ویڈیوجاری کی جس میں بلاول نے ان سے پوچھا کہ کچھ عرصے پہلے پاکستانی آم لکسمبرگ بھیجے تھے ، وزیراعظم آپ پاکستانی آموں کے بارے میں کیا کہیں گے؟
بلاول کے سوال پر لکسمبرگ کے وزیر اعظم نے کہا کہ آپ کو اس کا جواب پہلے سے معلوم ہے، وہ آم بہترین تھے، کافی پسند آئے ۔
زیویر بیٹل نے کہا کہ بلاول مجھے لکسمبرگ میں ان آموں کا سفیر بنانا چاہتے ہیں، انہوں نے آم بھیجنے پر بلاول کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اگلی بار بھی آم بھیجے جائیں گے۔

حلف اٹھانے سے قبل گلی، محلوں میں عوام کا شکریہ ادا کرنے جائینگے، حافظ نعیم الرحمان

کراچی: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی شہر کی سب سے بڑی جماعت ہے، حلف اٹھانے سے قبل گلی، محلوں میں عوام کا شکریہ ادا کرنے جائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نشستوں اور ووٹوں کے اعتبار سے جماعت اسلامی شہر کی سب سے بڑی جماعت ہے، جماعت اسلامی مسائل کے حل کے لیے عوامی رابطہ مہم شروع کر رہی ہے، ہم حلف اٹھانے سے قبل گلی، محلوں میں عوام کا شکریہ ادا کرنے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جمعہ 20 جنوری کو سراج الحق کراچی آ رہے ہیں، جمعہ 20 جنوری کو یوم تشکر منائیں گے، جماعت اسلامی ہی کراچی میں اپنا مئیر لائے گی۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی شہر میں اسی طرح خدمت کرے گی جیسے نعمت اللہ خان نے کی تھی۔

بلاول بھٹو زرداری کی سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات

جنیوا: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات کی۔
پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات کی توثیق کرتے ہیں، اپنے بھائی شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات کر کے بے حد خوشی ہوئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی دیرینہ حمایت کرنے پر سعودی عرب کے ساتھ اظہار تشکر کیا، اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔